مکیش امبانی کی زیڈ سکیورٹی ختم کی جائے - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-03-08

مکیش امبانی کی زیڈ سکیورٹی ختم کی جائے

ممبئی۔
(ایجنسیاں)
وکھرولی کے دو سماجی خادموں نے بامبے ہائی کورٹ میں پی آئی ایل (پبلک انٹرسٹ لیٹی گیشن) داخل کرکے صنعت کار مکیش امبانی کو سنٹرل ریزرو پولیس فورس کے ذریعے دی گئی زیڈ زمرے کی سکیورٹی کو چیلنج کیا ہے جو کہ وزارت داخلہ کے ذریعہ منظور کی گئی ہے۔ نتن دیش پانڈے اور وکرانت کارنک کے ذریعے داخل کردہ پی آئی ایل میں دعویٰ کیا گیا ہے فوجی اور نیم فوجی فورسز کے ہر رکن کو حلف دلایا جاتا ہے کہ وہ ملک کی خدمت اور اس کی سلامتی کا عہد کرتا ہے‘ پی آئی ایل کے مطابق ایسے ذمہ دار سکیورٹی اہلکاروں کو پرائیویٹ سکیورٹی میں لگادیا جاتا ہے جن میں صنعت کار‘ سیاست داں اور دیگر سیلیبرٹیس شامل ہیں اور کہا جاتا ہے کہ یہ ان کی جان و مال کے تحفظ کیلئے کیا جارہا ہے‘ جس سے تمام فورس کی ذہنی حالت پست ہوجاتی ہے۔ پی آئی ایل میں مزید کہا گیا ہے کہ حالانکہ ان افراد کی جان و مال کو حقیقی طورپر کوئی خطرہ نہیں ہوتا ہے اور صرف اس قسم کے افراد سرکاری سکیورٹی حاصل کرکے سماج میں اپنا رتبہ دکھانے کی کوشش کرتے ہیں اور یہ ان کے بڑنے ہونے کی علامت بن جاتی ہے۔ واضح ہوکہ انسپکٹر رینک کے ایک افسر کی سربراہی میں تقریباً 20سی آر پی ایف کمانڈوز مکیش امبانی کی سکیورٹی میں لگے ہوئے ہیں جنہیں انٹلی جنس کی خبروں کے مطابق ان کی جان کو خطرہ ہے‘ امبانی اپنے لئے فراہم کی گئی سکیورٹی کیلئے ہر ماہ تقریباً پندرہ لاکھ روپئے ادا کرتے ہیں۔ دریں اثناء پی آئی ایل میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ہندوستان میں ہر ایک لاکھ شہریوں کی سلامتی کیلئے محض ایک سو پچیس پولیس جوان ہی ہیں جبکہ درحقیقت ہر ایک لاکھ شہریوں کے تناسب میں دو سو تیس پولیس اہلکار ہونا چاہے۔ پی آئی ایل میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سی آر پی ایف جیسی ایجنسی کے کمانڈوز کو اس طرح پرائیوٹ سکیورٹی میں لگا دیا گیا تو اس طرح فورسز کی کمی کے سبب عوامی سکیورٹی خطرے میں پڑے جائے گی۔ مفاد عامہ کی اس درخواست میں عدالت سے اپیل کی گئی ہے کہ مکیش امبانی کو فراہم کردہ مذکورہ زیڈ زمرے کی سکیورٹی ختم کی جائے۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں