ملائم سنگھ اور اعظم خان کے متنازعہ تبصروں پر رپورٹ طلب - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-04-10

ملائم سنگھ اور اعظم خان کے متنازعہ تبصروں پر رپورٹ طلب

نئی دہلی۔
(پی ٹی آئی)
الیکشن کمیشن نے آج سماج وادی پارٹی سربراہ ملائم سنگھ یادو، راشٹریہ لوک دل کے صدر اجیت سنگھ اور ریاستی وزیرمحمد اعظم خان کی جانب سے لوک سبھا انتخابات کی مہم کے دوران کئے گئے متنازعہ ریمارکس پر تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔ الیکشن کمیشن کے ذرائع نے یہاں پی ٹی آئی کو بتایاکہ چیف الکٹورل آفیسر سے کہا گیا ہے کہ وہ ہمیں متنازعہ بیانات کی سی ڈیز فراہم کریں۔ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسرس سے بھی کہا گیا ہے کہ وہ جلد ازجلد ان تبصروں پر تفصیلی رپورٹ پیش کریں۔ ملائم سنگھ یادو نے بی جے پی کے امیت شاہ کے بارے میں کہا تھا کہ کارگل کی جنگ ہندو فوجیوں نے نہیں بلکہ مسلمان فوجیوں نے جیتی تھی۔ مرکزی وزیر اجیت سنگھ نے اپنی تقریر میں کہا تھا کہ فرقہ پرستی کو روکنے وہ بی جے پی کے وزارت عظمی امیدوار(نریندر مودی) کو سمندر میں بھی پھینک سکتے ہیں۔ ان متنازعہ تبصروں کی وجہہ سے الیکشن کمیشن نے ان قائدین کے خلاف تفصیلی رپورٹ طلب کی ہے۔ الیکشن کمیشن کو ان ریمارکس کے بارے میں شکایات بھی پیش کی گئی تھیں۔ ملائم سنگھ یادو نے کل لکھنو میں خطاب کرتے ہوئے کہاکہ تھا کہ امیت شاہ جیسے افراد کو سلاخوں کے پیچھے نہ ہونا انتہائی بدبختانہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ تھا کہ امیت شاہ جیسے لوگ انتشار پسند تقریر کررہے ہیں۔ ہم بی جے پی سے اسی طرح لڑیں گے جیسے اب تک لڑتے رہے ہیں اور امیت شاہ کو تباہ کردیں گے۔ کمیشن کے ذرائع نے بتایاکہ الیکشن کمیشن نے امیت شاہ کو تباہ کرنے والے ریمارک کا نوٹ لیا۔ دوسری طرف مودی کے قریبی امیت شاہ کو بھی الیکشن کمیشن مظفر نگر میں سلسلہ وار اشتعال انگیز تقاریر کے سلسلہ میں ایک نوٹس جاری کی ہے۔ ایک اور اطلاع کے مطابق انتخابی حکام سماج وادی پارٹی لیڈر اعظم خان کے کارگل کے بارے میں کئے گئے تبصرے کا ازخود جائزہ لے رہے ہیں۔ ایک سینئر انتخابی عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایاکہ ہم کارگل جنگ اور دیگر مسائل کے بارے میں اعظم خان کی 30منٹ طویل تقریر کے ویڈیو کا جائزہ لے رہے ہیں۔ ہم نے تحقیقات شروع کردی ہیں اگر وہ خاطی پائے جائیں تو ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

EC seeks report on controversial remarks by Mulayam Singh, Azam Khan

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں