چارہ اسکام کیس - راشٹریہ جنتا دل سربراہ لالو پرساد یادو کو 5 سال قید کی سزا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-10-04

چارہ اسکام کیس - راشٹریہ جنتا دل سربراہ لالو پرساد یادو کو 5 سال قید کی سزا

Lalu-Prasad-Yadav-gets-5-year-jail
خصوصی عدالت سی بی آئی نے 17سالہ قدیم چارہ اسکام کیس میں آج صدر آر جے ڈی و سابق چیف منسٹر بہار لا لو پرساد یادو کو 5سال و نیز ایک اور سابق چیف منسٹر بہار جگناتھ مشرا کو 4روز قبل ہی خاطی قرار دیا تھا۔ خصوصی عدالت سی بی آئی کے جج پرواس کمار سنگھ کی جانب سے سزا کے اعلان کے بعد لا لو پرساد یادو ، لوک سبھا کی رکنیت سے نا اہل قرار پائے ہیں اور و ہ آئندہ 11سال تک انتخابی مقابلہ میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔ 65سالہ لا لو پرساد اور دیگر خاطی، بحالت موجودہ بر سا منڈا سنٹرل جیل ( رانچی ) میں ہیں۔ عدالت نے یادو پر 25لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا ۔ گذشتہ 30ستمبر کو انہیں خاطی قرار دیئے جانے کے سبب آر جے ڈی کو ، آنے والے عام انتخابات سے قبل ایک بڑا دکھا لگا۔ مذکورہ کیس کے دیگر ملزمین بشمول 6مزید سیاستدانوں اور 4آئی اے ایس عہدیداروں کو جنہیں خاطی قرار دیا گیا ہے، مختلف المیعاد سزائیں سنائی گئیں ہیں۔ 45خاطیوں کے منجملہ 8کے خلاف سزائیں، گذشتہ 30ستمبر کو ہی سنائی گئی تھیں۔خاطیوں پر الزام تھا کہ انہوں نے 1990 کے دہے کے اوائل میں جبکہ بہار میں لالو پرساد یادو، آر جے ڈی حکومت کے سر براہ تھے۔ چائبانہ سرکاری خزانہ سے 37.7کروڑ روپے پر فریب طریقہ سے نکال لئے تھے۔ قبل ازیں آج دن میں لالو پرساد اور دیگر 36خاطیوں کی سزا کی نوعیت پر مباحث مکمل ہوئے۔ سی بی آئی نے خاطیوں کے لئے 7سال تک کی اعظم ترین سزائے قید کی مانگ کی۔ دوسری جانب لالو پرساد، جگناتھ مشرا۔ جگدیش شرما ( جنتا دل یو ، ایم پی ) آر کے رانا ( سابق رکن مقننہ) اور دیگر خاطیوں کے وکیل سریندر سنگھ نے کم تر سزا کی التجا کی۔ عدالت نے جن ملزمین کو خاطی پا یا ان میں پھولچند سنگھ ( سابق ڈیو لپمنٹ کمشنر) ، مہیش پرساد ( سابق معتمد سائنس و ٹکنالوجی )، بیک جولیس ( سابق اے ایچ ڈی سکریٹری ) ، اے چندر ا چودھری ( سابق انکم ٹیکس کمشنر ) ، گوری شنکر پر ساد،برج نندن شرما، کے ایم پرساد ( سابق کلاس۔1آفیسرس) اور دیگر عہدیدار اور سپلائرس شامل ہیں۔ جہان آباد کے موجودہ ایم پی جگدیش شرما کو بھی پارلیمنٹ کی رکنیت سے نااہلی کا سامنا ہے۔ اسی دوران آر جے ڈی ترجمان منوج جھا نے بتا یا کہ خصوصی عدالت سی بی آئی کے فیصلہ کو اعلی عدالت میں چیلنج کیا جائے گا۔ ایک اطلاع میں کہا گیا ہے کہ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ سزاؤں کا اعلان کیا گیا۔ اس وقت کوئی بھی خاطی عدالت میں نہیں تھا۔ قبل ازیں خصوصی عدالت نے 8خاطیوں کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا تھا کیونکہ انہیں 3سال کی سزائے قید سنائی گئی تھی ۔ سزا کی اس قدر میعاد پر خاطی، اسی عدالت میں درخواست ضمانت داخل کرسکتے ہیں۔ ( لالو پرساد کے وکیل نے گذشتہ 9ستمبر کو اپنی بحث شروع کی تھی اور گذشتہ 17ستمبر کو بحث مکمل کر لی تھی۔ اس سے قبل سپریم کورٹ نے مذکورہ کیس کو کسی اور عدالت کو منتقل کرنے سے متعلق لا لو پرساد کی درخواست مسترد کردی تھی) ۔ بہار میں چارہ اسکام کے بعد لا لو پرساد کو چیف منسٹر بہار کے عہدہ سے مستعفی ہونا پڑا تھا۔ اپنی شریک حیات رابڑی دیوی کو چیف منسٹڑ بنانے کے بعد لالو پرسادنے 31جولائی1997کو پٹنہ کی ایک عدالت میں خود سپردگی اختیار کی تھی۔ مقدمہ کا آغاز مارچ 2002میں رانچی میں 7خصوصی عدالتوں میں ہوا۔ لالو پرساد کے وکیل نے 29گواہوں پر جرح کی۔ موصولہ اطلاعات کے بمو جب لا لو پرساد نے برسا منڈا سنٹرل جیل میں ویڈیو کانفرنس سہولت پر حیرت کے ساتھ سزا کو سنا۔ سابق آر جے ڈی رکن مقننہ آر کے رانا کو عدالت نے 5سال کی جیل اور 30لاکھ روپئے جرمانہ کی سزا سنائی۔ عدالت نے جگناتھ مشرا اور جگدیش شرما کو سزائے قید کے علاوہ با لترتیب 2لاکھ روپے اور 5لاکھ روپے جرمانہ کی سزا دی ۔ اس کیس میں سب سے زیادہ جرمانہ دیڑھ کروڑ روپئے اس شخص پر عائد کیا گیا جس نے حکومت بہار کے محکمہ افزائش مویشیاں کو چارہ سپلائی کیا تھا۔ خصوصی عدالت سی بی آئی نے گذشتہ 30ستمبر کو تمام 45ملزمین کو خاطی قرار دیا تھا۔ ان میں سے 8کو 3سال قید سنائی گئی اور فی کس 50لاکھ روپئے تک جرمانہ عائد کیا گیا۔ آج سزاسنائے جانے کے بعد لالو پرساد یادو، اس ہفتہ ایسے دوسرے سیاستداں بن گئے ہیں جنہیں سپریم کورٹ کے فیصلہ کی روشنی میں پارلیمنٹ کی رکنیت سے محروم ہونا پڑا ہے۔

Fodder Scam: RJD Chief Lalu Prasad Yadav Gets 5-Year Jail Term

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں