تلنگانہ ریاست کا 2 جون کو قیام - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-03-05

تلنگانہ ریاست کا 2 جون کو قیام

نئی دہلی۔
(پی ٹی آئی)
ملک کی 29ویں ریاست تلنگانہ 2جون کو قائم ہوجائے گی اور اسی دن سے کام کرنا شروع کردے گی۔ وزارت داخلہ کے ایک ترجمان نے آج رات بتایاکہ نئی ریاست کا یوم تاسیس 2جون کو ہوگا جب کہ تلنگانہ کا قیام عمل میں آئے گا اور ایک علیحدہ ریاست کی حیثیت سے کام شروع کردے گی۔ مرکزی حکومت نے ملک کی 29ویں ریاست کے قیام سے متعلق گزٹ نوٹیفکیشن پہلے ہی جاری کردیا ہے۔ پارلیمنٹ نے آندھراپردیش کی تقسیم کے ذریعہ تلنگانہ کی تشکیل کیلئے 20جنوری کو منظوری دی تھی۔ یوم تاسیس کا اعلان انتخابی کمیشن کی جانب سے عام انتخابات کے شیڈول کے اعلان سے ایک دن قبل کیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن تلنگانہ اور آندھراپردیش اسمبلی انتخابات کیلئے علیحدہ شیڈول جاری کرسکتا ہے۔ حیدرآباد 10سال تک دونوں ریاستوں کا مشترکہ دارالحکومت ہوگا۔ مرکزی کابینہ نے اتوار کو سیما آندھرا ریاست کیلئے پانچ سال تک خصوصی زمرہ کا موقف دینے کی تجویز کو منظوری دی تھی۔ مرکز نے چیف منسٹر این کرن کمار ریڈی کے استعفیٰ کے بعد آندھراپردیش میں صدر راج نافذ کیا ہے۔ انتخابات سے قبل ایک سروے میں کہا گیا ہے کہ تلنگانہ میں کانگریس مرکز کیلئے پہلی پسند ہوگی جبکہ ایسا امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ ڈی ایم کے لوک سبھا انتخابات سے قبل ٹاملناڈو میں دوبارہ قدم جمارہی ہے اور گذشتہ ایک ماہ کے دوران ووٹوں کی پارٹی کی حصہ داری میں 8فیصد اضافہ ہوا ہے۔ جگن موہن ریڈی کی وائس ایس آر کانگریس پارٹی کے بارے میں پیش قیاسی کی گئی ہے کہ وہ سیما آندھرا علاقہ میں لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات میں اچھا مظاہرہ کرے گی۔ تلنگانہ کے عوام کیلئے کے چندر شیکھر راؤ کی زیر قیادت ٹی آرایس اسمبلی انتخابات کیلئے ترجیحی پسند ہے اور کانگریس لوک سبھا انتخابات کیلئے ان کی ترجیح ہے۔ سی این این۔ آئی بی این اور سی ایف ڈی ایس الیکشن ٹریکر کے سروے میں یہ بات سامنے آئی ہے۔ غیر منقسم آندھراپردیش کی 42لوک سبھا نشستوں میں سے اوپنین پول کے مطابق وائی ایس آر کانگریس کو 11تا17 نشستیں، تلگودیشم کو 10تا16نستیں اور کانگریس کو 6تا12نشستیں نیز ٹی آرایس کو 6تا12نشستیں حاصل ہوں گی۔ جنوری میں ایک سرے میں کہا گیا تھا کہ اے آئی اے ڈی ایم کے کو ٹاملناڈو میں کوئی 30فیصد ووٹ حاصل ہوں گے۔ لیکن اس مدت کے دوران ووٹوں میں ڈی ایم کے کی حصہ داری میں 8فیصد کا اضافہ ہوا ہے اور اسے 26فیصد ووٹرس کی پسند بتایا جارہا ہے۔ اے آئی اے ڈی ایم کے۔ بائیں بازو اتحاد ٹاملناڈو یمں 14سے 20سیٹیں اور ڈی ایم کے کو 10سے 16سیٹیں حاصل ہوسکتی ہیں۔ اس سروے میں کہا گیا کہ کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی ٹاملناڈو کے ووٹرس میں وزیراعظم کے عہدہ کیلئے ترجیحی پسند کے معاملہ میں نریندر مودی سے آگے ہیں۔ 21فیصد ووٹرس نے راہول گاندھی کی اور 16فیصد نے بی جے پی امیدوار کی تائید کی ہے۔

Telangana state will be born on June 2

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں