کانگریس برسراقتدار آنے پر غریبوں کیلئے کام کرے گی - راہول گاندھی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-03-11

کانگریس برسراقتدار آنے پر غریبوں کیلئے کام کرے گی - راہول گاندھی

جئے پور۔
(آئی اے این ایس)
کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی نے آج کہاکہ ان کی پارٹی غریبوں کیلئے حکومت چلاتی ہے اور لوک سبھا انتخابات میں برسر اقتدار آنے پر ان کیلئے کام کرے گی۔ راجستھان کے ضلع ٹونک کے دیولی ٹاون میں ریالی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ کانگریس زیر قیادت یوپی اے حکومت نے گذشتہ 10سال کے دوران تقریباً150ملین افراد کو جو خط غربت کے نیچے زندگی گذار رہے تھے غریب سے نکالا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی ملک کے 700ملین افراد کی بہبود کیلئے کام کرے گی جنہیں قبل ازیں غریب قرار دیا گیا تھا لیکن اب وہ غربت کا شکار نہیں ہیں۔ راہول گاندھی نے کہاکہ وہ متوسط طبقہ کے نیچے ہیں لیکن غریب طبقہ کے اوپر ہیں۔ برسر اقتدار آنے پر کانگریس اس طبقہ کی ترقی کیلئے کام کرے گی اور انہیں کافی سہولتیں فراہم کرے گی تاکہ وہ ترقی کرسکیں۔ اس ریالی میں توقع سے زیادہ بھیڑ تھی راہول گاندھی کی ایک جھلک دیکھنے عوام نے انتظامیہ کی جانب سے کھڑی کی گئی رکاوٹیں توڑ دیں۔ راہول گاندھی نے بی جے پی پر نشانہ سادھتے ہوئے کہاکہ بی جے پی کو راجستھان، کرناٹک اور مدھیہ پردیش میں کرپشن نظر نہیں آتا۔ انہوں نے کہاکہ کانگریس بی جے پی کو کرپشن میں ملوث ہونے نہیں دے گی جیساکہ اس نے راجستھان میں اپنی سابقہ حکومت (2003تا2008) کے دوران کیا تھا۔ انہوں نے کہاکہ کانگریس کارکن اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ بی جے پی کرپشن میں ملوث نہ ہو۔ کارکن سڑکوں پر اتر آئیں گے اور اسے یقینی بنانے میں کوئی کسر باقی نہیں رکھیں گے۔ انہوں نے کہاکہ کانگریس لوک سبھا انتخابات لڑنے نئے اور نوجوان چہروں کو موقع دے گی۔ انہوں نے کہاکہ ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ زیادہ سے زیادہ نئے چہرے ملک کے عوام کی نمائندگی کریں۔ راجستھان کانگریس کے صدر اور مرکزی وزیر سچن پائلٹ، سابق چیف منسٹر اشوک گیہلوٹ اور دیگر کئی سینئر قائدین نے زائد 50ہزار کے مجمع سے خطاب کیا۔ یو این آئی کے بموجب کانگریس کے نائب صدر نے آج لوک سبھا انتخابات کیلئے نوجوانوں اور نچلے متوسط طبقہ کو راغب کرنے کی کوشش کی اور بی جے پی کو لوک سبھا انتخابات میں کرپشن سے باز رہنے اور موافق دولت مند سیاسی رویہ اختیار کرنے کے خلاف انتباہ دیا ۔ انہوں نے کہاکہ مرکز میں یوپی اے کے دور حکومت میں کانگریس نے غریبوں کیلئے بہت کچھ کیا ہے اور 15کروڑ افراد کو غربت کے چنگل سے نکالا ہے۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں