اے ایم یو کیمپس میں لاقانونیت کے خلاف احتجاج - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-03-11

اے ایم یو کیمپس میں لاقانونیت کے خلاف احتجاج

علی گڑھ۔
(پی ٹی آئی)
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے طلباء نے آج اس یونیورسٹی کے کیمپس میں نظم وضبط کی بگڑتی صورتحال کے خلاف ایک احتجاجی مارچ نکالا۔ 250طلباء پر مشتمل اس گروپ کو پولیس نے وائس چانسلر کے دفتر کی جانب بڑھنے سے روک دیا۔ بعد میں اس گروپ نے کیمپس میں حال ہی میں تشدد میں اضافہ کے خلاف نعرے لگائے۔ یہاں یہ تذکرہ بے جا نہ ہوگا کہ گذشتہ ہفتہ کیمپس میں اور اس کے اطراف فائرنگ کے کئی واقعات پیش آئے ہیں۔ طلباء نے الزام لگایا ہے کہ "بے قصور طلباء کو پھنسایا جارہا ہے جبکہ جرائم کے مرتکبین کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جارہی ہے"۔ چیف منسٹر اترپردیش اکھلیش یادو کے نام ایک متکوب میں احتجاجی طلباء نے الزام لگایا ہے کہ سماج وادی پارٹی کے بعض حامی کیمپس میں" گڑ بڑ کو ہوا دے رہے ہیں"۔ احتجاجیوں نے گذشتہ ایک ہفتہ کے دوران تشدد کے واقعات کی، سی آئی ڈی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ اے ایم یو ذرائع نے بتایاکہ دو ہفتہ قبل ملائم سنگھ یادو اس یونیورسٹی کا دورہ کرنے والے تھے لیکن اس دورہ کی اچانک تنسیخ کے بعد سے کیمپس میں گڑبڑ دیکھی جارہی تھی۔ اساتذہ اور بعض طلباء نے ملائم سنگھ کے مجوزہ دورہ کی مخالفت کی تھی۔ آج احتجاجی طلباء نے پولیس کے خلاف بھی اپنی برہمی کا اظہار کیا اور کہاکہ پولیس نے کیمپس میں ،ٹکر مار کر بھاگنے والے ایک ڈرائیور کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی، کیونکہ کار ایک مقامی سماج وادی پارٹی لیڈر کی تھی"۔ طلباء نے مزید الزام لگایا کہ حادثہ کے بعد کار کو کسی مقام پر چھوڑ دیا گیاتھا۔ اس کار کوپولیس کے حوالہ کیا گیا لیکن پولیس نے "کوئی کارروائی کرنے کے بجائے یہ کار اُس کے مالک کو واپس کردی"۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں