سومناتھ بھارتی کیخلاف قانونی کارروائی کیلئے کانگریس کا مطالبہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-01-24

سومناتھ بھارتی کیخلاف قانونی کارروائی کیلئے کانگریس کا مطالبہ

دہلی کے وزیر قانون سومناتھ بھارتی کے خلاف کارروائی اور انہیں عہدے سے ہٹادینے کا مطالبہ کرتے ہوئے عام آدمی پارٹی پر تنقید کے ساتھ کانگریس نے لفٹنٹ گورنر نجیب جنگ پر زور دیا کہ وہ مداخلت کرتے ہوئے پولیس کو قانون کے مطابق کارروائی کی ہدایت دیں۔ کانگیس قائد ارویندر سنگھ لولی کی زیر قیادت دہلی کانگریس کے ایک وفد نے نجیب جنگ سے ملاقات کرتے ہوئے بھارتی کے خلاف یوگینڈائی خاتون کے ساتھ مبینہ بدسلوکی کی پاداش میں قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ وفد میں اسمبلی میں کانگریس مقننہ پارٹی کے قائد ہارون سیف، رکن اسمبلی جے کشن، مکیش شرما، سبھاش چوپڑا اور کرن والیا شامل تھے۔ انہوں نے لفٹنٹ گورنر سے بھارتی کے استعفیٰ اور پولیس کے ہاتھوں ان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ لولی نے لفٹنٹ گورنر سے ملاقات کرتے ہوئے صحافیوں کو بتایا کہ ہم نے لفٹنٹ گورنر سے مداخلت اور دہلی پولیس کو قانونی کارروائی کی ہدایت دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ اس سوال پر کہ کانگریس اس مسئلہ پر عام آدمی پارٹی کی تائید سے دستبردار ہونے کا منصوبہ رکھتی ہے، انہوں نے بتایا کہ ہم نے 18مسائل کی بنیاد پر عام آدمی پارٹی کی تائید کی ہے۔ اگر وہ ان میں سے کسی بھی سے بھی منحرف ہوجائے تو ہم تائید سے دستبرداری پر غور کریں گے۔ تاہم اس وقت ہم نے دہلی کے وزیر قانون کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ قبل ازیں چیف منسٹر اروند کجریوال نے نجیب جنگ سے ملاقات کی تھی۔ اگرچیکہ ذرائع نے بتایاکہ کجریوال نے سومناتھ بھارتی مسئلہ پر تبادلہ خیال کیلئے نجیب جنگ سے ملاقات کی تاہم عام آدمی پارٹی قائدین نے بتایاکہ یہ ملاقات معمول کی کارروائی ہے اور اس کا مقصد بھارتی کے خلاف تنازعہ پر تبادلہ خیال نہیں تھا۔ انہوں نے عوام سے قیاس آرائیاں نہ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے بتایاکہ چیف منسٹر اور لفٹنٹ گورنر کے درمیان یہ معمول کی ملاقات تھی۔ اس دوران پی ٹی آئی کے بموجب دہلی کی ایک عدالت نے آج پولیس کو ہدایت دی کہ جنوبی دہلی میں گذشتہ ہفتہ مبینہ طورپر وزیر قانون سومناتھ بھارتی کی زیر قیادت نصف شب کو کئے گئے دھاوے پر ایک رپورٹ پیش کرے۔ افریقہ کی ایک خاتون نے عدالت میں درخواست پیش کی ہے جس میں ایف آئی آر درج کرنے کی گذارش کی گئی ہے۔ میٹروپولٹین مجسٹریٹ چیتناسنگھ نے ڈپٹی کمشنر پولیس ساؤتھ سے کہاکہ وہ 16-15 جنوری کی درمیانی شب پیش آئے واقعہ پر اپنی تحقیقاتی رپورٹ پیش کریں۔ اس واقعہ میں مزید 3 بیرونی خواتین بھی متاثر ہوئی ہیں۔

Congress, BJP slam AAP government; demand action against Somnath Bharti

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں