وارانسی میں کجریوال کی انتخابی مہم - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-04-17

وارانسی میں کجریوال کی انتخابی مہم

صدر عام آدمی پارٹی اروند کجریوال نے دیہی رائے دہندوں کو اپنا ہمنوا بنانے کے مقصد سے آج یہاں اپنی انتخابی مہم شروع کر دی اور مواضعات میں چوپالوں یا چھوٹے چھوٹے عام جلسوں کا انعقاد کیا۔ انہوں نے سب سے پہلے مسلم اکثریتی موضع کروٹا کا دورہ کیا جہاں کی بیشتر آبادی بافندگان اور کسانوں پر مشتمل ہے۔ انہوں نے کسانوں سے کہا کہ اگر عام آدمی پارٹی برسراقتدار آ جائے تو ان کسانوں کی اراضیات ان کی مرضی کے بغیر ہرگز نہیں لی جائیں گی۔
علاوہ ازیں انہوں نے عوام کو اپنی پارٹی کے اغراض و مقاصد سے واقف کرایا اور قومی دارالحکومت دہلی میں پارٹی کی 49 روزہ کامیاب حکومت کے بارے میں آگہی دی۔ انہوں نے رائے دہندوں سے اپیل کی کہ وہ لوک سبھا انتخابات میں عام آدمی پارٹی کے انتخابی نشان "جھاڑو" کو ووٹ دیں۔ انہوں نے یہ بھی وعدہ کیا کہ ان کی پارٹی کسانوں کی فصلوں کے لیے زیادہ مارکٹ قیمت فراہم کرے گی اور درمیانی آدمی سے گریز کرے گی۔ ملک میں نکسل دہشت کا تذکرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نکسلائٹس کو عدم تشدد پر عمل کرنا چاہیے۔ ہماری پارٹی کسی بھی تشدد کے خلاف ہے۔ کسی بھی مسئلہ کو مل بیٹھ کر بات چیت کے ذریعہ حل کیا جا سکتا ہے۔

Arvind Kejriwal starts Varanasi campaign

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں