ٹیپو سلطان کی جائے پیدائش کی تزئین و ترقی کیلیے رقم منظور - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-01-06

ٹیپو سلطان کی جائے پیدائش کی تزئین و ترقی کیلیے رقم منظور

ٹیپو سلطان شہیدؒ کی جائے پیدائش کی مرمت اور تزئین کی جائے گی اور ساتھ میں دیونہلی قلعہ کی بھی مرمت و تزئین کے علاوہ یہاں پر ایک خوبصورت پارک بھی بنایا جائے گا جہاں پر کہ قمقمے جھرنا موسیقی وغیرہ کا خاطر خواہ انتظام کیا جائے گا مذکورہ بالا خیالات کااظہار مرکزی وزیر پٹرولیم ویرپا موئیلی نے دیونہلی میں سلطان شہیدؒ کی جائے پیدائش اور دیونہلی قلعے کا معائنہ کرتے ہوئے کیا اور مزید انہوں نے کہاکہ دیونہلی قلعے سے متصل تالاب کو ہائی ٹیک بنایا جائے گا۔ جس میں سیاحوں کی دلچسپی کیلئے موٹر بوٹ، واکنگ ٹیاک سمیت سیر و تفریح کی جملہ اشیاء فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ منصوبہ پر عمل درآمد کیلئے مرکزی حکومت نے 6کروڑ 25لاکھ روپے کی منظوری دی ہے۔ انہوں نے کہاکہ جلد ہی ٹھیکداروں سے بات کرکے منصوبہ کے مطابق کام شروع کردیاجائے گا۔ سلطان شہیدؒ کی جائے پیدائش کی توسیع میں زمین کم پڑرہی تھی سلطان شہیدؒ کی مقام پیدائش سے متصل زمیندارسمیع اﷲ سے ویرپا موئیلی نے براہ راست بات کی جس کیلئے سمیع اﷲ کوموجودہ زمین کے مقابلہ دوسری جگہ دُگنی زمین اور گھر کے ایک فرد کو سرکاری نوکری دینے پر سمیع اﷲ نے زمین دینے کی حامی بھری ہے۔ موقع پر موجود بنگلور دیہی ضلع کے ڈپٹی کمشنر شری وی شنکر کو ویرپا موئیلی نے فوراً عمل درآمد کرنے کیلئے کہا ہے کہ اس موقع پر چند پوچھے گئے سوالوں کے جواب میں ویرپا موئیلی نے کہاکہ ٹیپو سلطان شہیدؒ نے ملک کیلئے جو قربانیاں دی ہیں اس کیلئے سلطان شہیدؒ کی یادگار کے طور کی جانے والی مرمت و تزئین ایک حقیر سا نذرانہ ہے انہوں نے کہاکہ یہاں پر سیاحوں کی زیادہ سے زیادہ آمد و رفت کیلئے ہر پہلو سے دلچسپی اور خوبصورتی کا خاطر خواہ خیال رکھا جائے گا۔ اس موقع پر موجود وجیا پورہ بلاک کانگریسی اقلیتی صدر الحاج غوث خان عرف مبارک نے حکومت کی جانب سے اٹھائے جانے والے اس قدم کی سراہنا کرتے ہوئے کہاکہ ایک عرصہ سے یہاں کے مسلمانوں کی خواہش تھی کہ سلطان شہیدؒ کے تاریخی مقامات کو ایک یادگار بنایا جائیاسی طرح سے یہاں کے سیکولر عوام کی دیرینہ خواہش ہے کہ دیونہلی میں سلطان شہیدؒ کے نام سے ایک یونیورسٹی قائم کی جائے۔ مرکزی وزیر ویرپا موئلی نے یقین دہانی کرائی ہے کہ یک بعد دیگرے رفتہ بہ رفتہ حکومت عوامی خواہشات کی تکمیل کی بھرپور کوشش کرے گی۔ اس موقع پر ایڈیشنل چیف سکریٹری و ٹورزم ڈپارٹمنٹ کے سکریٹری اروین جادو اور بنگلور دیہی ضلع کے ڈی سی شری وی شنکر اور دیونہلی تعلقہ کے تحصیلدار وینکٹ راجو اور سابق رکن اسمبلی کے وینکٹ سوامی موجودہ رکن اسمبلی پل منی شامی دیونہلی بلاک کے کانگریس صدر جگر ناتھ اور کے پی سی سی کے رکن اے سی پی باوا نفیسہ فاطمہ سمیت دیگر بہت سے احباب اس موقع پر موجود تھے۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں