پرانے شہر کی خبریں - old city news 06 jan 2014 - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-01-06

پرانے شہر کی خبریں - old city news 06 jan 2014


hyderabad old city news - حیدرآباد پرانے شہر کی خبریں
2014-jan-06

سیاست نیوز
دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کی سڑکوں کی حالت پر کمشنر بلدیہ کی جانب سے اختیار کردہ موقف کے سبب کارپوریٹرس میں شدید برہمی پائی جاتی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ کمشنر بلدیہ مسٹر سومیش کمار نے اپنی تقرری کے فوری بعد شہر کی سڑکوں کی حالت کے متعلق جائزہ لیا اور بارہا سڑکوں کی تعمیر کے باوجود بہہ جانے کی شکایت یا دیگر وجوہات کی بنا پر سڑکوں کی خرابی پر تعمیری کام کو منظوری نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ شہر کی کئی اہم سڑکوں پر گڑھوں کے باعث عوام کو تکالیف کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے لیکن اس کے باوجود مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد اس مسئلہ کی فوری یکسوئی کے متعلق سنجیدگی اختیار کرنے سے گریز کر رہی ہے۔
باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاع کے بموجب کمشنر کی جانب سے تمام زونس کے ایڈیشنل کمشنرس سے سڑکوں کی تعمیر سے متعلق مکمل تفصیلات طلب کی جا رہی ہیں تاکہ ان کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا سکے۔ بتایا جاتا ہے کہ بعض علاقوں میں سڑکوں کی تعمیر ایک سال میں دو مرتبہ بھی ہوئی ہے جس کی شکایات کمشنر کو موصول ہوئی ہیں۔ بلدی عہدیدار اس بات کا جائزہ لے رہے ہیں کہ فوری طور پر کن علاقوں میں سڑکوں کی تعمیر یقینی بنائی جانی چاہیے اور کون سے علاقے ایسے ہیں جہاں پر سڑکوں کی تعمیر کو منظوری حاصل ہو چکی ہے لیکن کاموں کا آغاز نہیں ہوا ہے؟ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد میں موجود کارپوریٹرس کی جانب سے بلدی عہدیداروں کے اس رویے کو بلدی مسائل کے حل کرنے کے سلسلے میں کوتاہی برتنے پر محمول کیا جا رہا ہے جبکہ بلدی عہدیدار اپنے موقف کو درست قرار دے رہے ہیں۔

پریس نوٹ
انوارالعلوم کالج آف بزنس منیجمنٹ کے سمینار ہال میں ایک سمینار بعنوان "اوپن ڈیٹا پر اوپن ڈیولپمنٹ" منعقد ہوا۔ اس سمینار کو مہمان مقرر جناب ثروت حسین ورلڈ بنک صدر کمیونکیشن افریقہ نے مخاطب کیا۔ انہوں نے اوپن ڈاٹا یعنی گڈ گورننس کی اہمیت و افادیت سے طلبا کو واقف کرایا۔ انہوں نے بتایا کہ 2013 میں امریکہ و دیگر مغربی ممالک کی اجارہ داری ختم ہوئی ، اب تجارت و سرمایہ کاری دنیا کے دیگر ترقی پذیر ممالک جیسے چین ، جاپان اور ہندوستان کی جانب رخ کر رہی ہے۔ آج ذرائع معلومات کسی بھی لائبریری تک محدود نہیں ہیں بلکہ وہ مختلف شکل میں ایک بٹن دبا کر حاصل کی جا سکتی ہیں۔ دور قدیم میں علوم کے حصول کے لیے مغربی ممالک کا رخ کیا جاتا تھا لیکن آج کمپیوٹر اور انٹرنیٹ کے ذریعے ہر ملک میں یہ علوم دستیاب ہیں خواہ وہ ترقی یافتہ ملک ہو یا ترقی پذیر ملک۔
سماجی ذرائع ابلاغ کے بہت سارے منفی نتائج ہیں مگر ساتھ ہی ساتھ یہ مفید چیز بھی ہے اگر اس کا صحیح استعمال کیا جائے۔ آج کے دور میں کسی بھی سطح پر اطلاعات و معلومات کو دبا کر نہیں رکھا جا سکتا بلکہ ہر سطح پر شفافیت لاگو کی جا رہی ہے۔ ہندوستان میں بھی قانون حق معلومات موجود ہے اور امریکہ میں فریڈم آف انفارمیشن ایکٹ موجود ہے۔
جناب شفیق الرحمن ڈائرکٹر انوارالعلوم کالج آف بزنس منیجمنٹ ملے پلی کے شکریہ پر سمینار کا اختتام عمل میں آیا۔


Hyderabad news, old city news, hyderabad deccan old city news, news of old city

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں