راہل گاندھی کو کانگریس کا وزارت عظمیٰ امیدوار بنائے جانے کا امکان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-12-17

راہل گاندھی کو کانگریس کا وزارت عظمیٰ امیدوار بنائے جانے کا امکان

Rahul-gandhi-congress-pm-candidate
لوک سبھا انتخابات کیلئے حکمت عملی تیار کرنے آل انڈیا کانگریس کمیٹی کا یہاں 17 جنوری کو ایک اجلاس منعقد ہوگا جس کے اعلان کے ساتھ ہی یہ قیاس آرائیاں شروع ہوگئی ہیں کہ اس اجلاس میں راہول گاندھی کو پارٹی کا وزارت عظمی امیدوار بنانے کا اعلان کیا جاسکتا ہے۔ راجستھان، مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ اور دہلی کے حالیہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس کی سخت ہزیمت کے بعد پارٹی کے جنرل سکریٹری جناردھن دیویدی نے آج اس اجلاس کا اعلان کیا۔ بی جے پی نے ستمبر میں ہی نریندر مودی کو اپنا وزارت عظمی کا امیدوار بنانے کا اعلان کردیا تھا جب کہ کانگریس پر یہ تنقیدیں کی جارہی ہیں کہ وہ اپنے وزارت عظمی امیدوار کو نامزد کرنے سے پس و پیش کررہی ہے۔ اسمبلی انتخابات کے نتائج کے بعد پارٹی صدر سونیا گاندھی نے کہا تھا کہ پارٹی مناسب وقت پر اپنے وزارت عظمی امیدوار کا اعلان کرے گی۔ آج کانگریس کور گروپ کی میٹنگ کے بعدانہوں نے نامہ نگاروں کے اس سوال کو نظر انداز کردیا کہ آیا اے آئی سی سی اجلاس میں راہول گاندھی کو وزارت عظمی امیدوار بنایا جائے گا۔ دیویدی نے ان سوالات کو غیرمنطقی قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا کہ یہ میٹنگ راہول گاندھی کو وزارت عظمی امیدوار بنانے کے اعلان کیلئے طلب کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کانگریس ورکنگ کمیٹی اے آئی سی سی میٹنگ کا ایجنڈہ طے کرتی ہے جو میٹنگ میں پیش کی جانے والی مسودہ قرارداروں کو بھی قطعیت دیتی ہے۔ جاریہ سال جنوری میں جئے پور میں کانگریس کا "چنتن شیور" منعقد کیا گیا تھا جس میں راہول گاندھی کو پارٹی کا نائب صدر بنایا گیا تھا۔ اس کے بعد سے اے آئی سی سی کا کوئی اجلاس منعقد نہیں کیا گیا تھا۔ آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے اجلاسوں میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال اور دیگر اہم مسائل پر غور و خوص کیا جاتا ہے۔ یہ میٹنگ ایک ایسے وقت طلب کی گئی ہے جب کانگریس کو مودی کے ایک بڑی طاقت کے طورپر ابھرنے کے مسئلہ کا سامنا ہے۔ دوسری طرف یوپی اے کی بعض حلیف جماعتیں یہ اشارے دے رہی ہیں کہ وہ لوک سبھا انتخابات میں اس کا ساتھ نہیں دیں گی۔ حال ہی میں ڈی ایم کے نے یہ واضح کردیا ہے کہ وہ لوک سبھا انتخابات میں کانگریس کا ساتھ نہیں دے گی۔ این سی پی سربراہ شردپوار نے بھی کانگریس قیادت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ لوگ کمزور لیڈروں کو پسند نہیں کرتے۔

Rahul gandhi may be anointed congress pm candidate at aicc meet

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں