مشرف کو بیرون ملک سفر کی اجازت دینے حکومت کو مشورہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-04-03

مشرف کو بیرون ملک سفر کی اجازت دینے حکومت کو مشورہ

اسلام آباد
پی ٹی آئی
پاکستانی فوجی سربراہ جنرل راجیل شریف نے حکومت کو‘ سابق فوجی ڈکٹیٹر پرویز مشرف کو اپنے علاج معالجہ اور علیل والدہ کی نگہداشت کیلئے ملک سے باہر جانے کی اجازت دینے کا مشورہ دیا ہے۔ 70سالہ پرویز مشرف کے اخراج کے مسئلہ پر کل جنرل راحیل شریف اور وزیراعظم نواز شریف کے درمیان تبادلہ خیال ہوا۔ آئی ایس آئی سربراہ لیفٹنٹ جنرل ظہیر الاسلام بھی غیر رسمی مشاورتی اجلاس میں شریک ہوئے۔ اکسپریس ٹریبیون نے یہ اطلاع دیتے ہوئے وضاحت کی کہ اجلاس میں صرف پرویز مشرف کی قسمت کے فیصلہ پر تبادلہ خیال ہوا۔ حکومت کی جانب سے ہنوز اس مشاورتی اجلاس کے حوالہ سے کوئی بیان منظر عام پر نہیں آیا۔ ایک باخبر سکیورٹی عہدیدار نے اخبار کوبتایا کہ پرویز مشرف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے خارج کردیاجائے گا۔ البتہ اس سے قبل خصوصی عدالت سے اس کی درخواست کی جائے گی اور خصوصی عدالت سے واضح احکامات جاری ہونے کے بعد ہی اس جانب پیش قدمی ہوگی۔ خصوصی عدالت میں ہی پرویز مشرف کے خلاف غداری کا مقدمہ زیر دوراں ہے اور خصوصی عدالت سابق فوجی ڈکٹیٹر کو کیس میں ماخوذ کرچکی ہے۔ پرویز مشرف پاکستان کی تاریخ میں اولین فوجی حکمراں ہیں جنہیں غداری کے مقدمہ میں ماخوذ کیا گیا ہے۔ یہاں یہ تذکرہ ضروری ہوگا کہ 3رکنی خصوصی عدالت بہت پہلے یہ واضح کرچکی ہے کہ اگر وفاقی حکومت پرویز مشرف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے حذف کرنے کا فیصلہ کرے تو عدالت کو اس پر اعتراض نہیں ہوگا۔ سکیورٹی عہدیدار نے یہ وضاحت بھی کردی کہ اب یہ تنازعہ قانونی نہیں رہا اور مسئلہ سیاسی سطح پر حل کیا جائے گا۔ عہدیدار نے یہ بھی بتایاکہ جنرل راحیل شریف نے وزیراعظم نواز شریف سے یہ بھی کہا کہ پرویز مشرف کا باب اب بند ہونا چاہئے اور یہ کام جس قدر جلد ہو اتنا ہی بہتر ہوگا۔ انہوں نے وضاحت کی کہ پرویز مشرف کی والدہ کی عمر 95 سال ہے اور وہ علیل ہیں اور سابق فوجی سربراہ جلد ازجلد ان کے حضور حاضر ہونے خواہاں ہیں تاکہ نگہداشت میں کوئی کسر باقی نہ رہے۔ ایک اور عہدیدار نے اس جانب اشارہ کیا کہ چونکہ پرویز مشرف کو ماخوذ کیا جاچکاہے لہذا پیشقدمی کی گھڑی آن پہنچی ہے۔ عہدیدار نے بتایاکہ فوجی سربراہ راحیل شریف نے حکومت کو یہ پیام واضح الفاظ میں دیدیا ہے۔ یہاں ایک اور واقعہ کا تذکرہ ضروری ہوگا کہ 2جنوری کو مشرف کو آرمڈ فورسیس انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں شریک کرنا پڑا تھا کیونکہ عدالت جاتے وقت کار سفر کے دوران انہوں نے سینے میں درد کی شکایت کی تھی۔ اب سیاسی و سماجی حلقوں میں خبر گرم ہے اور قیاس آرائیاں شروع ہوچکی ہیں کہ مشرف جلد ہی وطن سے روانہ ہوجائیں گے‘ کیونکہ فوجی ہیڈکوارٹرس کی جانب سے سابق جنرل کے صحیح سلامت اور محفوظ اخراج کو یقینی بنانے حکومت پر دباؤ میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔

Pakistan Army chief advises govt to let Pervez Musharraf go

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں