تلاوت سماعت کیلئے ایم پی تھری پلیئر استعمال کرنے کی اجازت طلب - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-12-19

تلاوت سماعت کیلئے ایم پی تھری پلیئر استعمال کرنے کی اجازت طلب

ممبئی
(یو این آئی )
ممبئی لوکل ٹرین بم دھماکوں کے ملزم محمد ساجد مرغوب انصاری نے یہاں ممبئی کی خصوصی مکوکاعدالت سے درخواست کی ہے کہ اسے جیل کے اندر اسے قرآن مجید کی تلاوت کی سماعت کے لئے MP3پلیئر استعمال کرنے کی اجازت دی جائے ۔ ممبئی کی مشہور صابو صدیق کالج آف انجینئرنگ سے الکٹرانک انجینئر نگ کی ڈگری یافتہ ملزم نے درخواست خصوصی مکوکا عدالت کے جج وائی ڈی شندے کے روبرو داخل کی جس کے بعد عدالت نے وکیل استغاثہ راجا ٹھاکرے کو جواب داخل کرنے کا حکم جاری کیا ۔ ملزم کی پیروی کرتے ہوئے جمعیتہ علماء مہاراشٹرا(ارشدمدنی)کے وکیل دفاع شاہد ندیم انصاری نے عدالت کو بتایا کہ ملزم گزشتہ ساڑھے5برسوں سے آرتھروروڈجیل میں مقید ہے اور حال ہی میں جیل انتظامیہ نے ملزمین کوایف ایم ریڈیو کی سماعت کی اجازت دی ہے جس کے ذریعہ وہ موسیقی اور نغموں سے لطف اندوز ہورہے ہیں ۔عدالت کو بتایا گیا کہ ملزم حافظ قرآن اور ایک باشرع مسلمان ہے اور اسلامی تعلیمات کے مطابق موسیقی اور گانوں کا سننا حرام ہے لہذا ملزم ان باتوں سے پرہیز کرتا ہے اور جیل میں مقید دوسرے قیدیوں کی جانب سے بلند آواز میں نغموں اور موسیقی کو سننے سے اسے ذہنی کو فت بھی ہوتی ہے ۔ ایڈووکیٹ شاہد نے عدالت کو مزید بتایا کہ ان تمام باتوں کے مدنظر ملزم ساجد نے MP3پلیئر کے ذریعہ قرآن مجید کی تلاوت کی سماعت کا ارادہ کیا ہے نیز جیل حکام کو ہدایت دی جائے کہ وہ اسے جیل میں اس کے ذاتی خرچ پرMP3پلیئر خرید کر تلاوت کلام پاک کو سننے کا موقع فراہم کیا جائے ۔ ملزم نے اپنی عرضداشت خود ہی فصیح وبلیغ انگریزی میں تیار کی ہے جس کی پیروی کرتے ہوئے وکیل دفاع شاید ندیم انصاری نے عدالت کو مزید بتایا کہ جیل حکام اسے MP3پلیئر کے علاوہ چارجر،ہیڈفون کے استعمال کی بھی مشروط اجازت دے اور پہلےMP3پلیئر کی مکمل ریکارڈ نگ کی جیل حکام سماعت کریں اس کے بعد اسے سننے کی اجازت دی جائے ۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں