پرانے شہر کی خبریں - old city news 12 nov 2013 - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-11-12

پرانے شہر کی خبریں - old city news 12 nov 2013


hyderabad old city news - حیدرآباد پرانے شہر کی خبریں
2013-nov-12

hyderabad-metro-rail-project
سیاست نیوز
ماہ دسمبر کے دوران حیدرآباد میٹرو ریل کی جانب سے پرانے شہر کے علاقوں میں حصول جائیداد کی مہم کو تیز کرنے کے عمل کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ حیدرآباد میٹرو ریل کے منصوبہ کے مطابق ریل گزرنے کے راستوں پر جو جائیدادیں حاصل کی جانی ہیں ، ان جائیدادوں کی نشاندہی وغیرہ کا عمل مکمل ہو چکا ہے اور ساتھ ہی ساتھ مالکین جائیداد سے مذاکرات بھی جاری ہیں۔
چادرگھاٹ علاقے میں حیدرآباد میٹرو ریل کی جانب سے جائیدادوں کے حصول کی مہم شروع ہونے کے بعد ایسا لگتا ہے کہ اب بہت جلد منڈی میر عالم ، میر چوک ، دارالشفا ، کوٹلہ عالیجاہ ، بی بی بازار چوراہا ، سلطان شاہی وغیرہ میں بھی جائیدادیں حاصل کرنے کے عمل میں سرعت پیدا کیے جانے کا امکان ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ حیدرآباد میٹرو ریل کے حکام کے علاوہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیدار اس بات کا جائزہ لے رہے ہیں کہ ٹریفک کے رخ کو موڑتے ہوئے جائیداد کے حصول کے ساتھ ساتھ تعمیری سرگرمیوں کا آغاز بھی کیسے یقینی بنایا جائے؟
باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاع کے بموجب پرانے شہر میں حیدرآباد میٹرو ریل کی تعمیری سرگرمیوں کے آغاز کے ساتھ ہی کئی اہم سڑکوں سے ٹریفک کے رخ کو دوسری سڑکوں پر موڑنا ناگزیر ہو جائے گا۔ اسی لیے حیدرآباد میٹرو ریل ، ٹریفک پولیس اور مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیدار جائیدادوں کے حصول کے ساتھ ساتھ تعمیری سرگرمیوں کے آغاز کے امکانات کا جائزہ لینے میں مصروف ہیں۔ لیکن بلدی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ جائیدادوں کے حصول کے بعد ہی تعمیری کام کو یقینی بنایا جا سکتا ہے جبکہ ٹریفک پولیس کی یہ خواہش ہے کہ جائیدادوں کے حصول اور تعمیری سرگرمیوں کو یکساں طور پر انجام دیا جائے تاکہ لمبے عرصے تک ٹریفک کے رخ کی تبدیلی کے سبب ہونے والی مشکلات برقرار نہ رہیں۔
حیدرآباد میٹرو ریل کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ جائیدادوں کے حصول اور توسیع کے عمل کی تکمیل کے بعد ہی تعمیری سرگرمیاں تیزی کے ساتھ انجام دی جا سکتی ہیں۔ اگر دونوں کام یکساں طور پر شروع کیے جائیں تو عوام کو مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔
توسیعی و تعمیری کاموں کے یکساں آغاز کے متعلق دونوں محکموں بلدیہ اور حیدرآباد میٹرو ریل کا استدلال ہے کہ ایسا کیے جانے پر عوام میں بےچینی کی کیفیت پیدا ہوگی۔ اسی لیے اندرون دو یا تین ماہ جائیدادوں کے حصول کے عمل کو مکمل کرتے ہوئے 2014 کے اوائل میں تعمیری کاموں کا آغاز کیا جانا چاہیے۔ ان احساسات کا اظہار کرنے والے عہدیداروں کا ماننا ہے کہ پرانے شہر کی تیز رفتار ترقی میں میٹرو ریل اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ اسی لیے انہیں اس بات کا یقین ہے کہ عوام حیدرآباد میٹرو ریل کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے۔

دوردرشن سپتاگری کی جانب سے "انجمن" پروگرام میں منگل 12/ نومبر کو شام 6 بجے ایک پروگرام پیش کیا جا رہا ہے ، جس میں اردو جاسوسی ناولوں کے قلمکار "ابن صفی" کے کارنامہ اور سوانح حیات پر ان کے ساتھی مجاور حسین رضوی روشنی ڈالیں گے۔ یہ پروگرام دوبارہ اتوار 17/ نومبر کو ڈھائی بجے دن پیش کیا جائے گا۔


Hyderabad news, old city news, hyderabad deccan old city news, news of old city

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں