پانی - لازمۂ حیات اور عظیم عطیہ ربانی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-03-14

پانی - لازمۂ حیات اور عظیم عطیہ ربانی

water-is-life
پانی ، یہ اللہ عزوجل کا عظیم عطیہ ہے ، اس کی عمومی ضرو رت کے پیش نظر اللہ عزوجل نے اس کا فیضان بھی بندوں پر بے پایاں فرمایاہے ، یہ نہ صرف انسان کی ضرورت ہے ؛ بلکہ کی ہر شیء کی بقا اور حیات کا راز بھی اسی بیش قیمت نعمت پر موقوف ہے ، پانی کی قدر واہمیت کو بتلانے کے لئے اللہ عزوجل کے اس ارشاد کی جانب رہنمائی اور اس کے پیغام کی جانب اشارہ ہی کافی سے وافی ہے ۔ارشاد باری عزوجل ہے :" اور ہم نے پانی سے ہرچیز کو زندہ کیا تو کیا یہ لوگ پھر بھی ایمان نہیں لاتے"(سورۃ الأنبیاء : 30)پانی کی اسی اہمیت وافادیت اور زندگی اور حیات کے بقا میں اس کے کردار کی وجہ سے اللہ عزوجل نے اس کا تذکرہ قرآن کریم میں 63 مرتبہ فرمایا ہے ، اللہ عزوجل نے پانی کی اسی اہمیت اور افادیت اور انسانی کے بقاء وحیات اور اس کوکب کے ارضی قیام وقرار میں اس کے دخل کی وجہ سے مختلف مقامات مختلف پیرایہ بیان میں اس کی قیمت ذکر ہے ۔
اللہ عزوجل نے پانی کے بے شمار فوائد اور اس کی خوبیوں کا ذکر ہے ۔کہیں تو اللہ عزوجل نے پانی "طھور" کہا ہے ،یعنی پاک کرنے والا ، پاکی اور طہارت کو شریعت اسلامی جو مقام حاصل ہے یہ کسی سے مخفی اور پوشیدہ نہیں کہ خصوصا اسلامی عبادات کی ادائیگی کے لئے جو وضو اورغسل کا حکم ہے پاک پانی ہی اس کی اساس اور اصل ہے ارشاد خداوندی ہے "ہم نے آسمان سے پاک پانی نازل کیا"(الفرقان : 48)
کہیں اللہ عزوجل نے پانی کو "مبارک " کی صفت کے ساتھ متصف کیاہے ، کسی چیز کا باعث برکت ہونا یہ خوبی تو ہزار ہا خوبیوں سے بڑھ کر اور برتر ہے ، اس حوالے سے ارشاد خدوندی ہے :"اور ہم نے آسمان سے بابرکت پانی برسایا اور اس سے باغات اور کٹنے والے کھیت کے غلے پیدا کئے۔"(سورہ ق:9)
اور ایک صفت پانی کی یہ بتلائی کہ پانی زمین کی زندگی اور حیات کا ذریعہ ہے ، کھیتی ، باغات ، غلے ، اناج اور قسم کے پھول پودوں پیڑوں کے وجود کا سبب ہے ،جس سے نہ صرف زمین کو رونق اور خوبصورتی ، سرسبز وشادابی وتروتازگی حاصل ہوتی ہے ؛ بلکہ غلوں اور پیڑ پودوں اور پتوں اور سبزیوں کی شکل میں جو اناج انسان کے بشمول ہر ذی روح کو حاصل ہوتا ہے وہ بھی پانی کے ہی رہین منت ہیں؛ چنانچہ اس حوالے سے ارشاد خداوندی ہے :"اور ہم نے آسمان سے بابرکت پانی برسایا اور اس سے باغات اور کٹنے والے کھیت کے غلے پیدا کئے۔ "(سورۃ ق : 9)
پانی کی ایک صفت اور خوبی یہ بھی اللہ عزوجل نے بیان فرمائی کہ پانی کو "فرات" یعنی پاک وصاف وشفاف قراردیا، جوکہ نہ صرف اس کی شفافیت اور اس کے قابل استعمال اور عظیم القدر اور بیش بہا وبیش قیمت ہونے پر دال ہے ؛بلکہ انسان کو ساتھ ہی ساتھ یہ دعوت دیتا ہے کہ انسان اس پانی کو اور اس کی شفاقیت اور صفائی کو ملیامیٹ کرنے اور ختم کرنے والے امور سے بھی کلیہ اجتناب اور پرہیز کرے ،نہ جانے انسان نے اس وقت اس بیش بہا اور بیش قیمت شیء کو گدلا کرنے والے کتنے ہی ذرائع فیکٹریوں وغیرہ کی شکل میں ایجاد کر لئے جس غلیظ اور خراب مواد کے اخراج اور اس کے پانی میں رل مل جانے سے پانی کی شفافیت اوراس کے صاف ستھرا پن میں فرق آجاتا ہے ، اس حوالہ سے ارشاد باری عزوجل ہے " اور تمہیں سیراب کرنے والا میٹھا پانی پلایا"(سورۃ المرسلات : 27)
بہرحال پانی کے اس کوکب ارضی کے بقاء میں اہمیت وافادیت کابالکل انکارنہیں کیا جاسکتا، روئے زمین کی ہر شیء کا کی بقاء وحیات کا دارومدار پانی پر موقوف ہے، یہاں ہم چند ایک آیتیں پڑش کرتے ہیں جس میں اللہ عزوجل نے زمین کو پانی کے بغیر مردہ اور بے حیات وبے جان قرار دیا ہے ، جس میں تروتازگی اور شادابی ، ہریالی پانی کے وجود سے آتی ہے ،گویا کہ پانی کا وجود زمین کے بقاء کے لئے جسم کے لئے وجود کے لئے روح کی قیمت رکھتا ہے ، اللہ عزوجل نے قرآن کریم میں اس سے متعلق بے شمار آیتیں نازل فرما کر انسان کو دعوت فکر دی ہے کہ وہ پانی کی قدر وقیمت کا اندازہ لگائے اور وہ یہ جانے کہ پانی یہ وہ بیش قیمت اور بیش بہا شیء ہے اور وہ قیمتی سوغات اور روئے زمین کے عظیم سرمایہ ہے جس کے بغیر حیات کا تصور ہی نہیں۔
چنانچہ ایک جگہ اللہ عزوجل کا ارشاد گرامی ہے :
"کیا آپ نے نہیں دیکھا کہ اللہ تعالی آسمان سے پانی برساتا ہے، پس زمین سر سبز ہو جاتی ہے، بیشک اللہ تعالی مہربان اور باخبر ہے۔"(سورۃ الحج : 63)اور یہ بھی ارشاد فرماتا ہے:"اور جو کچھ روزی اللہ تعالی آسمان سے نازل فرما کر زمین کو اسکی موت کے بعد زندہ کر دیتا ہے"(الجاثیۃ:5)اور یہ بھی ارشاد ہے :"اور اللہ آسمان سے پانی برسا کر اس سے زمین کو اس کی موت کے بعد زندہ کر دیتا ہے۔ یقیناًاس میں ان لوگوں کے لئے نشانی ہے جو سنیں۔"(النحل : 65)اور یہ بھی فرماتا ہے :"اور اگر آپ ان سے سوال کریں کہ آسمان سے پانی اتار کر زمین کو اس کی موت کے بعد زندہ کس نے کیا؟ تو یقیناًان کا جواب یہی ہوگا اللہ تعالی نے"(العنکبوت:63) اور مزید فرماتا ہے :"تو دیکھتا ہے کہ زمین بنجر اور خشک ہے پھر جب ہم اس پر بارش برساتے ہیں تو وہ ابھرتی ہے اور پھولتی ہے اور ہر قسم کی رونق دار نباتات اگاتی ہے"(الحج :5)اور یہ بھی ارشاد ہے "اور اس اللہ کی نشانیوں میں سے ہے کہ تو زمین کو دبی دبائی دیکھتا ہے پھر جب ہم اس پر مینہ برساتے ہیں تو وہی ترو تازہ ہو کر ابھرنے لگتی ہے جس نے اسے زندہ کیا وہی یقینی طور پر مردوں کو بھی زندہ کرنے والا ہے"(فصلت :39)پس آپ رحمت الہی کے آثار دیکھیں کہ زمین کی موت کے بعد کس طرح اللہ تعالی اسے زندہ کر دیتا ہے؟ کچھ شک نہیں کہ وہی مردوں کو زندہ کرنے والا ہے اور وہ ہر ہرچیز پر قادر ہے۔(الروم: 50)۔
چنانچہ جب پانی کے نزول کی وجہ سے مردہ زمین زندہ ہوجاتی ہے تو وہ کھیتوں ، غلات ، درختوں ،پھل ، پھول ،ترکایوں ،کھاس پھوس وغیرہ کی شکل میں اپنے خزانے اگلنا شروع کردیتی ہے جس پر نہ صرف انسانی زندگی کا دارومدار ہے ؛ بلکہ چرند پرند، جانور ، کیڑے مکوڑے اور حشرات الارض ؛ بلکہ ہر ذیر کی زندگی اس پر موقوف ہے ، ا س کے ذریعے اندازہ لگایاجاسکتا ہے پانی کس قدر بیش بہا اوربیش قیمت شیء ہے ۔
چنانچہ پانی کے برسنے کے بعد جب زمین میں حیات اور زندگی کی لہر دوڑ جاتی ہے تو اس کے عوض میں خزانے اور غلات وہ اگلتی ہے اس کا تذکرہ کرتے ہوئے اللہ عزوجل نے ارشاد فرمایا :"پھر برسات کی وجہ سے مختلف قسم کی پیداوار بھی ہم ہی پیدا کرتے ہیں۔تم خود کھاؤ اور اپنے چوپاؤں کو بھی چراؤ، کچھ شک نہیں کہ اس میں عقلمندوں کے لئے بہت سی نشانیاں ہیں"(طہ : 54)اوریہ بھی ارشاد خداوندی ہے :" کس نے آسمان سے بارش برسائی؟ پھر اس سے ہرے بھرے بارونق باغات اگائے؟ ان باغوں کے درختوں کو تم ہرگز نہ اگا سکتے،"(النمل : 60) اور یہ بھی ارشاد خداوندی ہے :"اور آسمانوں سے بارش برسا کر اس کے ذریعے تمہاری روزی کے پھل نکالے ہیں"(سورۃ ابراہیم : 23)اور یہ بھی فرماتا ہے :"کیا آپ نے نہیں دیکھا کہ اللہ تعالی آسمان سے پانی اتارتا ہے اور اسے زمین کی سوتوں میں پہنچاتا ہے پھر اسی کے ذریعے مختلف قسم کی کھیتیاں اگاتا ہے پھر وہ خشک ہو جاتی ہیں اور آپ انہیں زرد رنگ میں دیکھتے ہیں پھر انہیں ریزہ ریزہ کر دیتا ہے اس میں عقلمندوں کیلئے بہت زیادہ نصیحت ہے۔"(سورۃ الزمر : 21)اور یہ بھی فرماتا ہے :"کیا یہ نہیں دیکھتے کہ ہم پانی کو بنجر زمین کی طرف بہا کر لے جاتے ہیں پھر اس سے ہم کھیتیاں نکالتے ہیں جسے ان کے چوپائے اور یہ خود کھاتے ہیں ،ا پھر بھی یہ نہیں دیکھتے ۔"(السجدۃ:72)
خلاصہ یہ کہ پانی یہ اللہ عزوجل کی عظیم اور بیش قیمت نعمت ہے، اس نعمت کی قدر دانی کی جائے ، اس کا تحفظ کیا جائے ، اور اس کو گدلا اور گندے کرنے والے امور سے پرہیز کیا جائے ، فیکٹریوں وغیر ہ کے غلیظ اور گندے موادکے پانی میں نہ چھوڑا جائے ،اس سے نہ صرف ہم اپنا ہی نقصان کر رہے؛ بلکہ فضا اور ماحو ل کوبھی گدلا کررہے اور اس عظیم نعمت خداوندی کی جس پر ساری دنیا کی حیات اور بقاء اس کے ضیاع کے محرک بن رہے ہیں ۔

***
مفتی رفیع الدین حنیف قاسمی ، وادی مصطفی شاہین نگر ، حیدرآباد۔
rafihaneef90[@]gmail.com
رفیع الدین حنیف قاسمی

God gifted Water is essential for life. Article: Rafi Haneef

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں