بنگلہ دیش انتخابات - 50 فیصد امیدواروں کی بلا مقابلہ کامیابی کا امکان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-12-16

بنگلہ دیش انتخابات - 50 فیصد امیدواروں کی بلا مقابلہ کامیابی کا امکان

ڈھاکہ
(پی ٹی آئی )
بنگلہ دیش پارلیمنٹ کی 300نشستوں میں سے 150امیدوار بلا مقابلہ کامیاب ہوجائیں گے ۔ الیکشن کمیشن ترجمان نے یہ اطلاع دیتے ہوئے مزید بتایا کہ اہم ترین اپوزیشن جماعت بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی ) 5جنوری کو منعقد ہونے والے انتخابات کا بائیکاٹ کرے گی ۔ فی الحال بلا مقابلہ کامیاب ہونے والے امیدوار وں کی تعداد 151ہے تاہم اس میں اضافہ کا امکان بھی موجود ہے کیونکہ بعض علاقوں کے ریٹرننگ آفیسروں نے تازہ ترین صورتحال سے ہنوز آگاہ نہیں کیا ہے ۔ انھوں نے بتایا کہ ملک کی تاریخ میں یہ پہلا اور ریکارڈ الیکشن ہوگا جس میں 50 فیصد سے زائد امیدوار بلامقابلہ کامیاب ہوں گے ۔ 1996ء کے متنازعہ انتخابات میں بھی بلا مقابلہ کامیاب ہونے والوں کی مجموعی تعداد صرف 49تھی ۔ اسی وقت ان دنوں کی اپوزیشن جماعت عوامی لیگ نے پارلیمانی انتخابات کا بائیکاٹ کیا تھا ۔ ماباقی 149نشستوں کے امیدواروں کی تعداد بھی نہایت کم ہے ۔ الیکشن کمشنر ابوحافظ نے بتایا کہ تاہم موجودہ صورت حال سے قانونی پیچیدگیاں پیدا ہونے کا کوئی اندیشہ نہیں اور انتخابات کے انعقاد میں کائی دشواری بھی پیدانہیں ہوگی ۔ دریں اثناء بی این پی کی پالیسی سازاسٹینڈنگ کمیٹی کے رکن کھونڈ یکار مشرف حسین نے بتایا کہ عوامی لیگ کے ساتھ بات چیت جاری ہے ۔ ہم نے اپنے مسائل ومطالبات ان کے سامنے پیش کردئے ہیں اور انھوں نے بھی ایسی ہی ایک فہرست ہمارے حوالہ کردی ہے ۔ عوامی لیگ کے جنرل سکریٹری محبوب العالم حنیف نے بھی یہی بات بتائی ۔ تاہم دنوں ہی فریقین نے سیاسی تعطل کے خاتمہ سے متعلق تفصیلات بتانے سے گریز کیا ۔ ذرائع نے بتایا کہ انتخابات سے متعلق وسیع تر مسائل پر بات چیت ہورہی ہے ۔ 5جنوری کے انتخابات کا انعقاد آئینی عمل کے تسلسل کے ساتھ جاری رہنے کے لئے ہونا چاہئے اور اگر ضرورت پڑی تو بی این پی کے بغیر بھی انتخابات ہوں گے ۔ شیخ حسینہ نے کل ہی یہ واضح کردیا تھا کہ بی این پی کے لئے الیکشن ٹرین نکل چکی ہے کیونکہ پرچہ نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ گذرچکی ہے ۔
Bangladesh election - 50 percent of unopposed candidates likely to succeed

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں