پرانے شہر کی خبریں - old city news 21 dec 2013 - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-12-21

پرانے شہر کی خبریں - old city news 21 dec 2013


hyderabad old city news - حیدرآباد پرانے شہر کی خبریں
2013-dec-21

اعتماد نیوز
فرسٹ لانسرز ، سید نگر-2 روبرو شاہین اسکول پر سالار ملت منرل واٹر پلانٹ کا افتتاح اتوار 22/ دسمبر کو 11 بجے دن بیرسٹر اسد الدین اویسی کے ہاتھوں عمل میں آئے گا۔ مہمان خصوصی قائد مجلس لیجسلیچر پارٹی اکبر الدین اویسی ، وراثت رسول خان ، مئیر گریٹر حیدرآباد محمد ماجد حسین اور مہمان اعزازی سرگرم مجلسی کارکن یاسرعرفات ہوں گے۔

سیاست نیوز
انجمن شعراء حیدرآباد دکن کے زیراہتمام تہذیبی ، ادبی و روایتی مشاعرہ دفتر روزنامہ سیاست کے محبوب حسین جگر ہال میں منعقد کیا گیا جس کی صدارت مدیر اعلیٰ سیاست زاہد علی خان نے کی اور ایس اے شکور ، ایس کے افضل الدین اور فلم ایک تھا سردار کے ہیرو محمد توفیق نے مہمانان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ حیدرآباد کے روایتی لباس شیروانی میں ملبوس ، مختلف انداز ترنم ، منفرد لب و لہجہ کے حامل حیدرآبادی تہذیب و تمدن اور روایتی تہذیب کے سفیر دو درجن کے قریب شعرا کرام نے ماضی ، حال اور مستقبل کے حالات پر اشعار ، نظم ، گیت اور غزل پیش کیں۔ مشاعرے کی کاروائی چلاتے ہوئے ریاض تنہا نے شعرا کرام کے ساتھ ساتھ سامعین کے اندر بھی اشعار سننے کے شوق و ذوق کو دوبالا کر دیا۔
فاروق شکیل ، معین الدین اشہر ، جگجیون لال استھانہ ، شاہد عدیلی ، وحید پاشا قادری ، رشید الدین رشید ، چچا پالموری ، یوسف روش ، ظفر فاروقی ، کامل حیدرآبادی ، اطیب اعجاز ، شوکت علی درد ، یوسف الدین یوسف ، مسعود جاوید ہاشمی ، قمر رضا ، ابراہیم خان ایاز ، صابر اچلپوری کے علاوہ دکن کے دیگر نامور شعرا نے اپنے کلام سے سرد ماحول کو گرما دیا۔

پریس نوٹ
تلنگانہ پنشنرس سنٹرل اسوسی ایشن نے سالانہ یوم موظفین [Pensioners day] کی تقریب اردو گھر مغلپورہ میں جوش و خروش کے ساتھ منائی جس میں وظیفہ یابوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔ صدر اسوسی ایشن غلام محمد نے صدارت کی۔ انہوں نے اپنے خصوصی خطاب میں ڈی ایس نکارہ [D. S. Nakara] کے حالات زندگی کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ ڈی ایس نکارہ مرکزی حکومت کی وزارت مالیہ اور دفاعی ڈیویژن کے باوقار عہدہ مشیر مالیہ پر فائز تھے۔ انہوں نے 1937 میں ملازمت شروع کی اور 1972 میں سبکدوش ہوئے۔ وظیفہ یابوں کے تمام مسائل کو پیش نظر رکھتے ہوئے اور ان کو فائدے دلوانے کے لیے انہوں نے حکومت ہند کے خلاف سپریم کورٹ میں 1980 میں رٹ داخل کی تھی جس پر سپریم کورٹ نے وظیفہ یابوں کے حق میں تاریخی فیصلہ صادر کیا جس کی بدولت قانون دستور ہند کے آرٹیکل 14 میں ترمیم کی گئی اور وظیفہ یابوں کو راحتیں حاصل ہونا شروع ہوئیں ، اسی لیے ہندوستان میں ہر سال پنشنرس ڈے یعنی یوم موظفین 17/ دسمبر کو منایا جاتا ہے۔
اجلاس کو سید یٰسین ، سید عبدالحمید ، نرسنگ راؤ ، کریم الدین تابش ، انجم شافعی ، اے وائی عباس ، ایم بنجامن ، سردار گرمکھ سنگھ ، محمد عثمان اور دوسروں نے بھی مخاطب کیا۔ محمد علی اقبال سکریٹری کے شکریہ کے ساتھ اجلاس اختتام کو پہنچا۔


Hyderabad news, old city news, hyderabad deccan old city news, news of old city

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں