تانڈور بن گیا کشمیر - زبردست ژالہ باری کے ساتھ بارش - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-03-06

تانڈور بن گیا کشمیر - زبردست ژالہ باری کے ساتھ بارش

Tandur Heavy rain
زبردست ژالہ باری کے ساتھ بارش،، شہرکی سڑکیں اولوں سے بھر گئیں ، 400/ ایکڑپرپیاز کی فصلیں تباہ، چنااور کپاس کی فصلوں کو نقصان

آندھراپردیش کی راجدھانی حیدرآباد سے 110؍کلومیٹر کے فاصلہ پر موجود ضلع رنگاریڈی کے تانڈور میں گذشتہ شام 4؍بجے اچانک گھن گرج کے ساتھ دھواں دھار بارش کا آغاز ہوا اور تیز و سرد ہواؤ ں کے ساتھ زبردست ژالہ باری ہوئی جس کے باعث شہر کی تمام سڑکیں، مکانات کے آنگن ، اسکولس کے گراؤنڈس اولوں سے بھرگئے تھے لوگوں کا کہنا تھا کہ زائد از 40؍سال کے بعد ایسی ژالہ باری کا نظارہ دیکھنے میں آیا ہے۔یہاں کے قدیم تانڈور، شاہی پور ، اندرا نگر کے بشمول دیگر مختلف علاقوں میں ژالہ باری کے دؤران الگ الگ جسامت کے اولے پڑے جسے دیکھ کر عوام حیرت کا اظہار کرنے لگے زائد از نصف گھنٹے تک بارش ، ہواؤں اور ژالہ باری کا سلسلہ جاری رہا۔ دوسری طرف یہاں سے صرف 7؍کلو میٹر کے فاصلے پر موجود موضع گوپن پلی کے قریب زائد از دو دو تین تین کلو وزنی برف کے ٹکڑے گرے یہ سارا علاقہ برفیلے مقام کشمیر کا منظر پیش کر رہا تھا جبکہ تانڈور سے سی سی آئی سمنٹ فیکٹری جانے والی ریلوے ٹریک پر بھی برف جمع ہوگئی تھی جہاں اطلاع کے بعد عوام اپنے بچوں کے ساتھ پہنچنے لگے جوکہ یہاں پہلی مرتبہ برف باری کا لطف لیتے ہوئے برف سے کھیلنے میں مصروف نظر آئے اس برفباری اور ژالہ باری کے باعث اس علاقہ کے بشمول اطراف کے دیگر مواضعات میں 400؍ایکڑ پرپیاز کی فصل تباہ ہوگئی ہے اور ساتھ ہی کپاس اور چنے کی فصلوں کو نقصان پہنچا ہے۔ جبکہ تانڈور کے نہرو گنج میں دوسرے دن بھی بہتر قیمت کی امید کے ساتھ کسانوں کی جانب سے ذخیرہ کئے گئے مونگ پھلی کے ہزاروں کنٹل تھیلے بھیگ گئے دوسری جانب یہاں سے 14؍کلومیٹر کے فاصلے پر مواضعات کرنکوٹ اورہوگی پور میں موجود پتھر کی معدنیات سیلابی پانی سے لبریز ہوگئیں جن میں کام روک دیا گیاہے۔ ژالہ باری کی شدت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہیکہ یہاں سے 6؍کلومیٹر کے فاصلہ پر موضع سر گری پیٹ میں موسم گرما کی مناسبت سے کمہاروں کی جانب سے بہتر آمدنی کی امید پر بنائے گئے مختلف مٹی کے جام، صراحیاں ، گھڑے ، رنجن اور دیگرمٹی سے بنی اشیاء کا بڑا ذخیرہ ٹوٹ پھوٹ کر تباہ ہوگیا جس کے باعث کمہاروں کا بھی شدید نقصان ہوا ہے ۔تانڈور میں تیز ہواؤں ، ژالہ باری اور بارش کے دؤران کئی مقامات پر درخت اور برقی تارٹوٹ کر گرپڑے جس کے باعث برقی سربراہی مسدود ہوگئی تھی رات 10؍بجے کے بعد ہی برقی سربراہی بحال کی جاسکی ۔

Heavy rain with hail storms in Tandur

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں