لالو پرساد یادو - کیا ایک سچے سیکولر رہنما کی سیاسی موت ہو گئی؟ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-10-06

لالو پرساد یادو - کیا ایک سچے سیکولر رہنما کی سیاسی موت ہو گئی؟

Laloo-Prasad-Yadav
سیاست کے کھیل بڑے ہی نرالے ہیں،یہاں کب کیاہوجائے کوئی نہیں جانتا،عروج وزوال کاکھیل ہمیشہ چلتارہتاہے،کسی کوزیروسے ہیروبننے میں دیرنہیں لگتی توہیروکوزیرو ہوتے ہوئے بھی اتناہی کم وقت لگتاہے۔ہرشخص اپنے مدمقابل کوزیرکرنے کی تدبیروں میں لگارہتاہے،سیاسی گلیاروں کی ایک کہاوت بہت مشہورہے کہ یہاں کوئی کسی کاہمہ وقتی دوست یادشمن نہیں ہوتاہے،وقت اورحالات کے اعتبارسے وفاداریاں ہمیشہ بدلتی رہتی ہیں۔حالیہ دنوں میں ہوئے سیاسی اتھل پتھل کواسی نظریے سے دیکھاجاسکتاہے،جس میں ہندستان ہی نہیں بلکہ بین الاقوامی شہرت کے حامل ایک سیکولرلیڈرکوقانون کے شکنجہ میں کچھ اس طرح کساگیاہے کہ اب وہ شایدہی اس شکنجہ سے باہرآسکیں،اتناہی نہیں سیاسی تجزیہ نگاروں نے تواسے سیاسی موت سے تعبیرکیاہے۔اوراس تجزیہ میں بہت حدتک سچائی بھی ہے۔اس شخصیت اورسیاسی رہنماکودنیاکابچہ بچہ لالوپرشادیادوکے نام سے جانتاہے۔
گذشتہ 3/اکتوبرکوسی بی آئی کی خصوصی عدالت نے 17/سال پرانے چارہ گھوٹالہ کیس میں لالوپرشادیادوکو5/سال کی جیل اور25/لاکھ روپے جرمانہ کی سزاسنائی ہے۔اس کے ساتھ ہی لالوپرسادیادوکی سپریم کورٹ کے نئے قانون کے مطابق پارلیمنٹ کی رکنیت بھی ختم ہوجائے گی اورآئندہ گیارہ سالوں تک وہ انتخاب بھی نہیں لڑسکیں گے،جس کا صاف مطلب یہ ہے کہ 66/سالہ لالوپرشادیادوکاسیاسی کیریرختم ہوجائے گایایوں کہہ لیں کہ ختم ہوگیا۔سی بی آئی عدالت کایہ فیصلہ ہندستان کی سیاسی تاریخ میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتاہے،لالویادوکی سزاکوسیاست سے گندگی اوربدعنوانی کوختم کرنے کی ایک اچھی شروعات کانام دیاجاسکتاہے لیکن اس سے بھی تلخ حقیقت یہ ہے کہ لالوکے خلاف یہ فیصلہ ایک ایسے وقت میںآیاہے جب کہ لالواپنی سیاسی ساکھ کوبحال کرنے کی پرزورکوشش کررہے تھے ،اس کے علاوہ ایک تلخ حقیقت اوربھی ہے کہ قطع نظربدعنوانی اوربہارکی پسماندگی کے لالویادوہی اس وقت ہندستانی سیاست میں ایک ایسے رہنماتھے جوصحیح معنوں میں سیکولرزم کے علمبردارتھے،اوران کے سیاسی کیریرکی پوری تاریخ گواہ ہے کہ انہوں نے اپنے سیاسی مفادات کے لیے کبھی بھی سیکولرزم سے سمجھوتہ نہیں کیا،یہ ان کاایک ایساوصف ہے جوہندستانی سیاست میں ان کودیگرتمام سیاسی رہنماؤں سے ممتازکرتاہے۔کوئی بھی سیاسی رہنما بدعنوانی سے پاک نہیں ہے،اگرفیصدنکالاجائے توایک فیصدنکلنابھی مشکل ہوجائے گا،توایسے میں لالوپرشادیادوکی بدعنوانی کوئی انوکھی یامافوق الفطرت بات نہیں ہے،البتہ ان کے خلاف ہونے والایہ فیصلہ ضرورمافوق الفطرت ہے،جسے ایک طرح سے اگرایک سچے سیکولر رہنماکے سیاسی کیریرکوختم کرنے کی سازش سے تعبیرکیا جائے توکسی حدتک بے جا نہیں ہوگا؟؟؟جب تک رہے گاسموسے میںآلو،بہارمیں رہے گالالو،لیکن افسوس کی بات یہ ہے کہ سموسے میںآلوتوہے لیکن بہارسے لالوجی کاخاتمہ ہوچکاہے،اوراس کے ساتھ ہی ان کایہ ڈائیلاگ بھی لوگوں کے لیے اجنبی بن چکاہے۔
لالوپرشادیادوبہارکے گوپال گنج ضلع کے پھلوریاگاؤں میں11/جون1948ء کوایک غریب گھرانے میں پیداہوئے،پٹنہ یونیورسٹی کے بی این کالج سے ایل ایل بی کی ڈگری حاصل کی اورساتھ ہی پولٹیکل سائنس میں ماسٹرکی ڈگری لی۔لالوپرشادیادو ایک اسٹوڈنٹس یونین لیڈرکی حیثیت سے سیاست میں داخل ہوئے اور1970ء میں پٹنہ یونیورسٹی اسٹوڈنٹس یونین کے جنرل سکریٹری منتخب ہوئے۔وہ زمانہ بہارکی سیاست کے مشہورلیڈراورایمرجنسی کے زمانہ میں اندراگاندھی کی مخالفت میں صف اول کے رہنمالوک نائک جئے پرکاش نارائن کا تھا،لالویادونے اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے جئے پرکاش نارائن کواپناسیاسی گروبنالیااور ان کی رہنمائی میں سیاست کی سیڑھیاں چڑھنی شروع کیں،اتناہی نہیں انہوں نے انہوں نے جئے پرکاش نارائن کے علاوہ کرپوری ٹھاکر،راج نارائن اورستیندرسنہاسے بھی سیاست کی باریکیاں سیکھیں۔1977ء میں صرف 29/سال کی عمر میں چھٹے لوک سبھاکے ممبرمنتخب ہوئے جس میں ستیندرنارائن سنہاکی بھرپورحمایت حاصل تھی،یہ انتخاب انہوں نے جنتاپارٹی کے ٹکٹ پرلڑاتھااورکامیاب ہوکرکم عمرایم پی ہونے کا ریکارڈ بھی اپنے نام کیا۔1989ء کے بھاگلپورفسادکے بعدجب مسلم ووٹ بینک کانگریس سے دورہورہاتھاتواس وقت لالونے عام انتخابات اورریاستی اسمبلی کے انتخابات میں نیشنل فرنٹ کی قیادت کی اوراسے جیت دلائی ،پھر1990ء میں اپنی ہی پارٹی کے وزیراعلیٰ رام سندرداس کوپیچھے چھوڑتے ہوئے بہارکے وزیراعلیٰ بنے جوکہ بہارہی نہیں بلکہ ہندستان کی سیاست کے لیے بھی حیرت کی بات تھی کہ ایک غیراعلیٰ ذات کامعمولی لیڈرتمام بڑے لیڈروں کوپچھاڑتے ہوئے اس مقام تک پہونچ گیاتھاجوبہت سارے لوگوں کے حلق سے نیچے نہیں اترا،1990ء سے 1997ء تک وزیراعلیٰ کی کرسی پربراجمان رہے،1996ء میں بی بی سی نے ایک رپورٹ شائع کی جس میں ساڑھے نوسوکروڑکے چارہ گھوٹالہ کاانکشاف کیا اورلالوپرشادیادو،سابق وزیراعلیٰ جگن ناتھ مشرسمیت کئی لوگوں کواس میں ملزم بنایاگیا،عدالت سے گرفتاری کاوارنٹ جاری ہونے کے بعد25/جولائی 1997ء کووزیراعلیٰ کے عہدے سے استعفادے کراپنی گھریلواوران پڑھ بیوی کووزارت اعلیٰ کی کرسی پربیٹھاکرخودجیل کی یاتراکے لیے نکل پڑے،اس زمانے میں لالویادوجنتادل کے سربراہ تھے،لیکن جب جنتادل کی سربراہی چھوڑنے کے لیے مجبورکیاگیاتوانہوں نے راشٹریہ جنتادل کے نام سے اپنی سیاسی جماعت کی بنیاد5/جولائی 1997ء کوڈالی۔لمکابک آف ریکارڈ کے مطابق لالو واحدشخص ہیں جنہوں نے سب سے زیادہ مدت تک کسی سیاسی جماعت کی سربراہی کی ہے۔لالوپرشادیادواوران کی بیوی رابڑی دیوی نے تقریباًپندرہ سالوں تک بہار پرحکومت کی،لالوپرشادکی سب سے بڑی غلطی یہی تھی کہ جب انہیں بہارمیں حکومت کاموقع ملاتوانہوں نے بہارکی عوام کوصرف اپنے مسخرے پن سے ہنساتے رہے،اورکبھی بھی ترقیاتی کاموں کی طرف توجہ نہیں دی،حالاں کہ بعدکے زمانے میں جب انہوں نے ریلوے کی وزارت سنبھالی اورجس طرح ایک خسارے میں چلنے والے ادارہ کومنافع کی بلندیوں تک پہونچایاجس کی وجہ سے انہیں ملک کی سب سے بڑی بزنس منیجمینٹ انسٹی ٹیوٹ آئی آئی ایم نے ریلوے کے منافع کے گرکواپنے طالب علموں کوبتلانے کے لیے اپنے یہاں مدعوکیااوراسی طرح دنیاکی سب سے بڑی یونیورسٹی ہارورڈ یونیورسٹی نے بھی انہیں اپنے طلبہ کے سامنے خطاب کاموقع دیا،آئی آئی ایم نے توان کے دور وزارت کی ترقی کو اپنے بحث وتحقیق کاموضوع بھی بنایا۔لالوپرشادیادونے 2004ء میں چھپرہ اورمدھے پورہ کی سیٹوں سے پارلیمنٹ کاالیکشن لڑااوردونوں سیٹوں پردوبڑی پارٹی کے دوسینئر لیڈروں کوشکست دے کردونوں سیٹوں پرقبضہ جمایااورمرکزکی یوپی اے حکومت میں ریلوے کی وزارت سنبھالی،جسے ڈھائی ہزارکروڑسے زیادہ منافع بخش محکمہ بنادیا۔ اگردیکھاجائے تو لالوپرشادیادوکازوال 2005ء کے ریاستی اسمبلی انتخابات کے بعدسے ہوا،جس میں جہاں ایک طرف نتیش اوربی جے پی سے محاذآرائی تھی تودوسری جانب پاسوان انہیں نقصان پہونچانے کی ہرممکن کوشش میں لگے ہوئے تھے۔حقیقت یہ ہے کہ لالوپرشادیادوکواس حالت تک پہونچانے میں سب سے بڑاکرداررام ولاس پاسوان کاہی ہے،جوکبھی کسی کے نہ ہوئے بلکہ وقت کے ساتھ ساتھ بدلتے رہے۔رام ولاس پاسوان نے 2005ء کے ریاستی انتخابات میں اپنامدعالالوکی پندرہ سالہ حکومت کوبنایاتھاجس کی بنیاد پرانہیں29/سیٹ حاصل ہوئے،اورلالوکی پارٹی کو صرف 75سیٹوں پراکتفاء کرناپڑاتھااگراس وقت پاسوان لالوسے ترقی کی شرائط پرسمجھوتہ کرتے ہوئے حکومت میں شامل ہوجاتے توشایدبہارکی سطح پرفرقہ پرستوں کوپنپنے کاموقع نہ ملتالیکن پاسوان نے اپنی ضداورہٹ دھرمی کے تحت بہارمیں صدرراج کے نفاذکاراستہ صاف کردیااورپھرجب نومبر2005ء میں انتخابات ہوئے تولالوکوتو54 /سیٹیں ہاتھ لگیں لیکن پاسوان 10/نشستوں پرہی سمٹ کررہ گئے،اوربعدکے دنوں میں وہی پاسوان لالوکے گن گان کرنے لگے جوآج تک کررہے ہیں۔ 63/سے زائدمقدمات کاسامنا کرنے والے لالونے اپنے دوروزارت میں ریلوے کے کرایوں میں کبھی اضافہ نہیں کیابلکہ دوسرے طریقوں سے ریلوے کو منافع بخش بناتے رہے حالاں کہ بعدمیں کچھ لوگوں نے ان پریہ الزام بھی لگایاکہ انہوں نے ریلوے میں کوئی ترقی نہیں کی بلکہ یہ سب صرف اعدادوشمارکاکھیل ہے جوکہ سمجھ سے بالا ترہے،یہ الزام صرف اس بنیادپرلگایاگیاکہ جس شخص نے بہارکو15/سالوں میں پسماندگی کے نچلے زینہ پرڈھکیل دیاوہ بھلاریلوے کوکیامنافع دے سکتاہے،حالاں کہ ایسانہیں ہے کیوں کہ دیر سے ہی سہی لالوجی کوبھی یہ بات سمجھ آگئی تھی کہ اب وہ زمانہ نہیں کہ لوگوں کواپنے مسخرہ پن سے بہلالیں بلکہ عوام اب جاگ چکی ہے اوروہ ترقی چاہتی ہے۔
لالوپرشادیادوصحیح معنوں میں سیکولرزم کے علمبردارتھے،انہوں نے اپنی پوری سیاسی زندگی میں بہت نشیب وفرازدیکھے،لیکن کبھی بھی انہوں نے سیکولرزم سے سمجھوتہ نہیں کیا۔اوران کی یہی وہ خاصیت تھی جس سے ملک کاایک بڑافرقہ پرست طبقہ خارکھاتاتھا،اورجوہرپل اس خواہش میں رہتاتھاکہ کس طرح لالوکونقصان پہونچایاجائے،اورلالوکوسزاسنائے جانے کے بعدسے جس طرح فرقہ پرستوں کے خیمہ میں جشن کاماحول ہے اس سے یہ بات بہت حدتک واضح ہوچکی ہے کہ اب ہندستان میں فرقہ پرستوں پربراہ راست وارکرنے والا اس وقت کوئی نہیں ہے۔یہ لالوپرشادیادوکی ہی ذات تھی جس نے ہندستان کے مشہورفرقہ پرست چہرہ اورہندستان کے مختلف صوبوں کوفرقہ پرستی کی آگ میں جھونکنے والے لال کرشن اڈوانی کی رتھ یاتراکو23/اکتوبر1990ء کوسمستی پورمیں روک دیااورانہیں گرفتارکرلیااوربہارکوفسادات کی آ گ میں جلنے سے بچالیاکہ جہاں جہاں بھی اڈوانی کاناپاک قدم پڑاوہاں بھیانک فرقہ وارانہ فسادات ہوئے ،لیکن لالونے اپنی جرأت مندی کامظاہرہ کرتے ہوئے بہارکواس سے بچالیا۔میںیہ نہیں کہتاہوں کہ لالوپرشادیادودودھ کے دھلے ہیںیاان کی سزاغلط ہے،یہ قانونی معاملہ ہے،اورعدالت نے اپناکام کیااوریقینامجرم کوقرارواقعی سزاملنی ہی چاہیے،لیکن اس کے ساتھ ہی یہ بھی قابل غورہے کہ اس حمام میں صرف ایک لالویادونہیں ہیں بلکہ بہت سارے ہیں جن پرسیکڑوں بدعنوانی کے مقدمات ہیں،اتنے نام ہیں کہ شمارکرانابھی مشکل ہے،لیکن وہ سب آزادہیں،نہ جانے کیوں کبھی کبھی اس بات پہ یقین ہوجاتاہے کہ سی بی آئی طوطے کی طرح کام کرتی ہے،ملک پرحکومت کرنے والی جماعت اپنے جس مدمقابل کوختم کرناچاہتی ہے اس کے سارے کیس کھول کررکھ دیتی ہے،اورجسے بچاناچاہتی ہے اس کے جرموں کی اس قدرپردہ پوشی کرتی ہے کہ وہ محترم ہوجاتاہے،کئی ایسے نام ہیں جنہیں اس وقت جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہوناچاہیے لیکن وہ سب آزادہیں اورحکومت کے مزے لے رہے ہیں،اورلالوپرشادیادوجوایک بارپھرسے اپنی ساکھ بحال کرناچاہ رہے تھے انہیں ہمیشہ ہمیشہ کے لیے سیاست کے میدان سے ہی باہرپھینک دیا۔ممکن ہے یہ بھی حکمراں جماعت کی 2014ء کی حکمت عملی کاایک حصہ ہوکیوں کہ لالوکے رہتے وہ نتیش کے ساتھ نہیں جاسکتی ہے اورلالوکے میدان سے نکل جانے کے بعداب اس کاراستہ صاف ہوگیاہے۔بہرحال یہ وقت راجد کے رہنماؤں کے لیے بڑاکٹھن اورآزمائش کاہے،انہیں اس وقت اپنے اتحادکامظاہرہ کرناہوگااورجس طرح لالونے ہمیشہ فرقہ پرستی کاڈٹ کرمقابلہ کیاہے اسی طرح ان کے پارٹی کے رہنماؤں کوبھی اپنی سیکولرزم کی شبیہ کو برقراررکھتے ہوئے پارٹی کوآگے بڑھاناہوگا۔اورکم ازکم بہارکی سطح سے فرقہ پرست جماعتوں کاصفایاکرنے میں راجدکے رہنماؤں کوانتہائی دوراندیشی اورحکمت عملی سے کام کرنا ہوگاتبھی اس ملک سے فرقہ پرستوں کامکمل طورسے صفایاہوسکے گا۔

***
gsqasmi99[@]gmail.com
موبائل : 00966532883253
چیف ایڈیٹر : بصیرت آن لائن ڈاٹ کام ، ریاض ، سعودی عرب
غفران ساجد

Laloo Prasad Yadav - is it the death of a true secular political leader? Article: Ghufran Sajid Qasmi

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں