اسلامی جمہوریہ ایران فریب کاری سے باز آجائے - شمعون پیریز - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-03-07

اسلامی جمہوریہ ایران فریب کاری سے باز آجائے - شمعون پیریز

یروشلم۔
(پی ٹی آئی)
اسرائیل نے اپنی دفاعی افواج کی جانب سے ایک جہاز کی ضبطی کے بعد ایران سے بین الاقوامی برادری کی آنکھوں میں دھول جھونکنے اور فریب کاری سے بازآنے کامطالبہ کیا۔ اسرائیلی صدر شمعون پیریز نے بحریہ کی جانب سے ایرانی جہاز کی ضبطی کو غیر معمولی ذہانت سے بھری اورانتہائی اہم کارروائی قرار دیا۔ شمعون پیریز نے مزید کہاکہ ایران کا حقیقی، چہرہ اس واقعہ سے بے نقاب ہوا ہے۔ ایران کو اب فریب سے بازآجانا چاہئے۔ ایرانی اپنے آپ کو معصوم ظاہر کرتے ہوئے ایک دہشت گرد تنظیم کو انتہائی خطرناک میزائلس فراہم کرتے ہیں جن کے ذریعہ بے قصور افراد کو ہلاک کیا جاتا ہے۔ ایسے ہتھیاروں کی سربراہی بین الاقوامی قانون کی سراسر خلاف ورزی ہے۔ ایران کو اب حقیقت کا اعتراف کرتے ہوئے بین الاقوامی قانون کا احترام کرنا چاہئے یا پھر صاف لفظوں میں اعلان کرنا چاہئے کہ یہ محض نمائش اور ڈھونگ ہے۔ ایرانی پالیسی یا حکومت کے اعلانات ناقابل اعتماد ہیں۔ ان کا یہ واضح اشارہ 6 عالمی طاقتوں کے ساتھ جاری ایرانی بات چیت کی جانب تھا۔ اسرائیلی وزیراعظم بنجامن نتن یاہو نے افواج کو کاروائی کی اجازت دے رکھی ہے۔ انہوں نے اپنے موقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہاکہ ایران کو نیوکلیر اسلحہ کی صلاحیتوں کا حامل بننے کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی۔ ایک جانب ایران عالمی طاقتوں کے ساتھ شیریں لہجہ میں میٹھی میٹھی باتیں کررہا ہے اور دوسری جانب دہشت گرد تنظیموں کو خفیہ کارروائیوں کے حامل نٹ ورک کے ذریعہ ہلاکت خیز اسلحہ فراہم کررہا ہے جن کے ذریعہ بے قصور افراد کو موت کے گھاٹ اتارنے کیلئے بروئے کار لایاجاسکتاہ ے۔ انہوں نے مزید کہاکہ یہ ہے کہ ایران کا حقیقی چہرہ اور ایسے ملک کو نیوکلیر اسلحہ کا حامل بننے کی اجازت کیسے دی جاسکتی ہے۔ ہم اپنے ہم وطنوں ے تحفظ اور سلامتی کیلئے وہ سب کچھ کر گذرنے تیار ہیں۔ جو ہمارے دائرہ بساط میں ہے۔ اسرائیل، ایران کے نیوکلیر پروگرام کو اپنی بقا کیلئے خطرہ باور کرتا ے اور اسلامی جمہوریہ کے جوہری عزائم کو ناکام بنانے کیلئے اس نے تمام متبادل راستے کھلے رکھے ہیں جن میں فوجی کارروائی بھی شامل ہے۔ دریں اثناء اسرائیل کے قریب ترین حلیف امریکہ نے بتایاکہ غزہ کو جانے والے جہاز سے متعلق اطلاع ہم نے فراہم کی تھی جس میں اسلحہ پوشیدہ طورپر رکھے گئے تھے۔ اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ ترجمان جنیفر ساکی نے بتایا کہ اس جہاز کی ضبطی کیلئے امریکی فوجی تیار تھے جس میں اسلحہ لادے جارہے تھے تاہم اسرائیل نے ہی اس جانب پیش قدمی کی اور بازی مارلے گیا۔ انہوں نے وضاحت کی کہ وائٹ ہاوز نے محکمہ دفاع کو جہازپر نگاہ رکھنے کی ہدایت دے دی تھی جو سوڈان سے غزہ پٹی کی جانب سفر کررہا تھا۔ علاوہ ازیں بوقت ضرورت یکطرفہ کارروائی کی اجازت بھی اسے دیدی گئی تھی۔ جنیفر ساکی نے بتایاکہ پٹنگان کو اس معاملہ میں ملوث ہونے کی ہدایت سے صاف ظاہر ہے کہ ایران کی جانب سے خطہ کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کے حوالہ سے امریکہ کس قدر حساس اور تشویش میں مبتلا ہے۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں