27/فروری ممبئی آئی۔این۔این (عبدالحئی انصاری)
راشٹر وادی کانگریس پارٹی ( این سی پی ) نے مہاراشٹر میں لوک سبھا انتخابات کا بگل بجاتے ہوئے18/لوک سبھا امیدواروں کی پہلی لسٹ جاری کردی ہے۔ این سی پی کے قومی سکریٹری اور ترجمان ڈی پی تر پاٹھی نے دہلی سے امیدواروں کی لسٹ جاری کی۔ 18/امیدواروں کی لسٹ میں ایک بھی مسلم چہرہ شامل نہیں ہے۔ ممبئی نارتھ ایسٹ لوک سبھا سیٹ سے سنجے دینا پاٹل کو دوبارہ موقع دیا گیا ہے جبکہ مہاراشٹر میں این سی پی کے قد آور لیڈر اور پی ڈبلیو ڈی کے وزیر چھگن بھجبل کو پہلی بار ناسک لوک سبھاسیٹ سے امیدوار بنا یا ہے۔ اسی طرح پہلی بار سابق وزیر وجئے سنگھ موہتے پاٹل کو ٹکٹ دیا گیا ہے۔ این سی پی نے بی جے پی لیڈر گوپی ناتھ منڈے کے گڑھ بیڑ لوک سبھا سیٹ اور شیو سینا کے گڑھ ماول لوک سبھا سیٹ پر اپنے امیدواروں کے ناموں کا فی الحال اعلان نہیں کیا ہے۔ اسی طرح ہنکولی اور ہتھ کنگلے لوک سبھا سیٹوں کے امیدواروں کے ناموں کا اعلان بھی نہیں کیا ہے۔ یاد رہے کہ کانگریس اور این سی پی کے مابین سیٹوں کے بٹوارے کے بعد این سی پی پہلی سیاسی پارٹی ہے جس نے مہاراشٹر میں اپنے امیدواروں کی لسٹ جاری کی ہے۔ مہاراشٹر میں لوک سبھا کی 48/سیٹیں ہیں جن میں سے کانگریس 26/سیٹوں پر چناؤ لڑ رہی ہے۔ این سی پی کی جانب سے امیدواروں کے اعلان کے بعد کانگریس پر دباؤ بڑھ گیا ہے کہ وہ بھی اپنے امیدواروں کا اعلان کردے۔ اس سلسلے میں کانگریس بھی جلد ہی اپنے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کرسکتی ہے۔ دوسری طرف مہاراشٹرا کی سیاست میں ہلچل پیدا کرنے والی عام آدمی پارٹی کے لیڈر منیش سسودیا نے دہلی میں لوک سبھا چناؤ کیلئے 30/امیدواروں کی دوسری لسٹ جاری کردی ہے جس میں مہاراشٹرا کے لیے 10/امیدواروں کا اعلان کیا گیا ہے۔ ان میں ثمینہ خان کی شکل میں ایک مسلم خاتون امیدوار شامل ہیں، جن کو سانگلی سے ٹکٹ دیا گیا ہے۔ اسی طرح تھانے لوک سبھا سیٹ سے سنجیو سانے کو کھڑا کیا گیا ہے جبکہ للت بابر کو شولاپور، بھاؤنا بھاویش کو امراؤتی ، نند و مادھو کو بیٹر، دیپک مہسکے کو جالنہ،پرشانت مشرا کو گوندیا، وامن راؤ کو چندر پور ماروتی بھاپکر کو ماول اور سبھاش لومٹے کو ارونگ آباد سے امیدوار بنا یا گیا ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل، آپ ، ممبئی کی 6 /لوک سبھا سیٹوں میں سے ممبئی نارتھ ایسٹ سے میدھا پاٹکر، ممبئی نارتھ ویسٹ سے مینک گاندھی اور ممبئی ساؤتھ سینٹرل سے میرا سانیال کے ناموں کا اعلان کرچکی ہے۔ اس طرح سے عام آدمی پارٹی مہاراشٹر کی 13/سیٹوں کے لئے اب تک اپنے امیدواروں کا اعلان کرچکی ہے۔ ایسے میں پارٹی نے جمعرات کو دہلی میں 30/امیدواروں کا اعلان کیا جن میں سے صرف 3/مسلم چہرے ہیں اس طرح سے پارٹی نے اب تک کل 50/امیدواروں کے ناموں کا اعلان کردیا ہے جن میں صرف 4/مسلم امیدوار ہیں۔ واضح رہے کہ پارٹی نے 200/سے زائد سیٹوں پر الیکشن لڑنے کا اعلان کیا ہے۔NCP releases first candidate list for Lok Sabha polls
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں