دہلی میں شمال مشرق کے طلباء کا احتجاج - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-02-02

دہلی میں شمال مشرق کے طلباء کا احتجاج

نئی دہلی۔
(پی ٹی آئی)
شمال مشرق سے تعلق رکھنے والے طلبہ نے آج بعض دکانداروں کے ہاتھ پٹائی کے بعد اروناچل پردیش کے رکن اسمبلی کے فرزند کی موت کے خلاف لاجپت نگر پولیس اسٹیشن کے باہر احتجاج کیا لیکن تیز رفتار تحقیقات سے متعلق سینئر پولیس عہدیداروں کی یقینی دہانی کے بعد اپنے احتجاج کو ختم کردیا۔ شمال مشرق سے تعلق رکھنے والے طلبہ کی یونین کے ارکان احتجاجی آج صبح لاجپت نگر پولیس اسٹیشن کے باہر جمع ہوئے اور پولیس کے خلاف نعرے لگائے۔ 19سالہ طالب علم نیدوتانیہ کانگریس رکن اسمبلی اور پارلیمانی سکریٹری برائے محکمہ صحت و خاندانی بہبود نیدو پویترا کا بیٹا تھا جسے مبینہ طورپر اس کے بالوں کے اسٹائل پر ہوئی بحث و تکرار کے بعد لاجپت نگر میں چند دکانداروں نے پیٹ پیٹ کر ہلاک کردیا۔ ایک احتجاجی نے کہاکہ پولیس کو اس معاملہ میں تیز رفتار کارروائی کرنا چاہئے اگر مجرموں کو جیل نہیں بھیجا گیا تو ہم خاموش نہیں بیٹھیں گے۔ احتجاجیوں کی بڑی تعداد آج لاجپت نگر پولیس اسٹیشن کے باہر جمع ہوگئی اور پولیس کے خلاف نعرے لگائے۔ واقعہ کی مجسٹریل تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے۔ جنوبی دہلی میں یہ واقعہ چہارشنبہ کو اس وقت پیش آیا جب بعض دکانداروں نے نیدو تانیہ کے ہیر اسٹائل کا مذاق اڑایا اور بات بڑھ گئی۔ پولیس کے مطابق دکانداروں نے لڑکے کو پیٹا لیکن پولیس بروقت وہاں پہنچ گئی اور ان میں سمجھوتہ کرادیا جس کے بعد تانیہ صفدر گنج میں واقع اپنے گھر لوٹ گیا۔ تاہم اگلے دن وہ مردہ پایا گیا۔ پولیس نے کہاکہ اس سلسلہ میں فرحان اور اکرم نامی دو دکانداروں کو پوچھ تاچھ کیلئے حراست میں لے لیا گیا ہے۔ پوسٹ مارٹم کی ابتدائی رپورت میں تانیہ کو کسی گہرے زخم کا پتہ نہیں چلا۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں