قومی وقف ترقیاتی کارپوریشن کا آج وزیراعظم کے ہاتھوں افتتاح - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-01-29

قومی وقف ترقیاتی کارپوریشن کا آج وزیراعظم کے ہاتھوں افتتاح

سچر کمیٹی کی سفارشات پر عمل آوری کے تحت وزیراعظم منموہن سنگھ 29جنوری کو قومی وقف ترقیاتی کارپوریشن کا افتتاح کریں گے ۔ یہ کارپوریشن وزارت داخلہ امور کے تحت قائم کردہ ایک نیا مرکزی عوامی سطح کا ادارہ ہے۔ ایک سرکاری ترجمان نے بتایاکہ یہ قومی ادارہ سچر کمیٹی کی سفارشات پر عمل آوری کے تحت قائم کیا گیا ہے۔ اس کے ذریعہ وقف جائیدادوں کو ترقی دی جائے گی تاکہ مسلمانوں کے حالات کو بہتر بنایا جاسکے۔ دنیا میں سب سے زیادہ وقف جائیدادیں ہندوستان میں ہیں۔ ملک بھر میں 4.9لاکھ سے زائد اوقافی جائیدادیں ہیں جن سے فی الحال سالانہ آمدنی 163 کروڑ روپئے ہے۔ سچر کمیٹی نے تخمینہ کیا ہے کہ اگر ان جائیدادوں کو بہتر طورپر ترقی جائے اور صرف 10فیصد منافع کو یقینی بنایاجائے تو اس سے سالانہ 12ہزار کروڑ روپئے کی آمدنی ہوسکتی ہے۔ قومی وقف ترقیاتی کارپوریشن لمیٹیڈ منصوبہ کے مطابق ریاستی اور مرکزی زیر انتظام علاقوں کے وقف بورڈس اور متولیوں کے ساتھ مشترکہ وینچر کے ذریعہ وقف جائیدادوں کو بہتر بنائے گا۔ وقف بورڈس اور متولیوں کے پاس اتنے مالی وسائل نہیں ہیں کہ وہ ان جائیدادوں کو ترقی دے سکیں یا ناجائز قابضین کی دسترس سے بچاسکیں۔ حکومت نے حال ہی میں وقف (ترمیمی) قانون 2013ء وضع کیا تاکہ وقف جائیدادوں کا شفافیت کے ساتھ انتظام کیا جائے اور اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کی فلاح و بہبود کیلئے وقف اراضی کی ترقی اور استفادہ کا ماحول فراہم کیا جائے۔

PM Manmohan Singh to inaugurate National Waqf Development Corporation Limited

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں