(اعتماد نیوز)
ریاست کی تقسیم کیلئے مقرر کردہ نشانہ 2جون سے قبل ریاست میں موجود تمام وقف جائیدادوں کا مکمل آن لائن ڈیٹا تیار کرنے کیلئے بڑے پیمانے پر کام شروع کردیا گیا ہے۔ وقف جائیدادوں کے کمپیوٹرائزیشن کے کام میں جہاں تیزی پیدا کردی گئی ہے وہیں اندرون دو ماہ تمام وقف جائیدادوں کے دستاویزات کی تفصیلات پر مشتمل ڈیجٹیلائزیشن کو بھی مکمل کرنے تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔ اسپیشل آفیسر ریاستی وقف بورڈ شیخ محمد اقبال آئی پی ایس نے ڈپٹی کلکٹر رینک کی خاتون عہدیدارکو اس کام کیلئے ذمہ داری حوالے کردی ہے۔ اوقافی عہدیداروں کے اشتراک کے ساتھ یہ وہ کام کررہی ہیں۔ ریاست کی تقسیم سے متعلق اثاثہ جات‘ جائیدادیں‘ فائلیں‘ ملازمین وغیرہ کی تقسیم کے کاموں میں سرعت پیدا کرتے ہوئے جاریہ ماہ کی 15تاریخ تک اس عمل کی تکمیل کی ہدایت دی گئی ہے۔ اسپیشل آفیسر وقف بورڈ نے بتایاکہ حکومت کے پرنسپال سکریٹری شمشیر سنگھ راوت نے آج ایک اجلاس طلب کرتے ہوئے دفتر میں دیگر امور کو بعد میں انجام دینے اور پہلے تقسیم کے عمل کو مکمل کرنے کی ہدایت دی ہے۔ شیخ محمد اقبال نے بتایا کہ آنے والے حکومتوں کیلئے تمام جائیدادوں کے دستاویزات صرف ایک بٹن دبانے پر دستیاب ہوں‘ اس طرح کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ جہاں وقف جائیدادوں کو مستحکم کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں وہیں وقف جائیدادوں کو نقصان پہنچانے‘ غلط استعمال‘ بدعنوانیوں کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جارہی ہے۔
--
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں