افسانوی تلگو اداکار ناگیشور راؤ کا انتقال - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-01-23

افسانوی تلگو اداکار ناگیشور راؤ کا انتقال

Akkineni-Nageswara-Rao
تلگو فلموں کے افسانوی اداکار اکینینی ناگیشور راؤ جو 50اور 70 کے دہوں کے درمیان ایک عظم تلگو اداکار این ٹی راما راؤ کے مقابلہ میں کافی عروج پر پہنچے تھے، آج انتقال کرگئے۔ انہیں کینسر کا عارضہ لاحق تھا۔ 91سالہ اداکار نے جو اے این آر سے مشہور تھے اپنے مختلف کرداروں کے ذریعہ کئی نسلوں کو محسور کر رکھا تھا۔ باٹا ساری، دیوداس اور تینالی راما کرشنا جیسی فلموں میں یادگار اداکاری کے ذریعہ انہوں نے گہرے نقوش چھوڑے۔ ان کا فلم کیرئیر زائد از70 دہوں پرمشتمل تھا۔ انہوں نے حال ہی میں اپنی ہوم پروڈکشن فلم "منم"(ہم) کی شوٹنگ مکمل کی تھی جس میں ان کے خاندان کی 3 نسلوں کے فلمی ستاروں نے جن میں وہ خود، فرزند ناگرجنا اور پوتا ناگا چیتنیا شامل ہیں، اداکاری کی ہے۔ خاندان کے ذرائع نے بتایاکہ گھر پر ہی ڈبنگ کی سہولت مہیا کردی گئی تھی، کیونکہ اے این آر خود اپنے رول کیلئے اپنی ہی آواز دینا چاہتے تھے۔ دادا صاحب پھالکے ایوارڈ یافتہ ناگیشور راؤ نے 250 سے زائد فلموں میں کام کیا جس میں ٹامل فلمیں بھی شامل ہیں۔ انہوں نے تلگو فلم انڈسٹری کو مدراس سے حیدرآباد لانے میں کلیدی رول ادا کیا۔ جنوبی ہند کی تمام زبانوں میں جو بھی فلم بنتی تھی، مدراس اس کامرکز تھا۔ ناگیشور راؤ نے یہاں انا پورنا اسٹوڈیوز کا قیام عمل میں لایا، جو ان کی بیوی کے نام سے موسوم ہے۔ ان کی بیوی اناپورنا 2011 میں انتقال کرگئیں۔ افسانوی اداکار کے فرزند ناگر جنا نے بتایاکہ کل رات ناگیشور راؤ نے گھر کے دیگر افراد کے ساتھ معمول کے مطابق بات چیت کی تھی۔ وہ رات میں نیند کی حالت میں ہی چل بسے۔ انہیں علی الصبح بنجارہ ہلز میں واقع سوپر اسپیشالیٹی کیر ہاسپٹل میں لایا گیا، جہاں ڈاکٹرس نے انہیں مردہ قرار دیا۔ ناگیشور راؤ کو آنتوں کا کینسر لاحق تھا۔ حال ہی میں ان کی ایک سرجری بھی کی گئی۔ انہیں 3بیٹیاں اور2 بیٹے ہیں۔ ناگیشور راؤ اپنی مضبوط قوت ارادی اور مثبت سوچ کیلئے جانے جاتے تھے۔ انہوں نے گذشتہ سال اپنی بیماری کے بارے میں برسر عام اعلان کرتے ہوئے اپنے مداحوں سے اپیل کی تھی کہ وہ مایوس نہ ہوں اور انہیں حوصلہ دیں۔ ناگیشور راؤ کی نعش اناپورنا اسٹوڈیو میں رکھی گئی ہے تاکہ عوام ان کا آخری دیدار کرکے انہیں خراج پیش کرسکیں۔ چیف منسٹر این کرن کمار ریڈی، قائد اپوزیشن این چندرا بابو نائیڈو، صدر وائی ایس آر کانگریس وائی ایس جگن موہن ریڈی اور دیگر سیاسی قائدین کے علاوہ فلمی ہستیوں نے ناگیشور راؤ کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا ہے۔

Akkineni Nageswara Rao no more

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں