(آئی اے این ایس)
تلنگانہ میں 30اپریل کو منعقد شدنی لوک سبھا و اسمبلی انتخابات میں حصہ لینے کیلئے پرچہ نامزدگی داخل کرنے کے آج آخری دن سینکڑوں امیدواروں نے اپنے اپنے کاغذات نامزدگی داخل کردئیے ۔ بیشتر پارٹیوں نے منگل کی رات دیر گئے تک اپنے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیاتھا، اس لئے آج پرچہ نامزدگی کے ادخال کی آخری دن امیدواروں کا زبردست ہجوم دیکھا گیا۔ ٹی آرایس سربراہ کے چندر شیکھر راؤ، تلنگانہ پردیش کانگریس کے صدر پونالا لکشمیا، تلنگانہ بی جے پی کے صدر جی کشن ریڈی، اداکارائیں وجئے شانتی اور جیا سدھا ان ممتاز سیاسی قائدین میں شامل ہیں جنہوں نے آج اپنے کاغذات نامزدگی ریٹرننگ آفیسرس کے حوالے کردئیے۔ الیکشن کمیشن کے عہدیداروں کی بموجب تلنگانہ میں اسمبلی انتخابات کیلئے 1,109 اور لوک سبھا انتخابات کیلئے 143 نامزدگیاں وصول ہوئی ہیں۔ پرچہ نامزدگی قبول کرنے کی آخری تاریخ کے دن سہ پہر 3بجے وقت ختم ہوگیا تھا۔ شام دیر گئے ہی پرچہ نامزدگیوں کی جملہ تعداد کا علم ہوسکے گا۔ جمعرات کے دن پرچہ جات نامزدگی کی تنقیح ہوگی اور 12اپریل پرچہ نامزدگی سے دستبرداری کی آخری تاریخ مقرر کی گئی ہے۔ تلنگانہ کے 119اسمبلی حلقوں اور 17لوک سبھا حلقوں کیلئے 30اپریل کو رائے دہی مقرر ہے، اگرچہ علاقہ کو 2جون کو علیحدہ ریاست کا درجہ حاصل ہوجائے گا، اس کے باوجود الیکشن کمیشن متحدہ آندھراپردیش میں انتخابات منعقد کررہا ہے۔ سیما آندھرا کے 175اسمبلی حلقوں اور 25 لوک سبھا حلقوں کیلئے 7مئی کو پولنگ ہوگی۔ ٹی آرایس سربراہ کے چندر شیکھر راؤ نے لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات دونوں کے لئے پرچہ نامزدگی داخل کیا ہے۔ وہ حلقہ لوک سبھا میدک اور حلقہ اسمبلی گجویل سے مقابلہ کررہے ہیں۔ ان کی دختر کے کویتا کو نظام آباد کی پارلیمانی نشست سے پارٹی امیدوار نامزد کیاگیا ہے۔ تلنگانہ کانگریس کے صدر پونالا لکشمیا نے ضلع ورنگل کے حلقہ اسمبلی جنگاؤں سے کاغذات نامزدگی داخل کردئیے، جب کہ بی جے پی کے تلنگانہ صدر جی کشن ریڈی حیدرآباد کے حلقہ اسمبلی عنبر پیٹ سے انتخابی میدان میں ہیں۔ سینئر اداکارہ وجئے شانتی جنہوں نے ٹی آرایس چھوڑ کر کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی تھی حلقہ اسمبلی میدک سے کانگریس امیدوار کی حیثیت سے پرچہ نامزدگی داخل کیا۔ ایک اور مقبول اداکارہ جیا سدھا حلقہ اسمبلی سکندرآباد سے دوبارہ انتخابی میدان میں ہیں۔ وائی ایس آرکانگریس پارٹی نے منگل کی رات اپنے امیدواروں کی فہرست جاری کی۔ سابق ڈائرکٹر جنرل آف پولیس دنیش ریڈی کو حلقہ لوک سبھا ملکا جگری سے ٹکٹ دیا گیا ہے جنہوں نے آج اپنا پرچہ نامزدگی داخل کردیا۔ سابق مرکزی وزیر بنڈارو دتاتریہ نے حلقہ لوک سبھا سکندرآباد سے پرچہ نامزدگی داخل کردیا۔ اس حلقہ کے موجودہ رکن پارلیمنٹ انجن کمار یادو نے بھی آج کانگریس امیدوار کی حیثیت سے اپنے کاغذات نامزدگی کا ادخال عمل میں لایا۔ کانگریس پارٹی نے تلنگانہ کے 111اسمبلی حلقوں اور16 لوک سبھا نشستوں سے پارٹی امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا ہے۔ اسمبلی اور لوک سبھا کی ماباقی نشستیں اپنی حلیف جماعت کمیونسٹ جماعت آف انڈیا(سی پی آئی) کیلئے چھوڑ دی گئی ہیں۔ سی پی آئی ایم، مجلس، لوک ستہ، عام آدمی پارٹی اور دیگر سیاسی جماعتوں نے بھی تلنگانہ کے چند حلقوں سے اپنے امیدوار ٹھہرائے ہیں لیکن تلنگانہ میں اصل مقابلہ کانگریس، ٹی آرایس اور تلگودیشم۔ بی جے پی اتحاد کے مابین ہوگا۔
(پی ٹی آئی)
صدر تلگودیشم این چندرا بابو نائیڈو ضلع چتور کے حلقہ اسمبلی کپم سے پھر ایک مرتبہ انتخابی میدان میں ہیں۔ سیما آندھرا کے 47 اسمبلی حلقوں اور 7لوک سبھا حلقوں کیلئے تلگودیشم پارٹی کی جاری کردہ پہلی فہرست میں چندرا بابو نائیڈو کا نام بھی شامل ہے۔ سیما آندھرا کے 175 اسمبلی حلقوں اور 25 لوک سبھا حلقوں کے لئے 7مئی کو رائے دہی مقرر ہے۔ تلگودیشم پارٹی کے آنجہانی قائد کے ایرم نائیڈو کے فرزند رام موہن نائیڈو کو حلقہ لوک سبھا سریکاکلم سے پارٹی نے اپنا امیدوار نامزد کیا ہے۔ ان کے علاوہ حلقہ لوک سبھا ایلورو سے ایم وینکٹیشور راؤ، حلقہ لوک سبھا ہندو پور سے نملا کشٹپا، حلقہ لوک سبھا نندیال سے نور محمد فاروق، حلقہ چتور سے این شیوا پرشاد اور حلقہ مچھلی پٹنم سے کے نارائنا کو پارٹی ٹکٹ دیا گیا ہے۔ اشوک گجپتی راجو کو حلقہ لوک سبھا وجیا نگرم سے پارٹی امیدوار نامزد کیا گیا ہے۔ چندرابابو نائیڈو نے بتایاکہ انہوں نے پارٹی امیدواروں کا انتخاب سائنٹفک طریقہ سے کیا ہے۔ انہوں نے پارٹی امیدواروں کی نامزدگی کے موقع پر سماجی انصاف اور ماضی کے ریکارڈ کو ذہن میں رکھا۔ اس کے علاوہ موبائل فونس کے ذریعہ انٹریکٹیو وائس رسپانس سسٹم کابھی استعمال کیا، تاکہ رائے دہندوں کی ترجیحات کا پتہ چلایا جاسکے۔
سنگاریڈی۔
(منصف نیوزبیورو)
صدر تلنگانہ راشٹرا سمیتی( ٹی آرایس) کے چندر شیکھر راؤ نے آج حلقہ لوک سبھا میدک سے اپنا پرچہ نامزدگای داخل کردیا۔ وہ صبح 11بجے ہیلی کاپٹر سنگاریڈی مہیلا پرانگنم کے قریب واقع گراونڈ پہنچے، جہاں ٹی آرایس قائدین و کارکنوں نے ان کا والہانہ استقبال کیا۔ وہاں سے ذریعہ کار سنگاریڈی جدید کلکٹریٹ پہنچے اور ریٹرننگ آفیسر و ضلع کلکٹر میدک سمیتا سبھروال کے اجلاس پر حلقہ لوک سبھا میدک کے ٹی آرایس امیدوار کی حیثیت سے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا۔ اس موقع پر چندر شیکھر راؤ کی جانب سے سابق نائب صدرنشین بلدیہ سنگاریڈی، صدر ضلع ٹی آرایس ستیہ نارائنا اور ٹی آرایس مہیلا قائد لکشمی نے بھی پرچہ نامزدگی کے ایک ایک سیٹ داخل کئے۔
--
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں