سیما آندھرا کیلئے کئی ترقیاتی کاموں کا اعلان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-03-05

سیما آندھرا کیلئے کئی ترقیاتی کاموں کا اعلان

گنٹور۔
(یو این آئی)
ریاست کی " غیر منصفانہ" تقسیم پر کانگریس کے خلاف غم و غصہ رکھنے والے سیما آندھرا عوام کی خوشامد کی کوشش کے تحت مرکزی وزیر دیہی ترقیات جئے رام رمیش نے آج اعلان کیا کہ وشاکھاپٹنم اور وجئے واڑہ۔ گنٹور میں میٹروریل پراجکٹس کا آغاز کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ ان شہروں میں سوپر اسپیشالیٹی ہیلتھ سنٹر، آئی آئی ٹی اور آئی آئی ایم جیسے ادارے قائم کئے جائیں گے۔ انہوں نے بتایاکہ وشاکھاپٹنم، وجئے واڑہ اور گنٹور کو آپس میں جوڑتے ہوئے میٹرو ریل پراجکٹس کی تعمیر عمل میں لائی جائے گی۔سیما آندھرا کے عوام کے فائدہ کیلئے ایک نیا ریلوے زون بھی قائم کیا جائے گا۔ جئے رام رمیش نے یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اعلان کیا کہ تقسیم کے بعد سیما آندھرا میں ایک آئی آئی ٹی، ایک آئی آئی ایم، ایک مرکزی یونیورسٹی، ایک زرعی یونیورسٹی، ایک قبائلی یونیورسٹی اور ایک سوپر اسپیشالیٹی ہیلتھ سنٹر کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ سیما آندھرا کے کئی مقامات پر دارالحکومت کے مطالبات سامنے آرہے ہیں۔ نئے دارالحکومت کیلئے موزوں مقام کی نشاندہی ایک کمیٹی کرے گی، جس کی بہت جلد تشکیل عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ اس کمیٹی کو 6ماہ کا وقت دیا جائے گا، تاکہ نئے دارالحکومت کے لئے موزوں مقام کی نشاندہی کی جاسکے۔ انہوں نے کہاکہ ضروری نہیں کہ تمام سہولتیں اور ادارے ایک ہی جگہ پر فراہم یا قائم کئے جائیں۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ اسمبلی ایک مقام پر ہوسکتی ہے، ہائی کورٹ دوسرے مقام پر ہوسکتاہے اور انتظامی دفاتر کسی اور مقام پر قائم کئے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے مثال پیش کی کہ اترپردیش میں ہائی کورٹ الہ آباد میں مدھیہ پردیش کا ہائی کورٹ جبل پور میں واقع ہے۔ آبپاشی کیلئے پانی کے سلسلہ میں کسانوں کے خدشات کا ازالہ کرتے ہوئے جئے رام رمیش نے کہاکہ دریائے کرشنا اور گوداری بورڈس قائم کئے جائیں گے۔ جو دونوں ریاستوں کے درمیان پانی کی مساوی اور منصفانہ تقسیم کو یقینی بنائیں گے۔ یہ بورڈ ماہرین پر مشتمل ہوگا اور اس کی تشکیل مرکز کی جانب سے عمل میں آئے گی۔ طلباء کا خوف دور کرتے ہوئے مرکزی وزیر نے کہاکہ بدقسمتی سے تمام مشہور و ممتاز تعلیمی ادارے اور کوچنگ سنٹرس حیدرآباد میں واقع ہیں۔ انہوں نے اطمینان دلایا کہ داخلوں کاطریقہ کار برقرار رہے گا اور تقیسم کے بعد 10سال تک موجودہ کوٹہ پر ہی عمل آوری کی جائے گی۔ جئے رام رمیش نے کہاکہ دریائے گوداوری پر مرکزی حکومت پولا ورم پراجکٹ کی تعمیر عمل میں لائے گی، جس کے لئے 18ہزار کروڑ روپئے کے اخراجات پورے کئے جائیں گے۔ چند مواضعات جو اس پراجکٹ میں زیر آب آجائیں گے وہ علاہ تلنگانہ میں واقع ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ پراجکٹ کی تعمیر میں رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے مذکورہ مواضعات کو ریاست آندھرا میں ضم کردیاجائے گا۔ ریاستی سرکاری ملازمین کو تیقن دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ 84ہزار ملازمین کو دونوں ریاستوں کے درمیان ان کی مرضی کے مطابق تقسیم کیا جائے گا۔ جئے رام رمیش، وشاکھاپٹنم، گنٹوراور وجئے واڑہ کے دورہ پر ہیں تاکہ پارٹی کارکنوں سے ملاقات و خطاب کرسکیں۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں