سہارنپور میں اردو اساتذہ کی تقرری کا عنقریب امکان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-01-12

سہارنپور میں اردو اساتذہ کی تقرری کا عنقریب امکان

سہارنپور
(ایس این بی)
معلم اردو سند یافتہ، اردو بی ٹی سی اور مسلم یونیورسٹی کے ٹیچنگ ڈپلومہ اور ٹی ای ٹی پاس اردو اساتذہ کی تقرری کا راستہ صاف ہوگیا ہے۔ کل دیر شام کلکٹریٹ ہال میں ضلع افسران کے علاوہ بیسک ایجوکیشن افسر اور ٹیچر ٹریننگ سینٹر ڈائٹ کی پرنسپل ڈاکٹر منجو سنگھ کے روبرو 71 میں سے 66 امیدواروں نے کونسلنگ میں شرکت کی اور تقرری کیلئے اپنی پسند کے ضلع کے اسکولوں کے نام فارم میں بھرے اور اپنی اصل اسناد پیش کیں۔ یہ کارروائی دیر شام تک جاری رہی۔ افسران نے امیدواروں کو بھروسہ دلایا کہ ان کے مقامات کے اسکولوں کا تقرری نامہ ایک دو دن میں بذریعہ ڈاک ان کے گھر پہنچ جائے گا جس کے بعد وہ اپنی ڈیوٹی جوائن کریں گے۔ فی الحال موسم سرما اور عیدمیلاد النبیؐ کی تعطیلات کی وجہہ سے اسکول بند ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ ضلع میں 107 اساتذہ کی تقرری کی جانی ہے جس میں سے ابھی صرف 71 اردو اساتذہ ہی اہلیت کے امتحان میں کامیاب قرار دئیے گئے ہیں۔ اہلیت کیلئے معلم اردو کے ساتھ ہائی اسکول کی سند اور ٹی ای ٹی کا امتحان پاس کرنا ضروری تھا۔ ہائی اسکول کے مساوی مدرسہ شکشا پریشد کی منشی کی سند کو لے کر ابھی تصویر صاف نہیں ہوئی ہے جب کہ الہ آباد ہائی کورٹ نے ایک رٹ کی سماعت کے فیصلہ میں منشی کی سند کو اردو ہائی اسکول کی سندکے مساوی قرار دے دیا ہے لیکن نوکر شاہی ابھی بھی طرح طرح سے رخنہ ڈال رہی ہے۔ واضح رہے کہ کئی ماہ سے معلم اردو و دیگر سند یافتگان جوٹی ای ٹی کا امتحان پاس کرچکے ہیں وہ اپنی تقرری کا مطالبہ کرتے رہے ہیں۔ تقرری کیلئے کونسلنگ میں چیف ڈیولپمنٹ افسرحاجی شفقت کمال اور سٹی مجسٹریٹ کنج بہاری اگروال بی موجود تھے۔ ان کی نگرانی میں ہی یہ کام مکمل ہوا ہے۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں