ممتا حکومت پر مرکزی فنڈز کو عوام تک نہ پہنچانے کا الزام - راہل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-03-26

ممتا حکومت پر مرکزی فنڈز کو عوام تک نہ پہنچانے کا الزام - راہل

کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی نے آج مغربی بنگال کی ممتا بنرجی حکومت کو نشانہ تنقید بنایا اور کہاکہ یہ حکومت بایاں محاذ حکومت سے مختلف نہیں ہے جس کا اس نے تختہ پلٹا تھا۔ ضلع جلپائی گوڑی کے نگر کاٹا میں انتخابی ریالی سے خطاب کرتے ہوئے راہول گاندھی نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ ریاست کو بھیجے گئے مرکزی فنڈس کبھی استفادہ کنندوں تک نہیں پہنچے۔ انہوں نے کہاکہ بنگال نے ملک کیلئے عظیم خدمات انجام دی ہیں لیکن بدبختی سے اس کی ویسی ترقی نہیں ہوئی جیسی ہونی چاہئے تھی۔ راہول گاندھی نے کہاکہ قبل ازیں یہاں کمیونسٹ حکومت ہوا کرتی تھی۔ روس میں کمیونزم ناکام ثابت ہوا۔ چین میں یہ تبدیل ہوگیا اور خوش قسمتی سے مغربی بنگال میں بھی اسے تبدیل کردیاگیا۔ راہول گاندھی نے مزید کہاکہ عوام کو اس بات کی امید تھی کہ نئی حکومت ترقی اور تعلیم کے ساتھ ملازمتیں اور روزگار کی پیداوار کیلئے کام کرے گی۔ بدقسمتی سے ترنمول حکومت نے بھی وہی کیا ہے جو کمیونسٹ کرتے رہے ہیں اور جن کے خلاف اس نے لڑائی کی تھی۔ راہول نے کہاکہ ہم نے حکومت مغربی بنگال کو کروڑہا روپئے بھیجے یہ آپ کا پیسہ ہے۔ ارکان پارلیمنٹ اور ارکان اسمبلی کیلئے نہیں لیکن افسوسناک حقیقت یہ ہے کہ یہ رقم کولکتہ تو پہنچتی ہے لیکن آپ تک نہیں پہنچتی۔ ہمیں امید ہے کہ ایک دن ایسا آئے گا جب یہ رقم جو آپ کی ہے آپ تک پہنچے گی۔ کانگریس نے لیڈر نے کہاکہ ترقی کیلئے دی جانے والی رقم کنٹراکٹروں اور لیڈروں کی جیب میں نہیں ہونی چاہئے۔ گاندھی نے پوزیشن پر الزام عائد کیا کہ وہ خواتین کیلئے تمام اسمبلیوں میں ایک تہائی نشستیں مختص کی جانی والی قانون سازی میں رکاوٹ ڈال رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم لوک سبھا کے علاوہ تمام ریاستی اسمبلیوں میں 33فیصدنشستیں خواتین کیلئے مختص کرنا چاہتے ہیں لیکن اپوزیشن ہمیںیہ بل اس کرنے نہیں دے رہی ہے۔ کانگریس لیڈر نے چائے کے باغات میں کام کرنے والے ورکرس سے بھی خطاب کیا۔

Rahul attacks Mamata government, says central funds not reaching people

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں