رام مندر کی دوبارہ تعمیر سے متعلق مکتوب پر تنازعہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-10-13

رام مندر کی دوبارہ تعمیر سے متعلق مکتوب پر تنازعہ

اتر پردیش کے معتمد داخلہ کے ایک مکتوب پر آج تنازعہ پھوٹ پڑا۔ اس مکتوب کے ذریعہ "سومناتھ مندر کے خطوط پر ایودھیا میں رام مندر کی دوبارہ تعمیر "پر غور کے لئے ایک اجلاس طلب کیا گیا ہے۔ ریاست کی سماج وادی پارٹی حکومت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے مکتوب کی "طباعت کی ایک غلطی "کو مانا ہے اور خاطی کے خلاف کارروائی کا عہد کیا ہے۔ پرنسپل سکریٹری ( داخلہ ) آر ایم سریواستو نے آج "غلطی"کے لئے معافی مانگی ہے اور کہا کہ وہ بعض "جونیئر سطح"کے عہدیداروں کی ذمہ داری کو اپنے سر لیتے ہیں۔ سریواستو نے یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ "اجلاس کی طلبی کے لئے گزشتہ 9اکتوبر کو محکمہ داخلہ کے جاری کردہ مکتوب میں غلطیا ں ہیں۔ ( آئندہ)18اکتوبر کو وی ایچ پی کے زیر اہتمام 'سنکلپ دیوس'کے تعلق سے انٹلیجنس مواد کے حصوں کو منظر عام پر نہیں لایا جانا چاہئے تھا۔مکتوب میں اس مواد کا تذکرہ آیا ہے ۔ اس مکتوب میں استعمال کردہ زبان ، صحیح نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ اس معاملہ کی تحقیقات کرائی جائیں گی اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔اسی دوران معتمد داخلہ سرویش کمار مشرانے جنہوں نے مکتوب جاری کیا تھا، پریس کانفرنس کے دوران سوالات کے جوابات نہ دینے کو ترجیح دی ۔ سریواستو نے زور دے کر کہا کہ غلطی کو حکومت کے پالیسی فیصلہ پر محمول نہیں کیا جانا چاہئے۔ ان کے محکمہ میں ضرور بعض غلطیاں ہوتی ہیں کیونکہ عہدیداروں کو ہفتہ بھر کام کرنا پڑتا ہے۔ سریواستو نے کہا کہ اس مسئلہ کو عہدیدار مجاز کے علم میں لاد یا گیا ہے اور متعلقہ وزیر ( چیف منسٹر اکھلیش یادو جو وزرات داخلہ کا قلمدان بھی رکھتے ہیں) اس مسئلہ سے ضرور واقف ہوں گے۔ مشرا نے یہ مکتوب لکھتے ہوئے ڈی جی پی او ر دیگر سینئر عہدیداروں سے خواہش کی تھی کہ وہ سومناتھ مندر کی دوبارہ تعمیر کے خطوط پر رام جنم بھومی پر مندر کی دوبارہ تعمیر کے لئے مرکزکے پارلیمانی قانون کے بار میں غور و بحث کے لئے آئندہ سال 14اکتوبر کو منعقد ہونے والے اجلاس میں شرکت کریں۔ یہ مکتوب ڈی جی پی ، ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل ( لاء اینڈ آر ڈر) ، ایڈیشنل ڈائرکٹر ( انٹلیجنس) انسپکٹر جنرل ( لا ء اینڈ آرڈر) انسپکٹر جنرل ( ریلویز ) لکھنو ، انسپکٹر جنرل ( لکھنو) انسپکٹر جنرل ( فیض آباد ) اور ضلع مجسٹریٹ و ایس ایس پی فیض آبادکو بھیجا گیا تھا۔ سریواستو نے بتا یا کہ زیر نظر مکتوب میں ایک اور غلطی ہے اور وہ یہ ہے کہ اس مکتوب میں کہا گیا ہے کہ فیض آباد۔ ایودھیا کے ضلع سطح کے عہدیداروں کا اجلاس دارالحکومت لکھنو میں طلب کیا گیا ہے جبکہ یہ اجلاس ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ ہونے والا ہے کیونکہ ایک ایسے دن جبکہ مورتیوں کا وسر جن ہونے والا ہے ، ان ضلع عہدیداروں سے اپنے ہیڈ کوارٹر چھوڑنے کی توقع نہیں کی جاسکتی ۔ ابتدا موصولہ اطلاعات میں حکومت نے وضاحت کی کہ ، آئندہ پیر کو محکمہ داخلہ کی جانب سے منعقد کیا جانے والا اجلاس وی ایچ پی کی جانب سے طلب کئے جانے والے سنکلپ دیوس کی صورتحال سے نمٹنے کے بارے میں تھا۔ غلطی سے اس میٹنگ کے موضوع کی طباعت میں سہو ہوگئی، جس کو بعد میں درست کر لیا گیا۔بی جے پی نے اس مکتوب پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یہ مکتوب "کانگریس ۔ ایس پی۔ بی ایس پی سیکو لر سنڈیکیٹ"کی سازش ہے اور اس سے 2014میں ہونے والے عام انتخابات میں "ایسی قوتوں کو کوئی مدد نہیں ملے گی"بی جے پی کے قومی نائب صدر مختار عباس نقوی نے کانپور میں بتا یا کہ مکتوب سیکولر سنڈیکیٹ سازش ہے۔ آئندہ لوک سبھا انتخابات میں ایسی قوتوں کے صفائے کو ٹالنے میں سازش سے کوئی مدد نہیں ملے گی۔

UP official's letter on rebuilding Ram temple at Ayodhya creates flutter

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں