خواتین کو تحفظات کی تائید - راہول گاندھی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-01-21

خواتین کو تحفظات کی تائید - راہول گاندھی

خواتین کو تحفظات سے متعلق بل کو جلد سے جلد منظور کروانے کیلئے راہ ہموار کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے راہول گاندھی نے آج اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ خواتین کو زیادہ سے زیادہ پارلیمنٹ، حکومت اور کانگریس میں زیادہ سے زیادہ نمائندگیاں دینے کیلئے کام کریں گے اور کہا کہ پارٹی ملک کی آبادی کے نصف حصہ کے نظریات کو نظرانداز نہیں کرسکتی۔ 2014ء کے لوک سبھا انتخابات کے منشور کیلئے رائے دہندوں سے راست طورپر معلومات حاصل کرنے کی کانگریس کی مشق کے ایک حصہ کے طورپر ملک کے مختلف مقامات سے تعلق رکھنے والی خواتین سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے راہول گاندھی نے کہاکہ وہ چاہتے ہیں کہ قیادت کے عہدوں پر زیادہ سے زیادہ ممکنہ حد تک خواتین فائز رہیں۔ انہوں نے کہاکہ ان کی دادی( اندرا گاندھی) بھی طویل عرصہ تک ملک کی وزیراعظم رہیں۔ خواتین کو با اختیار بنانا ایک بڑی جنگ ہے جس کیلئے ہم لڑیں گے اور کامیابی حاصل کریں گے۔ انہوں نے کہااور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ نہ صرف خواتین تحفظات بل جس کے تحت قانون ساز اداروں نے ان کو 33فیصد کوٹہ منظور کیا جائے گا بلکہ آئندہ پانچ تا دس سال میں کانگریس کے تقریباً نصف وزراء خواتین ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ ہر خاتون ملک کیلئے ایک اثاثہ ہے۔ ہندوستان خواتین کی نصف آبادی کو با اختیار بنائے بغیر سوپر پاور نہیں بن سکتا۔ ہمیں ہمارے منشور میں آپ کی نظریات کو شامل کرنا ہے۔ تبادلہ خیال کے دوران خواتین نے اپنے نظریات کو کانگریس کے نائب صدر کے روبروپیش کیا اس موقع پر جو خواتین موجود تھیں ان میں سیکس ورکر، آنگن واڑی ورکرس کے علاوہ گلابی گینگ کے ارکان گروپ آف ویمن ویجلنس اور بندیل کھنڈ سے تعلق رکھنے والے جہدرکار شامل تھے۔ راہول گاندھی جو لوک سبھا انتخابات کے دوران کانگریس کی مہم کی قیادت کررہے ہیں کہاکہ جب تک بل منظور نہیں ہوگا تمام شعبہ جات میں خواتین کو با اختیار بنانا ممکن نہیں۔ انہوں نے کہاکہ خواتین تحفظات بل راجیہ سبھا میں منظور ہوگیا ہے۔ تاہم لوک سبھا میں منظور نہیں ہوسکا اور انہوں نے یقین دلایا کہ انتخابات سے قبل اس کی منظوری یقینی بنانے کے اقدامات کئے جائیں گے اور یہ سونیا گاندھی کی فہرست میں ترجیحی بنیادوں پر ہے۔ سماج وادی پارٹی راشٹرا جنتال اور کانگریس کے بعض گوشوں کی جانب سے اس کی مخالفت کی جارہی ہے۔

Rahul Gandhi says quota for women is top priority

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں