عید الاضحی اور نو راتری کے مد نظر ممبئی میں سخت حفاظتی انتظامات - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-10-13

عید الاضحی اور نو راتری کے مد نظر ممبئی میں سخت حفاظتی انتظامات

تہواروں کے موسم کا آغاز ہوگیا ہے اور امسال بھی ہندو اور مسلم تہواروں کے ایک ساتھ آنے سے سیکورٹی کا معاملہ درپیش ہے، اسی طرح عیدالضحی اور نو راتری کے مد نظر شمالی مشرقی مضافات کے تمام علاقوں میں پولیس کا سخت حفاظتی انتظامات کردیا گیا ہے تاکہ کوئی نا خوشگوار واقعہ پیش نہ آئے۔ اس کیلئے ایسٹ ریجن کے ایڈیشنل پولیس کمشنر قیصر خالد نے ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے بھیڑ بھاڑ والے مقامات پر بم دھماکوں یا دہشت گردانہ حملوں کے امکان اور کسی طرح کے فرقہ وارانہ تشدد کی وارداتیں نہ ہو اس کے لیے سیکور ٹی میں اضافہ کردیا ہے۔ قیصر خالد نے ڈپٹی پولیس کمشنر ( زون سکس) لکھمی گوتم اور ڈپٹی پولیس کمشنر ( زون سات) مہیش گھوڑے اور ایسٹ ریجن کی حد کے تمام اے سی پی اور پولیس اسٹیشنوں کے سینئر پولیس انسپکٹروں کی میٹنگ طلب کی اور حفاظت کے پیش نظر شمالی مشرقی مضافات کے تمام حساو و انتہائی حساس علاقوں میں زیادہ پولیس تعینات کرنے کی ہدایت دی۔ نو راتری کے منڈلوں اور قربانی کے جانوروں کی خرید فروخت کے بازار کے اطراف سخت حفاظتی انتظامات کردیے گئے ہیں اور حساس و انتہائی حساس علاقوں میں پولیس کی کڑی نظر رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ قیصر خالد نے والدین کو ان کے بچوں پر نظر رکھنے ، نوجوانوں کو پولیس سے تعاون کرنے اور مشتبہ شخص اور سمان دیکھنے پر پولیس کو اطلاع کرنے کی اپیل کی ہے اور یقین دہانی کرائی ہے کہ دہشت گرد اپنے منصوبے میں کامیاب نہیں ہونگے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیس اور عوام کے درمیاں رابطہ ہونے پر دہشت گرد اپنے منصوبے میں ناکام ہوگا۔ عید الضحی کے موقع پر دیونا ر مذبح میں پولیس کا سخت سیکور یٹی انتظام کیا گیا ے اور چورا چکے اور پاکٹ ماروں پر بھی نظر رکھی جارہی ہے، جس سے قربانی کے جانور خریدنے والوں کو تکلیف نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ جگہ جگہ سادے لباس میں پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے، جس سے افراتفری کا ماحول پیدا نہ ہو۔ انہوں نے ٹریفک پولیس کو بھی الرٹ رہنے کی ہدایت دی ہے۔ واضح ہوکہ پولیس نے حفظ ما تقدم کچھ گرفتاریاں بھی کی جاچکی ہیں۔ انہوں نے مزید بتا یا کہ نو راتری کے موقع پر چھیڑ چھاڑ کے واقعے پر سخت کارروائی ہوگی اور شر پسندوں کو شرارت کا کوئی موقع نہیں دیا جائے گا۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں