بی جے پی کی بنگلور ریلی کے پوسٹرس میں اڈوانی کے بجائے یدی یورپا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-11-17

بی جے پی کی بنگلور ریلی کے پوسٹرس میں اڈوانی کے بجائے یدی یورپا

بنگلور
( یو این آئی)
بنگلور میں کل منعقد شدنی ریالی کے لیے آویزاں کئے گئے پوسٹرس میں سابق نائب وزیر اعظم اور سینئر بی جے پی قائد ایل کے اڈوانی کی تصویر کی غیر موجودگی نمایاں طور پر احساس دلا رہی ہے اور حیرت کا عنصر یہ ہے کہ سابق چیف منسٹر بی ایس یدی یورپا کی تصویر بی جے پی کے وزیر اعظم کے امیدوار نریندر مودی کی پیالس گراؤنڈ پر ریالی کے خیر مقدمی پوسٹر میں نمایاں دیکھی جارہی ہے۔ بی جے پی کے سینئر قائد اڈوانی کو نظر انداز کرنے کا اظہار کرنے کے علاوہ پوسٹر کے تعلق سے یہ سوالات اٹھ رہے ہیں کہ آیا یدی یورپا جنہوں نے پارٹی سے علحدگی اختیار کر لی تھی اور علاقائی جماعت کرناٹک جنتا پکشا قائم کی تھی، بی جے پی میں شامل ہوگئے ہیں۔ پچھلے دو مہینوں سے یدی یورپا کے بی جے پی میں دوبارہ شامل ہونے کے بارے میں باتیں سیاسی حلقوں میں چل رہی تھیں۔ مگر بیشتر مرتبہ پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے اس بات کو دہرایا کہ وہ اپنی پارٹی کو بی جے پی کے ساتھ ضم نہیں کریں گے۔ تاہم وہ این ڈی اے میں شامل ہوگئے اور وزیر اعظم امیدوار مودی کی امید واری کی حمایت کی۔ ریالی کے منتظمین نے پوسٹر کے بالائی حصہ میں سابق وزیر اعظم اور بی جے پی کے سب سے سینئر قائد اٹل بہاری واجپائی کی تصویر شائع کی ہے۔ مقامی قائدین کے فوٹوں کو بھی پوسٹڑس میں شامل کیا گیا ہے۔ بی جے پی کے ریاستی یونٹ کے صدر اور رکن لوک سبھا پرہلاد جوشی نے کل پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ مودی کی ریالی کرناٹک کی سیاست میں رجحان ساز ثابت ہوگی اور ریاست میں پارٹی کا احیاء یقینی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے مختلف مقامات سے غیر معمولی طور پر بی جے پی کے تعلق سے جذباتی لگاؤ دیکھا جارہا ہے۔ یدی یورپا کے پارٹی سے علحدہ ہونے سے بی جے پی کرناٹک میں 2008کے اسمبلی انتخابات میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے اقتدار حاصل کیا تھا۔ اس وقت جنتا دل ایس قائد ایچ ڈی کمار سوامی نے 20X20مفاہمتی معاہدہ کے تحت اقتدار حوالہ کرنے سے انکار کردیا تھا اور کانگریس میں قیادت کی کمی بھی تھی۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں