بروسلز بلجیئم میں ہندوستانی ثقافتی میلے کا افتتاح بدست صدر جمہوریہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-10-04

بروسلز بلجیئم میں ہندوستانی ثقافتی میلے کا افتتاح بدست صدر جمہوریہ

Pranab-Mukherjee-inaugurates-Europalia
صدر جمہوریہ ہند پرنب مکھرجی اور بلجیم کے بادشاہ فلپ کل (4اکتوبر کو ) یہاں ایک 4ماہ طویل تہذیبی جشن کا مشترکہ طور پر افتتاح کریں گے۔ اس جشن میں جس کا نام "یورو پالیا انڈیا "ہے ہندوستان کی متنوع تہذیب اور تہذیبی ورثہ کی عکاسی کی جائے گی۔ پرنب مکر جی ، 4روزہ دورے پر یہاں پہنچے ہیں۔ کل 'کنگ فلپ 'جشن کے مقام پر پر نب مکرجی کا استقبال کریں گے جہاں دونوں قائدین روایتی شمع روشن کرتے ہوئے جشن " یورو پالیا اندیا "کا افتتاح کریں گے۔ مکرجی ، بلجیم کا دورہ کرنے والے پہلے ہندوستانی سر براہ مملکت ہیں۔ وہ اپنے 6روزہ دورہ بلجیم اور ترکی کی ، پہلی منزل کے طور پر کل یہاں پہنچے۔ کنگ فلپ نے ایک شاذو نادر قدم اٹھاتے ہوئے طیران گاہ بروسلز پہنچ کر پرنب مکرجی کا شخصی استقبال کیا۔ کل سے شروع ہونے والے تہذیبی جشن میں یوروپی سامعین و ناظرین ، ہندوستان کے مختلف فنون لطیفہ کے مظاہروں سے لطف اندوز ہونگے۔ اس جشن کے دوران 450پروگرامس ،26جنوری 2014تک جاری رہیں گے ۔ہندوستان کے فنی تنوع کے مختلف پہلوؤں کو یوروپی شائقین کے سامنے رکھا جائے گا ۔اس جشن کا اہتمام یوروپالیا انٹرنیشنل (ادارہ)نے وزارت خارجہ ،انڈین کونسل برائے تہذیبی تعلقات (آئی سی سی آر)اوراسکے شرکاء کے اشتراک سے کیا ہے۔ماضی میںیوروپالیا ادارہ نے اپنے پرو گراموں کے ذریعہ برکس ممالک بشمول برازیل ، روس، چین و نیز دیگر ممالک جیسے اٹلی اور پولینڈ کی تہذیبوں کی عکاسی کی ہے۔ صدر جمہوریہ ہند کے دورہ بلجیم کے موقع پر ایک اعلی سطح وفد بھی ان کے ساتھ ہے جن میں وزراء ، سینئر عہدیدار، تعلیمی اداروں کے نمائندے اور مشہور شخصیتیں شامل ہیں۔ کل تہذیبی جشن کے افتتاح کے موقع پر صدر آئی سی سی آر ڈاکٹر کرن سنگھ اور سابق معتمد خارجہ ہند للت مان سنگھ بھی موجود رہیں گے۔ صدر جمہوریہ کے دو ممالک کے دورہ کے دوران ساتھ رہنے والے وفد میں وید پرکاش ( صدر نشین یو نیورسٹی گرانٹس کمیشن) ، دنیش سنگھ ( وائس چانسلر دہلی یو نیورسٹی ) ، سدھیر کمار سو پوری( وائس چانسلر جواہر لال نہر و یونیورسٹی) اور رام کرشنا راما سوامی ( وائس چانسلر حیدر آباد یونیورسٹی ) شامل ہیں۔ جی کے واسن ( وزیر جہاز رانی ) اور ارکان پارلیمنٹ کا ایک گروپ بشمول پریہ دت، دیپیندر سنگھ ہودا، ظفر علی نقوی ، بشنپ چرن پریدا اور پربھاکر کورے بھی صدر جمہوریہ کے ساتھ شریک سفر ہیں۔

President Pranab Mukherjee inaugurates Europalia-India festival in Brussels

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں