آندھرا پردیش میں ملک کے سب سے بڑے پیپسی پلانٹ کا سنگ بنیاد - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-12-22

آندھرا پردیش میں ملک کے سب سے بڑے پیپسی پلانٹ کا سنگ بنیاد

دنیا کی جانی مانی سافٹ ڈرنک کمپنی پیپسی کو، کا ملک کا سب سے بڑا بیوریج پلانٹ آندھراپردیش میں قائم کیا جارہا ہے۔ یہ پلانٹ 1230 کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری سے ضلع چتور کے خصوصی معاشی زون سری سٹی میں قائم کیا جائے گا۔ یہ ملک بھر کی واحد سب سے بڑی سرمایہ کاری ہے۔ چیف منسٹر این کرن کمار ریڈی نے آج یہاں ایک تقریب میں اس پلانٹ کا سنگ بنیاد رکھا۔ یہ پلانٹ 80 ایکڑ اراضی پر قائم کیا جائے گا۔ اسے 2017ء تک تین مرحلوں میں مکمل کرلیا جائے گا جس کے بعد 8ہزار افراد کو راست اور بالواسط روزگار حاصل ہوگا۔ پلانٹ میں پھلوں کے رس پر مبنی ڈرنکس، کاربو نیٹیڈ سافٹ ڈرنکس اور اسپورٹس ڈرنکس کے مختلف پراڈکٹس تیار کئے جائیں گے۔ پلانٹ کا پہلا مرحلہ 2014 تک مکمل کرلیا جائے گا جس پر 450 کروڑ روپئے کے اخراجات آئیں گے۔ دوسرا مرحلہ 2015ء میں مکمل ہوگا جس پر 400 کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری کی جائے گی۔ تیسرا مرحلہ 2017ء میں کارکرد ہوجائے گا۔ پیپسی کو انڈیا کے صدرنشین و چیف اگزیکٹیو آفیسر ڈی شیو کمار نے بتایاکہ کمپنی نے حال ہی میں اعلان کیا تھا کہ ہندوستان میں 2020 تک 33ہزار کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری کی جائے گی۔ یہ پلانٹ اسی سرمایہ کاری کا حصہ ہے۔ وائس پریسیڈنٹ آپریشنس پیپسی کو انڈیا کانش ملک نے صحافیوں سے کہاکہ ہر مرحلہ کی تکمیل پر 1۔2لاکھ لیٹر سافٹ ڈرنکس کی تیاری کی گنجائش ہوگی۔ جب پراجکٹ پوری طرح مکمل ہوجائے گا تو سالانہ 2 لاکھ ٹن آم کا گودا حاصل کیاجائے گا جس سے ضلاع چتور، نیلور اور پرکاش کے 50ہزار تا60 ہزار کسانوں کو فائدہ پہنچے گا۔ پیپسی کو کے ملک بھر میں 38 بیویریج باٹلنگ پلانٹس اور 3 فوڈ پلانٹس ہیں۔ کمپنی آندھرا پردیش کو آم کا گودا حاصل کرنے کے مرکز میں تبدیل کرنا چاہتی ہے۔ ضلع میدک کے سنگاریڈی میں کمپنی کا ایک بیوریج پلانٹ پہلے سے ہی موجود ہے۔ انہوں نے بتایاکہ پراجکٹ کو تلگو گنگا کنال سے پانی سربراہ کیا جائے گا۔ کمپنی کے عہدیداروں نے واضح کیاکہ اس پلانٹ میں زیر زمین پانی کا قطعی استعمال نہیں کیا جائے گا۔ ڈی شیو کمار نے حال ہی میں پیپسی کو انڈیا کے صدرنشین کے عہدہ کا جائزہ حاصل کیا ہے ملک کی سافٹ ڈرنک مارکٹ میں کمپنی کی حصہ داری سے متعلق اعداد و شمار کا انکشاف کرنے سے انکار کردیا۔

PepsiCo plans largest India plant in Andhra Pradesh

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں