کانگریس جنتادل یو اتحاد خارج از امکان - چیف منسٹر نتیش - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-03-05

کانگریس جنتادل یو اتحاد خارج از امکان - چیف منسٹر نتیش

پٹنہ۔
(پی ٹی آئی)
ان قیاس آرائیوں کے درمیان کہ کانگریس آر جے ڈی کے بجائے جنتادل (یو) کے ساتھ اتحاد کرے گی، چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے آج واضح طورپر اس امکان کو خارج کردیا اور کہاکہ ریاست کو خصوصی زمرہ کا موقف عطا کرنے لمحہ آخر میں کیا جانے والا فیصلہ بھی ایسے اتحاد کی راہ ہموار نہیں کرسکتا۔ انہوں نے کہاکہ یہ بے بنیاد قیاس آرائیاں ہیں۔ ان میں کوئی سچائی نہیں۔ بہار کو خصوصی زمرہ کا موقف عطا کئے جانے پر کانگریس کے ساتھ اتحاد کے امکانات پر سوال پر انہوں نے کہاکہ سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ ابتداء سے ایسی کوئی تجویز نہیں رہی ہے، یہ غیر ضروری قیاس آرائی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کانگریس اور لالو پرساد کی آر جے ڈی فطری حلیف ہیں۔ انہوں نے مزید کہاکہ ان(کانگریس اور آر جے ڈی) کے درمیان بات چیت جاری ہے یا نہیں اس کاہم سے کوئی لینا دینا نہیں۔ وہ یہاں روڈ پراجکٹس کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد بات چیت کررہے تھے۔ نتیش کمار نے جو جنتادل (یو) کے کرتا دھرتا ہیں، کہا کہ ان کی پارٹی آنے والے عام انتخابات کیلئے بہار میں سی پی ایم کے ساتھ اتحاد کرے گی۔ علیحدہ اطلاع کے مطابق نریندر مودی کے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہاکہ بہار دہشت گردوں کی آماجگاہ بن گیا ہے، چیف منسٹر نتیش کمار نے آج گجرات اور ملک کے دیگر علاقوں میں پیش آئے پر تشدد واقعات پر سوال اٹھایا۔ انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کا کوئی بھی واقعہ باعث تشویش ہے لیکن اگر ایک یا دو واقعات کی بنیاد پر بہار کو دہشت گردی کی آماجگاہ قرار دیا جاتا ہے تو پھر ہم گجرات اور ملک کے دیگر علاقوں میں پیش آرہے ایسے متعدد واقعات کے بارے میں کیا کہیں گے۔ ہر شخص اس بات سے واقف ہے کہ پٹنہ ریالی میں جو فلاث ثابت ہوئی، سلسلہ وار بم دھماکوں سے کسے فائدہ پہنچا۔ اگر یہ بدبختانہ واقعہ پیش نہ آتا تو میڈیا اس ریالی پر توجہ ہی نہیں دیتا۔ بی جے پی کے وزارت عظمی امیدوار مودی کی جانب سے کل مظفر پور ریالی میں عائد کئے گئے الزامات کا جواب دیتے ہوئے جنتادل (یو) کے سینئر قائد نے کہاکہ اپنی شخصیت کے مطابق بعض افراد ہر چیز کو فرقہ پرستی کی نظر سے دیکھتے ہیں۔ کمار نے کہاکہ انتخابات سے قبل دہشت گردی کے نام پر سیاست کرنا ایک شرمناک کوشش ہے۔

JD-U unlikely to ally with Cong

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں