بہار میں بی جے پی مخالفین کو پیچھے چھوڑ دے گی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-01-21

بہار میں بی جے پی مخالفین کو پیچھے چھوڑ دے گی

ترنمول کانگریس اور بیجو جنتادل مغربی بنگال اور اڑیسہ میں سب سے زیادہ لوک سبھا نشستیں حاصل کریں گے جبکہ بہار میں بی جے پی اپنی حریف جماعتوں کو کافی پیچھے چھوڑ دے گی۔ عام انتخابات سے قبل ایک سروے میں یہ بات کہی گئی ہے۔ سی این این۔آئی بی این اور سنٹر فار دی اسٹڈی آف ڈیولپنگ سوسائٹیز کے سروے میں کہا گیا کہ عام آدمی پارٹی قومی سطح پر چار فیصد ووٹ حاصل کرے گی۔ نئی تنظیم دہلی میں 48فیصد ووٹ حاصل کرے گی۔ عوام کے موجودہ موڈ کے مطابق مغربی بنگال میں ترنمول کانگریس 20سے 28سیٹیں حاصل کرے گی جبکہ بایاں محاذ 7سے 13سیٹوں کے ساتھ کافی پیچھے ہوگا۔ کانگریس کو5تا9 اور بی جے پی کو صفر تا 2نشستیں حاصل ہوں گی۔ سروے کے مطابق ایک دلچسپ بات یہ دیکھی گئی کہ 60فیصد افراد نے چیف منسٹر کی حیثیت سے ممتا بنرجی کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا جب کہ وزیراعظم کے عہدہ کیلئے نریندر مودی بیشتر کی پسند ہیں۔ بہار میں جہاں بی جے پی اور جنتادل یو کے درمیان اتحاد ختم ہوگیا ہے، سروے میں بی جے پی کو آگے دکھایا گیا ہے۔ سروے کے مطابق ریاست کی 40نشستوں میں سے بی جے پی 16تا24 سیٹیں حاصل کرے گی جبکہ جنتادل یو کو7 سے 13 سیٹیں ملیں گی۔ لالو پرساد یادو کی زیر قیادت آر جے ڈی کو 6تا10 اور کانگریس کو 0سے 4نشستیں حاصل ہوں گی۔ اڑیسہ میں انتخابات اگر اس وقت منعقد ہوں گے تو بیجو جنتادل 10تا16نشستوں کے ساتھ آگے رہے گی جبکہ کانگریس 3تا9سیٹیں حاصل کرے گی جبکہ بی جے پی کو صفر سے 4 نشستیں حاصل ہوں گی۔ سروے کے مطابق 54فیصد افراد نے 18ریاستوں میں عام آدمی پارٹی کے بارے میں سنا ہے اور 3فیصد عوام نے وزیراعظم کی حیثیت سے اروند کیجریوال کی تائید کی۔

BJP to win most Lok Sabha seats in Bihar, TMC in Bengal and BJD in Odisha: Survey

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں