نئی پیاز کی ممبئی میں آمد کے باوجود قیمتیں ہنوز آسمان پر - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-10-13

نئی پیاز کی ممبئی میں آمد کے باوجود قیمتیں ہنوز آسمان پر

نئی پیاز کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے اس کے باوجود قیمتیں ہنوز آسمان پر ہیں۔ نئی پیاز کی آمد اور اس کے سبب قیمتوں میں کمی کا دعوی واشی ہول سیل مارکیٹ کے تاجروں نے کیا ہے لیکن ریٹیل بیوپاری اب بھی ۶۰ روپے کلو کے حساب سے ہی پیاز فروخت کر رہے ہیں۔ اس بناء پر مہنگائی کی مار جھیلنے والے عوام کو راحت نہیں مل رہی ہے۔ دوسری جانب عید الاضحی میں با لخصوس مسلم گھرانوں میں پیاز کا استعمال کیا جاتا ہے جس کی وجہ سے ان کی جیب پر مزید بار پڑے گا۔جولائی کے اخیر سے ہی یعنی جس وقت سے پیاز کی قیمتوں نے لوگوں کو رلانا شروع کیا تھا اس وقت سے ہول سیل تاجروں اور حکومت کی جانب سے عوام کو تسلی دی جارہی تھی کہ حکومت ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرے گی اور تاجروں کا کہنا تھا کہ نئی پیاز کی آمد کے بعد قیمتوں میں کمی واقع ہوجائے گی لیکن ایسا نہیں ہوا اور حیران کن بات یہ ہے کہ اب جبکہ یومیہ ۲۵تا ۳۰ ٹرک نئی پیاز کے لائے جارہے ہیں ریٹیلر ۶۰ روپے کلو کے حساب سے ہی پیاز فروخت کر رہے ہیں۔ واشی اے پی ایم سی مارکیٹ میں پیاز اور آلو کے ہول سیلر اور تاجر وں کی اسوسی ایشن کے رکن اشوک والنج سے رابطہ قائم کرنے پر انہوں نے کہا کہ "پیاز کی قیمتیں کم ہوگئی ہیں اور ایک ہفتہ قبل سے نئی پیاز کی آمد شروع ہوگئی ہے۔ روزانہ پیاز کے تقریبا ۸۰ٹرک لائے جارہے ہیں جن میں سنگمنیر اور احمد آباد کے علاوہ بنگلور سے نئی پیاز کے ۲۰ تا ۲۵ ٹرک لائے جارہے ہیں۔ نئی پیاز کی ہول سیل قیمت ۲۵ تا ۳۰ روپے فی کلو ہے جبکی پرانی پیاز کی قیمت میں بھی کمی واقع ہوئی ہے اور اس کا دام ۴۲ تا ۴۵ روپے فی کلو ہوگیا ہے"۔ان سے یہ پوچھنے پر کی آپ کے مطابق نئی پیاز کی آمد کے عبد سے قیمتوں میں کمی آگئی ہے لیکن رٹیلر پرانے حساب سے ہی پیاز فروخت کر رہے ہیں تو انہوں نے کہا کہ ہول سیل مارکیٹ میں اس وقت جو دام ہے اسے میں بتا یا ہے اب ریٹلر فی کلو کتنا کمارہے ہیں اس تعلق سے میں کچھ نہیں کہہ سکتا ۔ان سے پوچھنے پر کہ کیا قیمتوں میں مزید کمی ہوگی تو انہوں نے کہا کہ نہیں ابھی اس کا امکان نہیں ہے البتہ جب نئی پیاز کی مزید کھیپ کی آمد شروع ہوگی اس وقت قیمتوں میں کمی کی امیدکی جاسکتی ہے۔ جولائی اور اگست سے ہی جب پیاز کی آسمان چھورہی قیمتیں موضوع بحث بنی تھیں تو ریاستی حکومت کی جانب سے سرکاری سطح پر پیاز فروخت کرنے اور ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا اعلان کیا گیا تھا ،لیکن اس کا کوئی اثر نظر نہیں آیا اور ایسا لگتا ہے کہ یہ اعلان آنے والے الیکشن کی نذر ہوگیا۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں