آندھرا پردیش ریاستی حکومت کو بہترین کارکردگی کا اعزاز - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-12-21

آندھرا پردیش ریاستی حکومت کو بہترین کارکردگی کا اعزاز

چیف منسٹر این کرن کمار ریڈی نے آج نئی دہلی میں انڈیا ٹوڈے کی جانب سے منعقدہ ایک باوقار تقریب میں آندھراپردیش کیلئے حکمرانی کے معامہ میں بہترین کارکردگی دکھانے والی ریاست کا ایوارڈ حاصل کیا۔ انڈیا ٹو ڈے کی اسٹیٹ آف دی اسٹیٹس تقریب میں چیف منسٹر این کرن کمار ریڈی نے مرکزی وزیر دیہی ترقیات جئے رام رمیش کے ہاتھوں یہ ایوارڈ حاصل کیا۔ ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر این کرن کمار ریڈی نے کہاکہ حکمرانی کے معاملہ میں ہم سب سے بہترین بن کر سامنے آئے ہیں کیونکہ یہ ایوارڈ ہماری کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ تین سال قبل جب میں نے چیف منسٹر کا عہدہ کا جائزہ لیا تو میری سب سے پہلی ترجیح نظم و ضبط کی برقراری تھی۔ انہوں نے کہاکہ میں نے معمول کے حالات بحال رکھنے اور امن کی برقراری کیلئے کافی سخت موقف اختیار کیا۔ ہمارے سر پر 9 ہزار کروڑ روپئے کا قرض بھی تھا۔ ہمیں اس بات کو یقینی بنانا تھا کہ مالیاتی انتظام کے حالات بہتر بنائے جائیں۔ ہمیں ان اقدامات سے کسانوں اور 1.45 کروڑ خواتین کو بلاسودی قرض کی فراہمی میں مدد ملی۔ خواتین اور کسانوں کو 16ہزار کروڑ روپہئے قرض جاری کئے گئے جو ملک بھر میں خواتین گروپس کو جاری کئے جانے والے قرض کی رقم کے نصف سے زیادہ ہے۔ انہوں نے بتایاکہ قرض حاصل کرنے کے بعد ہمارے خواتین گروپس اپنی آمدنی میں اضافہ کرنے لگتے ہیں۔ ہم اس بات کو یقینی بناتے ہیں کہ تمام استفادہ کنندگان کو فلاحی اسکیموں سے مسلسل فائدہ پہنچتا رہے۔ یہ سب کچھ اسی لئے ممکن ہوسکا کیونکہ ہمارے پاس پابند عہد عہدیداروں کی ٹیم ہے۔ یہ ایوارڈ 2011-12 اور 2012-13 کے مختلف اعداد و شمار کا جائزہ لینے کے بعد عطا کیا گیا۔ کرن کمار ریڈی جنہوں نے موجودہ فلاحی اسکیموں میں مزید بہتری لاتے ہوئے کئی نئی اسکیمیں متعارف کرائیں۔ آندھراپردیش کو تعلیم کے میدان میں ملک بھر کی نمبر 2 اور سرمایہ کاری کے میدان میں ملک کی چوتھی ریاست قرار دیاگیا۔ سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے معاملہ میں آندھرا پردیش جنوبی ہند میں اول نمبر پر ہے۔

Andhra Pradesh CM receives best governance award at India Today Conclave

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں