منتخب اداروں میں بہتر اقلیتی نمائندگی کیلیے کانگریس پابند عہد - رحمن خان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-01-06

منتخب اداروں میں بہتر اقلیتی نمائندگی کیلیے کانگریس پابند عہد - رحمن خان

کانگریس ملک میں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے ساتھ انہیں سماجی انصاف دلانے کیلئے ہمیشہ سے کوشاں رہی ہے۔ اسی مقصد کے تحت اقلیتوں کو نچلی سطح پر سیاسی ریزرویشن کی پہل کرتے ہوئے کانگریس حکمرانی والی ریاستوں میں پنچایت اور بلدیہ اداروں کی نشستوں میں کمزور طبقات بالخصوص اقلیتوں کو ریزرویشن کا انتظام کیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار ال انڈیا کانگریس کمیٹی اقلیتی شعبہ کے صدر خورشید احمد سعید نے کیا۔ کے پی سی سی دفتر میں اقلیتی شعبہ کے عہدیداروں کے ساتھ ایک میٹنگ کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ 2014ء میں ملک کی سب سے بڑی پنچایت لوک سبھا کا چناؤ ہونے جارہا ہے۔ اس کیلئے کانگریس نے اپنے منشور کی تیاری شروع کردی ہے۔ پارٹی کے نائب صدر راہول گاندھی نے پہلی بار سماجی انصاف کے تقاضوں کی تکمیل پر زیادہ توجہ دی ہے۔ ساتھ ہی سماج کے تمام طبقات کو اعتماد میں لے کر ان کے رائے مشوروں کی روشنی میں انتخابی منشور تیار کرنے کی پہل کی گئی ہے۔ مختلف طبقات کے رہنماؤں، دانشوروں اور رضا کار اداروں کو مدعو کرکے ان سے منشور کی تیاری پر تبادلہ خیال کے جارہا ہے۔ 23؍دسمبر کو دہلی میں اقلیتی طبقات کے نمائندوں کے ساتھ راہول گاندھی نے ایسا ہی مشورہ کیا۔ اس سلسلے کو آگے بڑھانے کیلئے وہ ملک بھر کا دورہ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کانگریس ملک کی واحد سیاسی جماعت ہے جس نے ہمیشہ سے اقلیتوں کے مسائل کی یکسوئی کیلئے سنجیدگی سے فکر کی ہے، اور ٹھوس قدم اٹھائے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ آج کی میٹنگ میں کرناٹک کے اقلیتوں کی تعلیمی، سماجی، معاشی اور سیاسی صورتحال کو بہتربنانے اور انہیں مناسب نمائندگی یقینی بنانے پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ مرکزی و ریاستی حکومت کی طرف سے اقلیتوں کی فلاح کیلئے شروع کی گئی اسکیموں کو موثر طورپر نافذ کرنے اور عوام تک اس سلسلے میں معلومات فراہم کرنے پر زور دیاگیا۔ مسٹر خورشید احمد سعید نے کہاکہ ملک کے دیگر حصوں کے مقابلے کرناٹک میں کانگریس کیلئے حالات کافی بہتر ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کانگریس کے سوا ملک میں کوئی ایسی طاقت نہیں جو مسلمانوں کی ترقی کے بارے میں فکر رکھتی ہو۔ ہمیشہ سے کانگریس کا یہی موقف رہا ہے کہ تمام طبقات کو ساتھ لے کر آگے بڑھے۔ مسلمان طقے میں تعلیم کے اوسط میں اضافہ اور بیداری کو انہوں نے خوش آئند قدم قرار دیا۔ اس موقع پر مرکزی وزیر اقلیتی امور ڈاکٹر کے رحمن خان نے کہاکہ کانگریس نے مسلمانوں کو سیاسی ریزرویشن دینے کا کبھی کوئی وعدہ نہیں کیا، البتہ سماج میں مسلمانوں کے ساتھ جو نا انصافیوں ہوئی ہیں، ان کو ختم کرنے کیلئے بعض سماجی تحفظات کیلئے قدم اٹھائے ہیں۔ کانگریس نے ہمیشہ سے یہی کوشش کی ہے کہ ملک کے مسلمانوں کے ساتھ سماجی انصاف کیا جائے۔ منتخب اداروں میں اقلیتوں کی نمائندگی بہتر سے بہتر ہو۔ اقلیتی طبقات میں اپنی نمائندگی نہ ہونے کو لے کر جو تشویش پائی جاتی ہے اس کا احساس کرتے ہوئے بعض حلقوں سے مسلمانوں کو سیاسی ریزرویشن دینے کی بات کہی جارہی ہے۔ اس موقع پر کے پی سی سی اقلیتی شعبہ ک یصدر و رکن کونسل نصیر احمد، ریاستی وزیر قمر الاسلام، عبید اﷲ شریف، آغا سلطان، مسعود فوجدار، علیم اﷲ، ایچ بی چاند خان، ایس بی باشاہ، غفار بیگ، چاند خان و دیگر کانگریس قائدین موجود تھے۔

Congress committed to improving minority representation

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں