ہندوستان صوفی سنتوں کا گہوارہ - گلبرگہ میں سونیا گاندھی کا خطاب - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-02-02

ہندوستان صوفی سنتوں کا گہوارہ - گلبرگہ میں سونیا گاندھی کا خطاب

گلبرگہ(کرناٹک) ۔
(پی ٹی آئی/یو این آئی)
بی جے پی کے وزارت عظمی کے لئے پارٹی امیدوار نریندر مودی پر سخت ترین حملہ کرتے ہوئے کانگریس کی سربراہ سونیا گاندھی نے آج انتہائی سخت ترین لب و لہجہ اور جارحانہ انداز میں کہاکہ بی جے پی ہندوستان میں زہر کے بیج بو رہی ہے اور اقتدار کیلئے تشدد بھڑکارہی ہے۔ کرناٹک کے شہر گلبرگہ میں ایک ریالی سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس سربراہ نے کہاکہ بی جے پی اور اس کی حلیف جماعتوں کا واحد مقصد اقتدار حاصل کرنا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ ایسی زہریلی اور تخریبی سیاست کی علمبردار جماعتوں کو ہرگز اقتدار حاصل کرنے کا موقع فراہم نہ کریں۔ بی جے پی کو ملک کے سیکولر اصولوں پر ہرگز یقین نہیں ہے۔ یہی وجہہ ہے کہ وہ ہمیشہ سے ہی تشدد بھڑکانے، نفرت پیدا کرنے اور زہر کی کاشت کاری کرنے میں مصروف رہی ہے۔ بی ج پی نے سونیا گاندھی کے اس خطرناک ریمارکس پر بوکھلاہٹ کااظہار کرتے ہوئے ان الفاظ میں ردعمل ظاہر کیا کہ 2014ء کے انتخابات میں کانگریس کو بالکل اسی طرح سے شکست کا سامنا کرنا پڑے گا جس طرح 2007ء میں سونیا گاندھی کو موت کا سوداگر ریمارک کی قیمت چکانی پڑی تھی۔ 2007ء میں بھی سونیاگاندھی نے نریندر مودی کو موت کا سوداگر قرار دیا تھا۔ انہوں نے بی جے پی کے لیڈروں بالخصوص نریندر مودی کا تذکرہ رکتے ہوئے کہاکہ کیا انہوں نے کبھی قوم کیلئے کبھی اچھا کام کیا ہے؟ بالکل نہیں! ان کا واحد مقصد یہی ہے کہ ہر قیمت پر اقتدار حاصل کیا جائے، ملک کے سیکولر کردار کو ختم کیا جائے، فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو تباہ کیا جائے اور تشدد کاماحول پیدا کیا جائے۔ سماج میں نفرت پھیلانا بی جے پی کا مرغوب مشغلہ رہا ہے۔ عوام کو ان طاقتوں سے باخبر رہناچاہئے۔ سونیا گاندھی نے کہاکہ ہندوستان صوفی سنتوں کی سرزمین ہیں، جہاں تمام مذاہب کا احترام کیا جاتا ہے۔ یہ ملک ملی جلی تہذیب کو گہوارہ رہا ہے۔ انہوں نے حیدرآباد دکن کے علاقہ کو جس میں کرناٹک بھی شامل ہے، صوفی سنتوں کی سرزمین قرار دیا۔ بی جے پی کے ساتھ سونیا گاندھی نے عام آدمی پارٹی کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہاکہ بعض جماعتیں فرقہ پرست ہیں اور بعض صرف مشورہ دینے میں مہارت رکھتی ہیں۔ ان کا اشارہ عام آدمی پارٹی کی طرف تھا۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں