رام لیلا میدان پر انا ہزارے اور ممتا بنرجی کے جلسہ سے قبل ویڈیو جاری - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-03-12

رام لیلا میدان پر انا ہزارے اور ممتا بنرجی کے جلسہ سے قبل ویڈیو جاری

کولکتہ۔
(یو این آئی)
اناہزارے کے ساتھ دہلی میں اپنے انتخابی جلسہ سے قبل ترنمول کانگریس کی سربراہ اور چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے عوام سے رام لیلا میدان پر کل منعقدہ جلسہ میں بڑی تعداد میں حصہ لیتے ہوئے اسے کامیاب بنانے کی اپیل کی ہے۔ بنرجی گاندھیائی لیڈر سے ملاقات کیلئے آج نئی دہلی پہنچ گئی ہیں۔ دونوں نے دہلی کے تاریخی میدان میں مشترکہ جلسہ عام سے خطاب کا بہت پہلے منصوبہ بنایاتھا۔ سیاسی ذرائع نے بتایاکہ مشترکہ جلسہ عام کے بعد عین ممکن ہے کہ ٹی ایم سی اپنا انتخابی منشور جاری کرے گی۔ بنرجی نے کہا ہے کہ پارٹی کا انتخابی منشور گاندھیائی لیڈر سے منظوری کے بعد جاری کیا جائے گا۔ جبکہ انتخابی وعدوں میں انا ہزارے کے اٹھائے گئے کئی مسائل اور نکات شامل کئے گئے ہیں۔ ترنمول سربراہ نے فیس بک پر جاری اپنی اپیل میں کہا "کل دوپہر ایک بجے میں نئی دہلی کے رام لیلا میدان پر جلہس عام میں موجود ہوں گی جہاں انا جی خطاب کریں گے۔ میں تمام بھائیوں اور بہنوں سے خواہش کرتی ہوں کہ اگر وقت ملے تو اس جلسہ میں شرکت کے ذریعہ ہماری بھرپور تائید کریں۔ میں بھی جلسہ عام سے خطاب کرسکتی ہوں"۔ اناہزارے پہلے ہی لوک سبھا انتخابات میں اور مستقبل کے وزیراعظم کی حیثیت سے ممتا بنرجی کی تائید پر آمادگی ظاہر کرچکے ہیں۔ جلسہ کیلئے ایک موسیقی ریز ویڈیو، دہلی دیکھے گی دیدی کا دم، تیار کیا گیا۔ ڈھائی منٹ کا یہ ویڈیو ہندی، بنگالی، بھوجپوری اور منی پوری کے بشمول 6 زبانوں میں تیار کیا گیا ہے۔ دہلی کے مختلف علاقوں میں الکٹرانک بورڈس پر یہ ویڈیو دکھائی جارہی ہے۔ اس دوران کولکتہ میں پی ٹی آئی کی ایک علیحدہ اطلاع کے بموجب سینئر اداکارہ موسمی چٹرجی نے آج کہا ہے کہ وہ عنقریب اعلان کریں گی کہ آیا وہ سیاست میں داخل ہورہی ہیں۔ انہیں مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے لوک سبھا انتخابات میں حصہ لینے کی پیشکش کی گئی ہے۔ موسمی چٹرجی جنہوں نے گذشتہ ہفتہ ریاستی سکریٹریٹ میں چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی سے ملاقات کی تھی اور کہا کہ میرے پاس ایک سے زائد پیشکش ہے لیکن میں جماعتوں کا نام نہیں بتاؤں گی میں فیصلہ کروں گی اور آنے والے وقت میں اس کا اعلان کروں گی۔ ممتا بنرجی سے ان کی ملاقات کے بعد ایسی قیاس آرائیاں کی گئی تھیں کہ وہ سیاست میں شامل ہوں گی۔ 2004ء میں اداکارہ نے کولکتہ شمال مشرق نشست سے کانگریس کے ٹکٹ پر مقابلہ کیا تھا لیکن شکست کھاگئی تھیں۔ انہوں نے کہاکہ وہ میری ایک غلطی تھی۔ میں اس الجھن کو سمجھ نہیں پائی۔ میرے پاس صرف 25دن تھے۔ ممتا کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہاکہ وہ چیف منسٹر کا کافی احترام کرتی ہیں۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں