حجاج کرام کی سہولت کے لیے پہلی بار ٹرین سروس اور 58 زمین دوز راستے - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-10-14

حجاج کرام کی سہولت کے لیے پہلی بار ٹرین سروس اور 58 زمین دوز راستے

سعودی عرب میں حجاج کرام کی نقل و حرکت اور مقدس مقامات تک لے جانے کے لیے پہلی بار "مشعائر ٹرین"سرویس کا ہفتہ سے باقاعدہ آغاز کردیا گیا ہے۔ یہ ریلوے لائن مکہ معظمہ کو مقدس مقامات مزدلفہ ، منی اور عرفات کے 9اسٹیشنوں سے باہم مربوط کر رہی ہے اور اس سروس سے حجاج کو بروقت مقدس مقامات تک پہنچانے اور مناسک کی ادائی میں مدد ملے گی۔ ذرائع کے مطابق "مشعائر ٹرین"سروس کی ایک خاص بات یہ ہے کہ یہ میٹرو بس کی طرح سواریوں کو مختلف اسٹیشنوں سے اتارنے اور نئی سواریاں بٹھانے کی سہولت فراہم کررہی ہے۔ سعودی عرب کی حکومت نے حجاج و معتمرین کرام کی مقدس مقامات تک بر وقت رسائی کیلئے جہاں کشادہ سڑکیں اور ٹرین سروس کا آغاز کیا ہے وہیں ایک قدم آگے بڑھ کر اس سہولت کو مزید بہتر کرتے ہوئے زمین دوز راستے بھی تیاری کئے گئے ہیں۔ مکہ مکرمہ سکریٹریٹ کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتا یا گیا ہے کہ رواں موسم حج میں حجاج کرام کی نقل و حرکت اور ان کی مقدس مقامات تک رسائی کے لیے 58زمین دوز راستوں ( سرنگوں ) کو بھی استعمال کیا جائے گا۔ مکہ سیکر یٹریٹ کی جانب سے ان سرنگوں سے حجاج کی محفوظ منتقلی کو یقینی بنانے اور تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے ایک تکنیکی کمیٹی تشکیل دی تھی۔ جس نے اس امر کی تصدیق کردی ہے کہ یہ سرنگیں بھی حجاج کرام کی مقدس مقامات تک منتقلی کے لیے محفوظ راستہ ہیں۔ العربیہ کے مطابق مکہ مکرمہ میں تعمیراتی منصوبوں کی نگرانی پر مامور سیکریٹری جنرل انجینئر خالد بن محمد الصبیح نے بتا یا کہ اس وقت کم سے کم 58سرنگیں تیار ہیں جہاں سے حجاج کرام کی مقدس مقامات تک منتقلی میں مدد لی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ زیر زمین راستوں سے سڑکوں اور ٹرین سروس پر حجاج کرام کا دباؤ کم کرنے میں خاطر خواہ مدد ملے گی۔ سعودی عہدیدار کا کہنا تھا کہ ان سرنگوں کا حجاج کرام کی قیام گاہوں اور عبادت کے لیے مخصوص مقامات سے مربوط کیا گیا ہے۔ حجاج کرام اپنی مرضی کے مطابق اس سہولت سے فائدہ اٹھا کر کم وقت میں اپنی منزل تک پہنچ سکیں گے۔ الصبیح نے بتایا کہ مکہ معظمہ میں مجموعی طور پر 58سرنگیں بنائی گئی ہیں۔ ان میں سے 12پیدل چلنے والوں کے لیے مخصوص ہیں جن کی مجموعی لمبائی 35کلو میٹر ہے ۔ ان سرنگوں میں مجموعی طور پر 32کنٹرول روم بنائے گئے ہیں۔

pilgrims to Mina using 58 tunnels under Mecca's mountains

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں