باشعور پرجوش اور متحرک نوجوان ہندوستان میں انقلاب کے نقیب - وزیر اعظم - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-01-29

باشعور پرجوش اور متحرک نوجوان ہندوستان میں انقلاب کے نقیب - وزیر اعظم

PM-manmohan at NCC-Rally
وزیراعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ نے آج کہاکہ باشعور اور متحرک نوجوان قوم کی ایسی طاقت بن سکتے ہیں جس کے سبب ہندوستان میں ایک انقلاب برپا ہوسکتا ہے۔ انہوں نے نوجوان طبقہ سے اپیل کی کہ وہ سماجی انقلاب کیلئے سرگرم ہوجائیں۔ نئی دہلی میں این سی سی کی ریالی سے خطاب کرتے ہوئے منموہن سنگھ نے کہاکہ ہندوستان کو غربت، بے روزگاری، امراض اور جہالت سے نجاب دلانے کیلئے باشعور اور متحرک نوجوانوں کی ضرورت ہے۔ نوجوانوں کو تغیر کا محرک بننا چاہئے۔ اس کیلئے وہ مہاتما گاندھی کو مشعل راہ بناسکتے ہیں۔ آج ساری دنیا آپس میں مربوط ہوگئی ہے اور وہ تیزی سے تغیر پذیر ہے۔ تغیر، تبدیلی اور انقلاب فطرت کا قانون ہے۔ ہندوستان کے نوجوان اپنے اور ملک کے بہترین مستقبل کیلئے سرگرم رول ادا کرسکتے ہیں۔ آج کا نوجوان طبقہ نہ صرف باشعور ہے بلکہ وہ بڑی جرائتمندی کے ساتھ اپنے خیالات اور نظریات کا اظہار کرتا ہے بلکہ اب وہ سیاست میں بھی شراکت داری کا خواہشمند ہے۔ سماج اور سیاسی نظام کو تبدیل کرنے کی آرزو رکھتا ہے۔ یہ ایک انتہائی مثبت علامت اور نیک شگون ہے۔ این سی سی کے جوانوں سے پرجوش انداز میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ گذشتہ 10سال سے وہ اس طرح کی ریالیوں میں شرکت کررہے ہیں، جو خود ان کیلئے بھی حصول توانائی کا سبب ہے۔ ملک کے مستقبل کیلئے نوجوانوں کی توانائی، ولولہ، جوش و خروش اور خوداعتمادی روشن مستقبل کیلئے ایک سرمایہ ثابت ہوسکتے ہیں۔ وزیراعظم نے ملک کیلئے اصول اور اقدار پر بھرپور ایقان ظاہر کیا اور کہاکہ ملک کا مستقبل نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے اور نہایت ہی روشن ہے۔ ملک کی تعمیر میں وزیراعظم نے این سی سی کے نوجوانوں کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ وزیراعظم منموہن سنگھ نے آج نوجوانوں سے کہاکہ وہ ہندوستانی سیاست اور سماج کو نئی جہت دینے اور خود کو خدمت گزاری، کارناموں کی انجام دہی اور پابند ڈسپلن بنانے نیشنل کیڈٹ کو(این سی سی) میں شمولیت اختیارکریں۔ دہلی کنٹونمنٹ میں این سی سی پریڈ کی سلامی لینے کے بعد اپنے خطاب میں وزیراعظم نے کہاکہ آئندہ کئی سالوں تک نوجوانوں کیلئے ذمہ داریاں قبول کرنے، خود کو تیار کرنے اور کوئی بہتر تربیتی موقع نہیں ہے۔ ملک کی تعمیر اور سماجی ہم آہنگی کو فروغ دینے این ایس سی کی وسیع تر خدمات کی ستائش کرتے ہوئے منموہن سنگھ نے کہاکہ اس (این سی سی) نے مختلف مذہبی، ثقافتی اور لسانی پس منظر رکھنے والوں کو متحد کیا ہے اور ان میں انسانیت، حب الوطنی اور بے لوث خدمت کے اقدار کو پروان چڑھایا ہے۔

Prime Minister's Address at the NCC Rally

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں