کرن کمار ریڈی کی پارٹی کا نام -جئے سمیکھیا آندھرا- - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-03-11

کرن کمار ریڈی کی پارٹی کا نام -جئے سمیکھیا آندھرا-

حیدرآباد۔
(یو این آئی)
سابق چیف منسٹر این کرن کمار ریڈی نے تلگو وقار اور عزت کے تحفظ کے دعوے پر نئی سیاسی جماعت کے قیام کے اعلان کے چند دن بعد آج اپنی پارٹی کے نام کا اعلان کردیا۔ انہوں نے بتایاکہ ان کی پارٹی کا نام جئے سمکھیا آندھرا ہوگا۔ یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کرن کمار ریڈی نے کہاکہ تلنگانہ عوام تقسیم کے فیصلہ پر افسوس کریں گے اور ایک دن متحدہ آندھرا کی مانگ کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ علاقہ سیما آندھرا کی ترقی کیلئے مل جل کر کام کرنا ہوگا۔ اس بات کا اعتراف کرتے ہوئے کہ کانگریس جنرل سکریٹری ڈگ وجئے سنگھ نے ان سے کہا تھا کہ نئی پارٹی کا قیام عمل میں نہ لائیں، کرن کمار ریڈی نے کہاکہ انہوں نے اس وقت بھی ڈگ وجئے سنگھ کی بات نہیں مانی جب میں کانگریس پارٹی میں تھا۔ انہوں نے بتایاکہ ہم صرف ایسے قائدین کو پارٹی ٹکٹ دیں گے جو عوام کی خدمت کیلئے سخت محنت کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ کوئی اڈوانس بکنگ نہیں ہوگی۔ سری ہری راؤ، کو پارٹی کے بانی کے طورپر منتخب کیا گیا ہے۔ نائب صدور میں سائی پرتاپ، یوارون کمار، پی ستیہ نارائنا اور ہرشا کمار شامل ہیں۔ کرن کمار ریڈی نے بتایاکہ پارٹی کے نظریات، پرچم اور دیگر تفصیلات کا 12مارچ کو راجمندری کے جلسہ عام میں اعلان کیا جائے گا۔ پریس کانفرنس میں کانگریس پارٹی سے خارج کردہ ارکان پارلیمنٹ شبم ہری، لگڑا پارٹی راج گوپلا اور تلسی ریڈی موجود تھے۔ اسی دوران راجمندری سے پی ٹی آئی کے بموجب سابق چیف منسٹر این کرن کماریڈی کی نئی سیاسی جماعت کے قیام اور نام کے علاوہ پالیسیوں کے اعلان کیلئے مقررہ جلسہ عام کا مقام انتخابی ضابطہ اخلاق کے باعث تبدیل کردیاگیاہے۔ یہ جلسہ گورنمنٹ کالج گراونڈ پر منعقد ہونے والا تھا۔ ذرائع نے بتایاکہ مشرقی گوداری کے کلکٹر نے 12مارچ کو اس جلسہ کی اجازت نہیں دی کیونکہ عام انتخابات کے پیش نظر ریاست بھر میں انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ ہے۔ املا پورم کے رکن پارلیمنٹ جی وی ہرشا کمار نے پی ٹی آئی کو بتایاکہ کہ ضلع کلکٹر نیتو کماری پرساد نے کرن کمار ریڈی کی نئی سیاسی جماعت کا جلسہ عام گورنمنٹ آرٹس کالج گراونڈ میں منعقد کرنے کی اجازت نہیں دی ہے اس لئے ہم نے شہر کے مورم پوڈی علاقہ میں واقع ایل آئی سی آفس بلڈنگ کے قریب ایک نجی مقام پر جلسہ منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے بتایاکہ ہمیں امید ہے کہ ریاست کے مختلف مقامات سے عوام کی بڑی تعداد جلسہ میں شرکت کرے گی۔ جلسہ میں کرن کمار ریڈی، پارٹی پرچم، علامت، منشور اور دیگر امور کا اعلان کرتے ہوئے پارٹی کا رسم آغازعمل میں لائیں گے۔ ہرشار کمار، جلسہ عام کی تیاریوں کی نگرانی کررہے ہیں۔ راجمندری سپرنٹنڈنٹ آف پولیس روی کمار مورتی نے بتایاکہ ضلع کلکٹر نے سرکاری گراونڈز پر جلسہ عام کی اجازت نہ دینے سے متعلق احکام جاری کئے کیونکہ انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ ہے۔ کرن کمار ریڈی نے 7مارچ کو اعلان کیاتھا کہ وہ تلگو وقار کے تحفظ کیلئے ایک نئی سیاسی جماعت کا قیام عمل میں لائیں گے۔ انہوں نے بتایاتھا کہ وہ 12مارچ کو راجمندری میں جلسہ عام منعقد کرکے اپنی پالیسیوں اور دیگر تفصیلات کا اعلان کریں گے۔ اسی دوران معلوم ہوا ہے کہ کرن کمار ریڈی کی نئی سیاسی جماعت کا نام جئے سمیکیا آندھرا پارٹی ہوسکتا ہے۔ ذرائع کے بموجب ایک شخص چندرو سری ہری راؤ نے ریاستی الیکشن کمیشن میں سمیکھیا آندھرا پارٹی کے نام سے ایک سیاسی جماعت رجسٹر کرائی تھی تاکہ مجالس مقامی کے انتخابات میں حصہ لے سکیں۔

Jai Samaikyandhra is Kiran Kumar Reddy's new party

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں