سماج وادی پارٹی کا تشکیل حکومت میں اہم رول ہوگا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-02-02

سماج وادی پارٹی کا تشکیل حکومت میں اہم رول ہوگا

لکھنو۔
(پی ٹی آئی)
ایک تیسرے محاذ کی تشکیل کا اشارہ دیتے ہوئے سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے سربرہا ملائم سنگھ یادو نے آج کہاکہ ان کی پارٹی لوک سبھا انتخابات کے بعد دہلی میں حکومت کی تشکیل میں ایک بڑا رول ادا کرے گی۔ ہم اترپردیش میں انتخابات جیت چکے ہیں اور اب وقت آگیا ہے کہ دہلی کے انتخابات جیتے جائیں۔ سماج وادی پارٹی مرکز میں حکومت کی تشکیل میں ایک بڑا رول ادا کرے گی۔ ہم نے ایک بار دہلی پر حکمرانی کی تھی لیکن یہ حکومت دیرپا ثابت نہیں ہوئی کیونکہ مختلف پارٹیوں کے قائدین متحدہ طورپر کام کرنے سے قاصر رہے۔ ہم کو اس بار یہ یقینی بنانا ہوگا کہ حکومت کام کرے۔ یواین آئی کے مطابق ایس پی نے آج سیکل یاترا کا آغاز کیا ہے جو 7فروری تک جاری رہے گی۔ یہ یاترا اترپردیش کے ہر اسمبلی حلقہ تک پہنچے گی۔ اس ریالی کو چیف منسٹر اکھلیش یادو کی موجودگی میں پارٹی صدر ملائم سنگھ یادو نے جھنڈی دکھائی۔ اس سے پہلے اسی طرح کی سیکل یاترا اسمبلی انتخابات سے قبل 2012ء میں نکالی گئی تھی جس کی قیادت پارٹی کے ریاستی صدر اکھلیش یادو نے کی تھی۔ یاترا کو ہری جھنڈی دکھاتے ہوئے ملائم سنگھ یادو نے کہاکہ پارٹی کیلئے یہ وقت کرویا مرو کی طرح ہے۔ لوک سبھا انتخابات میں اگر سماج وادی پارٹی کو 50 سے زیادہ نشستیں نہیں ملتی ہیں تو حکومت سازی میں پارٹی کا رول کمزور ہوجائے گا۔ ملائم سنگھ یادو نے کہاکہ ہر حال میں جیتنا ہے کیونکہ جیت ہی اہم ہے۔ باہمی اختلافات بھلا کر انتخابات میں اچھے نتائج لانے ہیں۔ انہوں نے ریاستی حکومت کی کامیابیوں کو گاؤں گاؤں تک پہنچانے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہاکہ اکھلیش یادو حکومت عوام کیلئے بہترین کام کررہی ہے۔ اس کی تشہیر گاؤں گاؤں تک ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ ریاستی حکومت کے کئی کاموں پر دوسری ریاستیں بھی عمل کررہی ہیں۔ غریبوں کے بچوں کو لیپ ٹاپ کے حصول سے آنے والے دنوں میں ان کا مستقبل روشن ہوگا اور وہ بھی بڑے خواب دیکھنے کے قابل ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ کانگریس اور بی جے پی سے عوام ناراض ہیں۔ سماج وادی پارٹی کی طرف امید بھری نگاہ سے عوام دیکھ رہے ہیں۔ عوام کو اعتماد میں لے کر لوک سبھا انتخابات کے بعد بننے والی حکومت کی ماسٹر چابی اپنے ہاتھ میں لینا ہے۔ سیکل یاترا میں سینکڑوں نوجوان شامل ہیں۔ 7فروری تک چلنے والی یہ یاترا لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر ایس پی کیلئے کافی اہم ہے۔ اس یاترا کا مقصد پارٹی کی ترقی کے ایجنڈوں اور کامیابیوں کوووٹروں تک پہنچانا ہے۔ سماج وادی پارٹی نے انتخابات کو یہاں بہت ہی سنجیدگی سے لیا ہے کیونکہ اترپردیش کے علاوہ دوسری ریاستوں میں ان کا رول نہیں کے برابر ہے۔ مرکز میں اقتدار کی شراکت کیلئے ایس پی کو اترپردیش پر ہی بھروسہ ہے اس لئے پارٹی یہاں مسلسل پروگرام کررہی ہے۔ دریں اثناء ضلع گونڈا میں 3فروری کو ہونے والی دیش بناؤ دیش بچاؤ مہا ریلی کیلئے سکیورٹی کے سخت بندوبست کئے گئے ہیں۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ راجندر سنگھ پرساد یادو نے آج بتایاکہ گونڈا ضلع کے شہر علاقوں میں شہید اعظم بھگت سنگھ انٹر کالج کے اسپورٹس کامپلکس میں ہونے والی اس ریالی کیلئے سکیورٹی کے پختہ بندوبست کئے گئے ہیں۔ گورکھپور زون کے سبھی ضلعوں کے پی اے سی اور سکیورٹی اہلکار کی ڈیوٹی لگائی گئی ہے۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں