بنگالی اخبار میں توہین آمیز خاکہ کی اشاعت پر پرنٹر پبلیشر اور ایڈیٹر گرفتار - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-03-12

بنگالی اخبار میں توہین آمیز خاکہ کی اشاعت پر پرنٹر پبلیشر اور ایڈیٹر گرفتار

کولکتہ۔
(یو این آئی)
کولکتہ شہر سے شائع ہونے والے ایک بنگالی اخبار میں توہین آمیز خاکہ کی اشاعت پر اخبار کے پرنٹر و پبلشر اور ایڈیٹر کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔ کولکتہ کے جوائنٹ پولیس کمشنر ہیڈ کوارٹر راجیو مشرا نے بتایاکہ مسلمانوں کے احتجاج کے بعد پولیس نے پرنٹر و پبلشر کو گرفتار کرلیا ہے اور اخبار نے کل کی اشاجعت میں معافی مانگنے کا وعدہ کیا ہے۔ ’خبر365 دن، نامی بنگلہ اخبار کے ہفتہ واری میگزین میں عالمی یوم خواتین کے موقع پر لندن میں ہونے والے عریاں مظاہرہ کی تصویر پر قرآنی آیات درج ہیں۔ اس متنازعہ تصویر کی اشاعت کی خبر شہر میں پھیلتے ہی صبح سے ہی مختلف مسلم محلوں سے مسلم نوجوان پارک سرکس 7 پوائنٹ پر جمع ہونا شروع ہوگئے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ اخبار پر کارروائی کے ساتھ اس پر پابندی عائد کی جائے۔ پولیس کے سمجھانے کے باوجود مظاہرین منشتر ہونے کو تیار نہیں تھے۔ اس کی وجہہ سے شہر کا ٹریفک نظام کئی گھنٹوں کیلئے معطل ہوگیا۔ کولکتہ کے سرکردہ مسلم رہنماؤں کی مداخلت کے باوجود لوگ منتشر نہیں ہوئے۔ ریاستی وزیر شہری ترقیات فرہاد حکیم اور کولکتہ کارپوریشن کے مئیران کونسل منظر اقبال نے مسلم نوجوانوں کو سمجھایا کہ پولیس اس معاملے میں سخت کارروائی کرے گی۔ تھوڑی دیر بعد یہ خبر بھی آگئی کہ پولیس نے 2افراد کو گرفتارکرلیا ہے۔ اس کے بعد مظاہرین منشتر ہوگئے۔ بعض مسلم نوجوانوں نے یہ بھی الزام عائد کیا ہے کہ مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے پولیس نے لاٹھی بھی چارج کی ہے۔ جمعےۃ علماء ہند مغربی بنگال کے جنرل سکریٹری مولانا صدیق اﷲ چودھری، ملی اتحادپریشد کے جنرل سکریٹری حاجی عبدالعزیز نے مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ صبر و تحمل کا دامن تھامے رکھیں اور ایسا کچھ بھی نہ کریں جس سے ماحول میں انتشار پیدا ہو۔ صدیق اﷲ چودھری نے کہاکہ گرچہ پولیس نے اخبار کے 2افراد کو گرفتارکرلیا ہے مگر اس معاملے سخت ہدایات جاری کی جائیں کہ آئندہ کوئی اخبار اس طرح کی متنازعہ تصاویر شائع کرکے شہر کی فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو درہم برہم نہ کریں۔

bengali printer publisher editor detained on Blasphemy cartoon

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں