کجریوال الزامات ثابت کریں یا استعفیٰ دیں - کپل سبل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-02-02

کجریوال الزامات ثابت کریں یا استعفیٰ دیں - کپل سبل

نئی دہلی۔
(پی ٹی آئی)
اروند کجریوال کی جانب سے بدعنوان سیاستدانوں کی فہرست میں اپنا شامل کئے جانے کے ایک دن بعد مرکزی وزیر کپل سبل نے آج اس پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہاکہ چیف منسٹر دہلی دو دن میں الزامات ثابت کریں یا استعفیٰ دیں۔ انہوں نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ "مجھے حیرت ہے کہ چیف منسٹر کا عہدہ رکھنے والے ایک شخص نے میرے خلاف یہ الزام لگایا ہے۔ اس کے پیچھے بدنیتی معلوم ہوتی ہے، ورنہ ایسے بے بنیاد الزامات نہ لگائے جاتے۔ مجھے کرپٹ قرار دینے پر میں حیرت زدہ ہوں۔ میں انہیں کرپشن کا الزام ثابت کرنے دو دن کی مہلت دیتاہوں، وہ مہلت کے دوران میرے کرپشن کا ثبوت میرے حوالے کریں یا پھر چیف منسٹر کے عہدے سے مستعفی ہوجائیں"۔ وزیر قانون نے کہاکہ اگر کجریوال اپنے الزامات کا ثبوت دینے میں کامیاب ہوگئے تو وہ نہ صرف مرکزی وزیر کی حیثیت سے بلکہ سیاست سے سبکدوشی ہوجائیں گے۔ سبل نے برہمی ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ وہ کجریوال کو پہلے بھی انتباہ دے چکے ہیں اور آج بھی کہتے ہیں کہ ان کے خلاف ایسے سنگین الزامات کسی نہ عائد نہیں کئے، ان کے خلاف کبھی کوئی شکایت نہیں کی گئی، کوئی ایف آئی آر درج نہیں ہے، اگر وہ کرپشن کے ایک معاملہ میں بھی عدالت کی جانب سے قصور وار قرار دینے کا الزام ثابت کرسکتے ہیں تو وہ نہ صرف مرکزی وزارت بلکہ سیاست چھوڑ دیں گے۔ کجریوال نے جمعہ کو بدعنوان سیاستدانوں کی ایک لمبی فہرست جاری کرتے ہوئے یہ کہا تھا کہ پارلیمنٹ کو کرپٹ لیڈروں سے پاک کرنے کے مقصد سے ان کی عام آدمی پارٹی نے ان تمام قائدین کے خلاف امیدوار ٹھہرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ کجریوال کی جانب سے میڈیا کیلئے جاری کردہ فہرست میں کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی، یوپی اے کے کئی وزراء، ایس پی سربراہ ملائم سنگھ یادو، بی ایس پی سربراہ مایاوتی، بی جے پی کے سابق صدر نتن گڈکری شامل ہیں۔ انہوں نے کانگریس کی صدر سونیا گاندھی پر موروثی سیاست کو پروان چڑھانے کا الزام لگایا جبکہ بی جے پی کے وزارت عظمی کے امیدوار نریندر مودی پر سیاست کو جرائم زدہ کرنے کا الزام عائد کیا۔ کئی سیاستدانوں کو بدعنوان قرار دے کر بھانومتی کا پٹارہ کھولنے والے چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال کے خلاف آج کئی قائدین نے انہیں معافی نہ مانگنے پر قانونی کارروائی کرنے کی دھمکی دی۔ بی جے پی لیڈر اننت کمار اور کانگریس رکن پارلیمنٹ اوتار سنگھ بھاڈانا نے الزام لگانے پر عام آدمی پارٹی کو لیگل نوٹس جاری کی۔ اننت کمار نے اپنی لیگل نوٹس میں کہاکہ کجریوال کے الزامات بے بنیاد ، مذموم اور محرکات پر مبنی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ چیف منسٹر دہلی نے اپنے دعوے کی تائید میں کوئی ثبوت پیش نہیں کیا ہے اس لئے انہیں 3دنوں کے اندر غیر مشروط معافی مانگنی چاہئے۔ مرکزی وزیر جہاز رانی جی کے واسن نے بھی ان کے خلاف کرپشن کے الزامات لگانے پر کجریوال کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائرکرنے کی دھمکی دی۔ وزیر قانون کپل سبل نے جن کا نام کجریوال نے لیا ہے کہاکہ دہلی کے چیف منسٹر کو دو دنوں کے اندر الزامات ثابت کرنا چاہئے یا استعفیٰ دینا چاہئے۔ بی جے پی کے سابق صدر نتن گڈکری نے دھمکی دی کہ اگر کجریوال اپنا الزام فوری واپس نہیں لیتے ہیں وہ قانونی کارروائی کریں گے۔

Kapil Sibal challenges Kejriwal to prove corruption charge or resign

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں