مولانا عبدالقوی گرفتاری - تانڈور میں کل جماعتی مذمتی جلسہ عام - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-04-05

مولانا عبدالقوی گرفتاری - تانڈور میں کل جماعتی مذمتی جلسہ عام

maulana-abdulqavi-tandur
دین کی تبلیغ کے راستے میں مشکلات اور پریشانیوں کا علماء اکرام نے ہمیشہ ہی ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے اور باطل طبقہ کو ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا ہے
مولانا عبدالقوی صاحب کی گرفتاری ایک منصوبہ بند سازش ، گرفتاری غیر قانونی، فوری غیر مشروط رہائی کا مطالبہ
تانڈور میں گرفتاری کے خلاف کل جماعتی مذمتی جلسہ عام سے تمام مسالک کے ذمہ داران اور علماء اکرام کا خطاب

مولانا مفتی محمد عبداللہ اظہر قاسمی نائب صدر اتحادالعلماء والحفاظ نے اپنے خطاب میں کہا کہ امت محمدیہ نے کبھی ظلم کے آگے گھٹنے نہیں ٹیکے اور مسلمانوں نے ہمیشہ خیر کی دعوت دی ہے اور دین حق کو لوگوں تک رواداری، حکمت اور تدبر کے ساتھ پہنچانے کا کام مکمل ذمہ داری کے ساتھ انجام دیا ہے وہ آج یہاں گجرات پولیس کی جانب سے مہتمم ادارہ اشرف العلوم حیدرآبادمولانا محمد عبدالقوی صاحب کی گرفتاری کو غیر قانونی اور سازش قرار دیتے ہوئے بعد نمازِ جمعہ صمد فنکشن پیالیس میں منعقدہ کل جماعتی مذمتی جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے انہوں نے کہا کہ دین کی تبلیغ کے راستے میں مشکلات اور پریشانیوں کا علماء اکرام نے ہمیشہ ہی ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے اور باطل طبقہ کو ہمیشہ ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا ہے انہوں نے مولانا محمد عبدالقوی کوایک پاک وصاف اور شفاف قابل تقلید کردار کے حامل عالم دین قرار دیتے ہوئے کہاکہ ان کی مرہون منت ہیکہ آج تانڈور کے بشمول ملک کے کونے کونے میں ان کے شاگردان اور حفاظ اکرام دین کی خدمت میں مصروف ہیں اور ایسے عالم دین کو دہشت گردی کے الزام میں گرفتار کر کے اپنی تنگ ذہنی اور نچلی سوچ کا مظاہرہ کیا گیا ہے مولانا مفتی محمد عبداللہ اظہر قاسمی نے دوٹوک لفظوں میں حقیقت کو آشکار کرتے ہوئے کہا کہ مسلمانان ہند پر آزادی کے بعد سے ظلم ڈھائے گئے اورمختلف طریقوں سے انہیں ہراساں و پریشان کرتے ہوئے آزمائشوں میں مبتلاء کیا گیا لیکن تاریخ شاہد ہیکہ کبھی بھی کوئی ایک بھی مسلمان اپنے مذہب اور عقیدہ سے ٹس سے مس نہیں ہوا اور یہی بات اسلام اور مسلمانوں کے دشمنوں کو ہضم نہیں ہورہی ہے اس جلسہ سے تمام مسالک سے وابستہ ذمہ داران اور علمائے اکرام نے خطاب کرتے ہوئے اس گرفتاری کی شدید مذمت کی اس جلسہ سے صدر مسلم ویلفیر اسوسی ایشن تانڈور محمد خورشید حسین ، محمد خواجہ ناظم جماعت اسلامی ہند ضلع رنگاریڈی نے مولانا عبدالقوی صاحب کی گرفتاری کی مذمت کی اور فوری باعزت طریقہ سے رہائی کا مطالبہ کیااور کہاکہ مولانا کی گرفتاری سے مسلم طبقہ سخت تشویش میں مبتلاء ہے اس کل جماعتی مذمتی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے عبدالہادی شہری صدر مجلس اتحاد المسلمین تانڈور نے تاسف کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس ملک میں علما ء اکرام اور بے قصور مسلم نوجوانوں کی گرفتاری کے پس پشت ایک سازشی ذہن کار فرما ہے اور ان معاملات میں گجرات حکومت کے ساتھ ساتھ مرکزی حکومت بھی برابر کی ذمہ دار ہے جو خود کو سیکولر قرار دیتی آ ئی ہے انہوں نے سخت لفظوں میں اپنے خطاب میں کہا کہ علماء کو دہشت گرد قرار دیکر ان پر بدنماء داغ لگایا جارہا ہے اور مسلمانوں کی شبیہ کو متاثر کرنے کی ناکام کوشش کی جارہی ہے جس کی مجلس اتحادالمسلمین مذمت کرتی ہے عبدالہادی شہری نے صدر مجلس جناب اسد الدین اویسی سے اظہار تشکر کیا کہ انہوں نے مولانا عبدالقوی صاحب کی قانونی امداد کے لئے ایک ماہرین قانون کی ٹیم کو اسی دن گجرات روانہ کردیا ۔مولانا عبدالجبار سبیل خطیب مدینہ مسجد نے اس مذمتی جلسہ عام سے اپنے خطاب میں کہا کہ بے قصور مسلمانوں کی گرفتاری ایک ظلم ہے اور مولانا عبدالقوی صاحب کی گرفتاری ظلم کی انتہا ہے کیونکہ علماء اکرام دین کے وارث ہیں ۔
امیر مقامی جمعیت اہلحدیث مولانا عبدالمجیب خان عمری نے اپنے خطاب میں مولانا عبدالقوی صاحب کی گرفتاری کو ملک کے سیکولرازم اورمرکزی حکومت کی پالیسی کے خلاف قراردیااور کہا کہ یہ ملک کی جمہوریت کے لئے بدنماء داغ ہے انہوں نے یاد دلایا کہ ملک کی آزادی کے لئے علماء اکرام اور حفاظ نے بھی اپنے جانوں کی قربانیاں دی ہیں۔نمائندہ تبلیغی جماعت تانڈورمحمد الیاس بھائی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مولانا عبدالقوی صاحب ایک صاف و شفاف کردار کے مالک ہیں ا ور انہوں نے کبھی بھی اپنی تقاریر یا اپنی تصانیف میں کوئی ملک دشمن بات نا کہی ہے اور نا ہی تحریر کی ہے پھر کیا وجہ ہیکہ مولانا کو سنگین الزام کے تحت غیر قانونی طور پر گرفتار کیا گیا ہے۔امام جامع مسجد عبدالرشید برکاتی نے خطاب کرتے ہوئے مولانا عبدالقوی صاحب کی گرفتاری کی مذمت کی اور فوری باعزت طریقہ سے رہائی کا مطالبہ کیا امیر مقامی جماعت اسلامی ہند محمد سراج صمدانی نے خطاب کرتے ہوئے مولانا عبدالقوی صاحب کی گرفتاری کوملک کے مسلمانوں کے لئے ایک سانحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ چند سیاسی جماعتیں اپنی سیاسی ساکھ اورحقیر مفاد کی خاطرعلماء کو نشانہ بنارہی ہیں انہوں نے حکومت وقت سے پرزور مطالبہ کیا کہ مولانا عبدالقوی صاحب کو فوری رہاء کرتے ہوئے مسلمانوں سے معافی مانگے صدر عیدگاہ وقبرستان کمیٹی محمد یوسف خان نے اس مذمتی جلسہ سے اپنے خطاب میں کہا کہ علماء اور مسلم نوجوانوں کی گرفتاری امت کے لئے ایک چیلنج ہے انہوں نے کہا کہ جب سے دنیا وجود میں آئی ہے حق اور باطل کے درمیان جنگ جاری ہے اور مولانا عبدالقوی صاحب کی گرفتاری اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے
جلسہ کی نظامت کے فرائض سید کمال اطہر جنرل سیکریٹری مسلم ویلفیر اسوسی ایشن نے انجام دئے اور حافظ مولانا محمد شکیل احمد کی دعاء پر جلسہ کا اختتام ہوا جس میں بڑی تعداد میں حاضرین شریک تھے ۔ بعدازاں تحصیلدار تانڈور رویندر نے بذات خود جلسہ گاہ پہنچ کر ان مسلم قائدین سے یادداشت حاصل کی اور تیقن دیا کہ وہ مسلمانوں کے احساسات سے حکومت کو واقف کروائیں گے ۔

Arrest of Maulana Abdul Qavi, protest meeting at Tandur

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں