وزیر اعظم کے ہاتھوں پیٹرو ٹیک 2014 کا افتتاح - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-01-12

وزیر اعظم کے ہاتھوں پیٹرو ٹیک 2014 کا افتتاح

گریٹر نوئیڈا
(ایس این بی)
گریٹر نوئیڈا کے انڈیا ایکسپو مارٹ سنٹر میں کل (آج) بروز اتوار "پیٹرو ٹیک 2014" کا افتتاح ہوگا۔ یہ کانفرنس 15جنوری تک چلے گی۔ پیٹرو ٹیک 2014کا افتتاح وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کریں گے۔ پروگرام میں اترپردیش کے گورنر بی ایل جوشی سمیت کئی مرکزی وزیر، ریاست کے وزراء اور افسران حصہ لیں گے۔ وزیراعظم کے سکیورٹی افسران نے ضلع انتطامیہ اور پولیس افسران کے ساتھ میٹنگ اور ریہرسل کی۔ ایکسپو مارٹ کے چاروں طرف پولیس فورس کے علاوہ ایس پی جی اور ایس این سی کے کمانڈوز کوبھی تعینات کردیا گیا ہے۔ ایکسپو مارٹ کی طرف جانے والی تمام سڑکوں پر بیریکیڈنگ کی گئی ہے۔ ایکسپو سنٹر مارٹ میں صرف پاس ہولڈروں کو داخلہ ملے گا۔ ادھر ریاست کے اے ڈی جی اورآئی جی نے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ اپر ضلع مجسٹریٹ( انتظامیہ) سنجے چوہان نے بتایاکہ وزیراعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ اتوار کو دوپہر 3بجے ہیلی کاپٹر سے انڈیا ایکسپو سنٹر مارٹ پہنچیں گے۔ مارٹ مے بنے ہیلی پیڈ پر یوپی کے گورنر بی ایل جوشی، مرکزی وزیر ویرپا موئیلی، لکشمی پانا باکا، یوپی سرکار میں کابینی وزیر برامی شنکر ترپاٹھی ان کا استقبال کریں گے۔ اس کے بعد 3:25 بجے وزیراعظم پٹرو ٹیک کا افتتاح کریں گے۔ پروگرام سے خطاب کرنے کے بعد وزیراعظم 4:55 بجے ہیلی کاپٹر سے دہلی لوٹ جائیں گے۔ پیٹرو ٹیک 2014 میں ملک و بیرون ملک کے تقریباً 18 مرکزی وزراء کئی ممالک کے سفارتکار اور اعلیٰ افسران شرکت کریں گے۔ کانفرنس میں تقریباً 4ہزار وفود کے حصہ لینے کی امید ہے۔ ایس ایس پی نے بتایاکہ سبھی افسران اور پولیس اہلکاروں کو ڈیوٹی چارٹ سمجھا دیا گیا ہے۔ ایس پی ٹریفک سنیتا سنگھ اور ایس پی کرائم بھارتی سنگھ کو سکیورٹی انتظامات اور ٹریفک کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ موقع پر فائر بریگیڈ اورڈاگ اسکواڈ کی ٹیم پہنچ چکی ہے۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں